بارڈر گواسکر ٹرافی: اسپن کے ’ٹیسٹ‘ میں ہندوستان فیل، کنگارو 9 وکٹوں سے فتحیاب

ہندوستان اور آسٹریلیا کے درمیان اندور کے ہولکر اسٹیڈیم میں کھیلے گئے بارڈر گواسکر ٹرافی کے تیسرے ٹیسٹ میچ میں ٹیم انڈیا کو شکست کا سامنا کرنا پڑا

<div class="paragraphs"><p>تصویر ٹوئٹر / @ICC</p></div>

تصویر ٹوئٹر / @ICC

user

قومی آوازبیورو

اندور: ہندوستان اور آسٹریلیا کے درمیان اندور کے ہولکر اسٹیڈیم میں کھیلے گئے بارڈر گواسکر ٹرافی کے تیسرے ٹیسٹ میچ میں ٹیم انڈیا کو شکست کا سامنا کرنا پڑا۔ آسٹریلیا کی ٹیم نے میزبان ہندوستان کو 9 وکٹوں سے شکست دے دی۔ آسٹریلوی ٹیم کو جیت کے لئے 76 رن درکار تھے جو انہوں نے میچ کے تیسرے دن پہلے سیشن میں صرف ایک وکٹ گنوا کر بنا دئے۔

اس طرح اس ٹرن لینے والی پچ پر آسٹریلیا میزبان ہندوستان سے بہتر ثابت ہوا اور ٹریوس ہیڈ (49 ناٹ آؤٹ) اور مارنس لابوشانے (28) نے لنچ سے قبل ہی ہندوستان کی جانب سے دیا گیا 76 رنوں کا آسان ہدف حاصل کر کے فتح کی رسمیں مکمل کر لیں۔

آسٹریلیا کے تجربہ کار اسپنر نیتھن لیون نے ہندوستان کی دوسری اننگ میں آٹھ وکٹیں لے کر جمعرات کو ہی میچ کے آسٹریلیا کے حق میں جانے کی کہانی لکھ دی تھی جس پر آج ٹریوس اورمارنس کی جوڑی نے سنبھل کر بیٹنگ کرتے ہوئے مہر ثبت کر دی۔


اگرچہ ہندوستان کے اسٹار اسپنر روی چندرن ایشون نے اپنے پہلے ہی اوور میں عثمان خواجہ کا وکٹ حاصل کر کے آج قدرے جوش پیدا کیا تھا لیکن آسٹریلیا کے بلے بازوں نے ہندوستانیوں کو مزید کوئی موقع فراہم کیے بغیر جیت کا ہدف حاصل کر لیا۔ ہندوستان نے پہلی اننگ میں 109 رنز بنائے تھے، جس کے جواب میں آسٹریلیا نے اپنی پہلی اننگ میں 197 رن بنا کر اہم برتری حاصل کر لی تھی۔ دوسری اننگ میں بھی ہندوستان کی کارکردگی قابل رحم رہی اور پوری ٹیم 163 رنوں پر ڈھیر ہو گئی، جس کے بعد مہمان ٹیم کو جیت کے لئے 76 رنوں کا ہدف ملا، جسے آسٹریلیا نے ایک وکٹ کے نقصان پر 78 رنز بنا کر حاصل کر لیا۔

(یو این آئی ان پٹ کے ساتھ)

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔