ایک روزہ کرکٹ میں ہندوستان کی چھٹی کلین سوئیپ

Getty Images
Getty Images
user

سید پرویز قیصر

سری لنکا کے خلاف کھیلی گئی پانچ ایک روزہ بین الاقوامی میچوں کی سریز میں ہندوستان نے سبھی میچوں میں کامیابی حاصل کی۔یہ سری لنکا کے خلاف دوسرا اور کل ملاکرچھٹا موقع ہے جب ہندوستان نے پانچ ایک روزہ میچوں کی سریز میں سبھی میچوں میں کامیابی حاصل کی۔سری لنکا کےلئے اپنے گھر پر یہ پہلا اور کل ملاکرتیسرا موقع تھا جب اس کو پانچ ایک روزہ میچوں کی سریز میں سبھی میچوں میں ہار کا سامنا کرنا پڑا۔

وراٹ کوہلی تین مرتبہ پانچ میچوں کی سریز میں کلین سوئپ کرنے والے پہلے ہندوستانی کپتان بنے۔ مہندر سنگھ دھونی نے ایسا دو مرتبہ کیا ہے جبکہ گوتم گمبھیر نے ایک مرتبہ ہندوستان کو پانچ میچوں کی سریز میں پانچوں میچ جتائے ہیں۔

سری لنکا کے خلاف سریز کے پہلے میچ میں مہمان ٹیم نے نووکٹ سے کامیابیٖ حاصل کی تھی جبکہ دوسرا میچ تین وکٹ سے جیتا تھا۔تیسرے میچ میں ہندوستان نے چھ وکٹ سے جیت حاصل کی تھی۔چوتھا میچ ہندوستانی ٹیم نے 168 رن سے جیتا تھا جو سری لنکا کے خلاف اس کی سری لنکا میں سب سے بڑی کامیابی ہے۔سریز کا پانچواں اور آخری میچ دو مرتبہ کی عالمی چمپئن نے چھ وکٹ سے جیتا۔

ہندوستان نے پانچ میچوں کی سریز میں پہلی کلین سوئیپ مہندر سنگھ دھونی کی قیادت میں انگلینڈ کے خلاف 09-2008میں ہندوستان میں کھیلی گئی سریز میں کی تھی۔اس سریز میں انگلینڈ کے کپتان کیون پیٹر سن تھے۔ اس سریز میں سات ایک روزہ بین الاقوامی میچ ہونے تھے لیکن آخر ی دو میچ سیکورٹی کی وجہ سے منسوخ کردئے گئے تھے۔

نیوزی لینڈ کے خلاف11-2010 میں جب ہندوستان نے پانچ ایک روزہ بین الاقوامی میچون کی سریز میں سبھی میچ جیتے تھے جب گوتم گمبھیر ہندوستانی ٹیم کے کپتان تھے جبکہ نیوزی لینڈ کی قیادت راس ٹیلر نے کی تھی۔

اگلے سیزن میں انگلینڈ نے ہندوستان کا دورہ کیا تھا اور اسے پانچ میچوں کی سریز میں سبھی میچوں میں ہار ملی تھی۔ اس سریز میں ہندوستان کی قیادت مہندر سنگھ دھونی نے کی تھی جبکہ السٹیرکک انگلینڈ کے کپتان تھے۔

زمبابوے کے خلاف زمبابوے میں 2013 میں ہندوستان نے پانچ میچوں کی سریز میں سبھی میچ جیتے تھے اس سریز میں ہندوستان کے قائد وراٹ کوہلی تھے جبکہ میزبان ٹیم کی قیادت برینڈن ٹیلر نے کی تھی۔

سری لنکا نے جب 15-2014 میں ہندوستان کا دورہ کیا تھا تو اسے پانچ ایک روزہ بین الاقوامی میچوں کی سیریز میں سبھی میچوں میں ہار ملی تھی۔اس سیریز میں ہندوستان کی قیادت وراٹ کوہلی نے کی تھی جبکہ سری لنکا کے کپتان انجیلو متھیوز تھے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔