بارڈر-گواسکر ٹرافی: پہلے ٹیسٹ کے تیسرے ہی دن ہندوستان نے آسٹریلیا کو دی شکست، ایک اننگ اور 132 رنوں سے ملی جیت

آسٹریلیائی ٹیم دوسری اننگ میں محض 91 رنوں پر آل آؤٹ ہو گئی، ہندوستان کی طرف سے سب سے زیادہ 5 کھلاڑیوں کو روی چندرن اشون نے آؤٹ کیا، جبکہ 2-2 وکٹ شامی اور جڈیجہ کو ملے۔

<div class="paragraphs"><p>تصویر @BCCI</p></div>

تصویر @BCCI

user

قومی آوازبیورو

بارڈر-گواسکر ٹرافی کی شروعات ہندوستان نے آسٹریلیا پر دھماکہ خیز جیت کے ساتھ کی ہے۔ ہندوستان نے آسٹریلیا کو پہلے ٹیسٹ میچ میں ہر شعبہ میں پٹخنی دیتے ہوئے ایک اننگ اور 132 رنوں سے شکست دی۔ ناگپور میں کھیلے جا رہے پہلے ٹیسٹ کا دوسرا دن جب ختم ہوا تھا تو ہندوستانی ٹیم 7 وکٹ کے نقصان پر 321 رن بنا چکی تھی، یعنی آسٹریلیا کی پہلی اننگ میں بنائے گئے 177 رنوں پر 144 رنوں کی سبقت حاصل کر چکی تھی۔ آج جب تیسرے دن کا کھیل شروع ہوا تو رویندر جڈیجہ (70 رن) جلدی آؤٹ ہو گئے، لیکن اکشر پٹیل اور محمد شامی نے اچھی بلے بازی کا مظاہرہ کرتے ہوئے ہندوستان کا اسکور 380 رن تک پہنچا دیا۔ اس اسکور پر شامی آسٹریلیائی آف اسپنر مرفی کے شکار بنے، لیکن اس سے پہلے وہ 47 گیندوں پر 37 رنوں کی اہم اننگ کھیل چکے تھے۔ اس کے بعد اکشر پٹیل اور محمد سراج نے ٹیم کا اسکور 400 تک پہنچا دیا، پھر اکشر پٹیل کمنس کی گیند پر بولڈ ہو گئے۔ آؤٹ ہونے سے پہلے انھوں نے بہترین 84 رنوں کا تعاون پیش کیا۔

آسٹریلیا کی طرف سے ٹاڈ مرفی کے علاوہ کوئی بھی گیندباز بہت زیادہ متاثر کرتا ہوا دکھائی نہیں دیا۔ مرفی نے 47 اوور میں 124 رن دے کر 7 وکٹ حاصل کیے۔ 2 وکٹ کپتان پیٹ کمنس نے حاصل کیے جنھوں نے 20.3 اوور میں 78 رن دیے۔ ایک وکٹ ناتھن لائن کے حصے میں گیا۔ انھوں نے 49 اوور میں 126 رن دیے۔ بہر حال، ہندوستانی ٹیم جب 400 رنوں پر آل آؤٹ ہوئی تو 223 رنوں کی سبقت حاصل کر چکی تھی۔


جب آسٹریلیائی کھلاڑیوں نے دوسری اننگ میں بلے بازی شروع کی، تو ایک بار پھر ہندوستانی اسپن گیندباز پوری طرح حاوی دکھائی دیے۔ پہلی اننگ کی طرح دوسری اننگ میں بھی صرف چار کھلاڑی ہی دوسرے ہندسہ تک پہنچ پائے۔ حتیٰ کہ دوسری اننگ میں تو سب سے بڑا اسکور اسٹیو اسمتھ نے بنائے جو 25 رن بنا کر ناٹ آؤٹ رہے۔ یعنی انھیں کسی بھی دوسرے بلے باز کا ساتھ نہیں ملا۔ روی چندرن اشون نے آسٹریلیائی بلے بازوں کو سب سے زیادہ پریشان کیا اور 12 اوور میں 37 رن دے کر 5 وکٹ حاصل کیے۔ ان میں عثمان خواجہ، ڈیوڈ وارنر، رینشا، ہینڈسکامب اور ایلکس کیری جیسے اہم وکٹ شامل رہے۔ 2 وکٹ رویندر جڈیجہ کو ملا جنھوں نے مرنس لبوشین اور پیٹن کمنز کو سستے میں پویلین بھیجا۔ ایک وکٹ اکشر پٹیل نے بھی حاصل کیا جنھوں نے مرفی کو پویلین بھیجا۔ آخر کے دو وکٹ (لائن اور بولینڈ) تیز گیندباز محمد سمیع نے حاصل کیے اور ہندوستان کی جیت پر مہر لگا دی۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔