بارڈر-گواسکر ٹرافی: نتیش ریڈی کی بدولت ہندوستان کی ملبورن ٹیسٹ میں واپسی، لیکن اب بھی آسٹریلیا سے 116 رن پیچھے
خراب روشنی کے سبب جب تیسرے دن کا کھیل روکا گیا تب ہندوستان کا اسکور 9 وکٹ کے نقصان پر 358 رن تھا، نتیش کمار ریڈی 105 رن بنا کر اور محمد سراج 2 رن بنا کر ناٹ آؤٹ ہیں۔

نتیش کمار ریڈی سنچری بنانے کے بعد خوشی کا اظہار کرتے ہوئے، تصویر@BCCI
ہندوستان اور آسٹریلیا کے درمیان ملبورن میں کھیلا جا رہا باکسنگ ڈے ٹیسٹ دلچسپ مرحلہ میں داخل ہوتا ہوا دکھائی دے رہا ہے۔ بارڈر-گواسکر ٹرافی کے اس چوتھے ٹیسٹ میں آسٹریلیا نے ٹاس جیت کر پہلے بلے بازی کا فیصلہ کیا تھا۔ جمعہ کے روز دوسرے دن آسٹریلیا نے اپنی پہلی اننگ میں 474 رن بنائے تھے۔ جواب میں ہندوستان نے تیسرے دن کا کھیل ختم ہونے تک اپنی پہلی اننگ میں 9 وکٹ پر 358 رن بنا لیے ہیں، اور یہاں تک پہنچنے کا سہرا نتیش کمار ریڈی کے سر جاتا ہے جو شاندار سنچری بنا کر ناٹ آؤٹ ہیں۔
نتیش کمار ریڈی نے اپنی بہترین اننگ سے ہندوستان کو میچ میں واپسی ضرور کرائی ہے، لیکن ہندوستان اب بھی آسٹریلیا سے 116 رن پیچھے ہے۔ خراب روشنی کے سبب جب تیسرے دن کا کھیل روکا گیا تب ہندوستان کا اسکور 9 وکٹ کے نقصان پر 358 رن تھا۔ نتیش کمار ریڈی 105 رن بنا کر اور محمد سراج 2 رن بنا کر ناٹ آؤٹ ہیں۔ نتیش کمار نے 176 گیندوں کا سامنا کیا ہے اور اب تک 10 چوکوں کے ساتھ ایک چھکا بھی لگایا ہے۔
نتیش کمار ریڈی نے نویں نمبر پر بلے بازی کرنے کے لیے اترے واشنگٹن سندر کے ساتھ آٹویں وکٹ کے لیے 127 رنوں کی شراکت داری کی جو کہ ہندوستان کے لیے آٹھویں وکٹ کے لیے اب تک کی دوسری سب سے بڑی شراکت داری ہے۔ لیکن ٹیسٹ کرکٹ میں ایسا پہلی بار ہوا جب کسی ٹیم کے آٹھویں اور نویں نمبر کے بلے بازوں نے 150 سے زیادہ گیندیں کھیلی ہوں۔ دونوں کی شراکت داری 285 گیندوں کی رہیں، یعنی تقریباً 48 اوورس ان دونوں نے مل کر بلے بازی کی۔ واشنگٹن سندر 162 گیندوں میں ایک چوکے کی مدد سے 50 رن بنا کر آؤٹ ہوئے۔
اس سے قبل ہندوستان کی پہلی اننگ میں یشسوی جیسوال نے 82 رن، روہت شرما نے 3 رن، کے ایل راہل نے 24 رن، وراٹ کوہلی نے 36 رن، رشبھ پنت نے 28 رن اور رویندر جڈیجہ نے 17 رنوں کا تعاون کیا۔ آکاش دیپ اور جسپریت کوئی رن نہیں بنا سکے۔ تیسرے دن کے کھیل میں ہندوستانی ٹیم پوری طرح حاوی دکھائی دی، کیونکہ 194 رن بنے اور پنت، جڈیجہ، بمراہ و واشنگٹن کی شکل میں 4 وکٹ آؤٹ ہوئے۔ اب دیکھنے والی بات یہ ہوگی کہ چوتھے دن آخری وکٹ کی شکل میں نتیش کمار ریڈی اور محمد سراج کی جوڑی مزید کتنے رن جوڑ سکتی ہے۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔