بارڈر-گواسکر ٹرافی: ہندوستانی کپتان روہت شرما کی سنچری اور جڈیجہ-اکشر کی نصف سنچری سے آسٹریلیا بیک فٹ پر

پہلی پاری میں ہندوستان کا اسکور 7 وکٹ کے نقصان پر 321 رن پہنچ گیا ہے، یعنی ہندوستان کو آسٹریلیا کی پہلی اننگ کے مقابلے 144 رنوں کی سبقت مل گئی ہے۔

<div class="paragraphs"><p>روہت شرما</p></div>

روہت شرما

user

قومی آوازبیورو

ہندوستان اور آسٹریلیا کے درمیان ناگپور میں کھیلے جا رہے بارڈر-گواسکر سیریز کے پہلے ٹیسٹ کا دوسرا دن بھی ہندوستان کے نام رہا۔ آج پورے دن ہندوستانی بلے بازوں نے آسٹریلیائی گیندبازوں کو وکٹ کے لیے ترسا دیا۔ کچھ مواقع پر جلدی جلدی وکٹ ضرور گرے، لیکن جب دوسرے دن کا کھیل ختم ہوا تو پہلی پاری میں ہندوستان کا اسکور 7 وکٹ کے نقصان پر 321 رن پہنچ گیا تھا۔ یعنی ہندوستان کو آسٹریلیا کی پہلی اننگ کے مقابلے 144 رنوں کی سبقت مل گئی ہے۔

ناگپور ٹیسٹ کے دوسرے دن کی سب سے خاص بات ہندوستانی کپتان روہت شرما کی سنچری رہی جو پہلے دن 56 رن پر ناٹ آؤٹ رہے تھے۔ آج اپنی پاری کو روہت شرما نے بہت سنبھل کر آگے بڑھایا اور کسی بھی طرح کی جلدبازی نہیں دکھائی۔ ان کے ساتھ آج میدان پر اترے روی چندر اشون نے بھی ان کا بھرپور ساتھ دیا، لیکن 23 رن بنا کر آف اسپنر مرفی کے شکار ہو گئے۔ پھر چیتیشور پجارا بھی محض 7 رن بنا کر مرفی کی ہی گیند پر بولینڈ کو کیچ دے بیٹھے۔ جب پہلا سیشن ختم ہوا تو ہندوستان کا اسکور 3 وکٹ کے نقصان پر 151 رن پہنچ گیا تھا اور کپتان روہت کے ساتھ وراٹ کوہلی میدان پر تھے۔ لیکن دوسرے سیشن کی پہلی ہی گیند پر مرفی نے ہی وراٹ کوہلی (12 رن) کو وکٹ کیپر کیری کے ہاتھوں کیچ آؤٹ کرا دیا۔ پھر میدان میں سوریہ کمار یادو آئے جنھوں نے اپنے ٹیسٹ کیریر کی پہلی اننگ میں محض 8 رن بنائے اور ناتھن لائن کی گیند پر کلین بولڈ ہو گئے۔


دوسری طرف روہت شرما سنبھل کر بلے بازی کر رہے تھے اور موقع پر ملنے پر رن بھی بنا رہے تھے۔ لیکن آسٹریلیائی کپتان پیٹ کمنس نے نئی گیند لینے کے بعد اپنی ایک بہترین گیند سے روہت شرما کو 120 رن کے انفرادی اسکور پر بولڈ کر دیا۔ حالانکہ ہندوستان کی اس وقت تک 50 سے زیادہ رنوں کی سبقت ہو گئی تھی۔ پھر شریکر بھرت بھی کچھ خاص کھیل کا مظاہرہ نہیں کر پائے اور محض 8 رن بنا کر مرفی کی گیند پر ایل بی ڈبلیو ہو گئے۔ لیکن اس کے بعد ہندوستان کے دو آل راؤنڈرس رویندر جڈیجہ اور اکشر پٹیل نے آسٹریلیائی گیندبازوں کو وکٹ کے لیے ترسا دیا۔ دونوں نے تیز اور اسپن سبھی گیندبازوں کو پریشان کیا اور نصف سنچری بنانے میں کامیابی حاصل کی۔ جڈیجہ اور اکشر جب آج کے دن کا کھیل ختم ہونے پر پویلین لوٹے تو بالترتیب 66 اور 52 رن بنا چکے تھے۔

آسٹریلیا کے لیے سب سے زیادہ مایوس کن یہ رہا کہ کچھ لمحات ایسے آئے جب وکٹ حاصل کرنے کا بہترین موقع انھوں نے گنوا دیا۔ دو کیچ تو اسٹیو اسمتھ نے ہی چھوڑ دیے جس کا نتیجہ یہ ہوا کہ ہندوستانی ٹیم ایک بڑے اسکور کی طرف قدم بڑھا چکی ہے۔ آسٹریلیا کی طرف سے اپنا پہلا ٹیسٹ میچ کھیل رہے ٹاڈ مرفی نے 36 اوور میں 82 رن دے کر سب سے زیادہ 5 وکٹ حاصل کیے۔ ایک ایک وکٹ لائن اور کمنس کو ملے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔