بارڈر-گواسکر ٹرافی: ’پنک بال ٹیسٹ‘ کا پہلا دن رہا آسٹریلیا کے نام، ہندوستان کے 180 رنوں کے جواب میں آسٹریلیا 1/86

ایڈیلیڈ میں کھیلے جا رہے دوسرے ٹیسٹ میچ کے پہلے دن ہندوستانی ٹیم پہلی اننگ میں 180 رنوں پر آل آؤٹ ہو گئی، جواب میں آسٹریلیا نے پہلے دن کا کھیل ختم ہونے تک 1 وکٹ کے نقصان پر 86 رن بنا لیے ہیں۔

<div class="paragraphs"><p>عثمان خواجہ کا وکٹ گرنے کے بعد جشن مناتے ہوئے جسپریت بمراہ اور وراٹ کوہلی، تصویر&nbsp;<a href="https://x.com/BCCI">@BCCI</a></p></div>

عثمان خواجہ کا وکٹ گرنے کے بعد جشن مناتے ہوئے جسپریت بمراہ اور وراٹ کوہلی، تصویر@BCCI

user

قومی آواز بیورو

ہندوستان اور آسٹریلیا کے درمیان 5 ٹیسٹ میچوں کی کھیلی جا رہی سیریز کے دوسرے ٹیسٹ میں پہلا دن آسٹریلیا کے نام رہا۔ بارڈر-گواسکر ٹرافی کا دوسرا ٹیسٹ میچ آج ایڈیلیڈ کے اوول میدان پر شروع ہوا جو کہ ’پنک بال ٹیسٹ‘ ہے۔ گلابی گیند سے کھیلے جانے والے اس ڈے-نائٹ ٹیسٹ میچ میں ٹاس ہندوستانی کپتان روہت شرما نے جیتا تھا اور پہلے بلے بازی کا فیصلہ کیا تھا۔ لیکن ہندوستانی بلے بازوں نے کچھ خاص کارکردگی کا مظاہرہ نہیں کیا اور پوری ٹیم 180 رن بنا کر آؤٹ ہو گئی۔ آسٹریلیا نے آج کا کھیل ختم ہونے تک ایک وکٹ کے نقصان پر 86 رن بنا بھی لیے ہیں۔ یعنی ہندوستان کے پاس اب محض 94 رنوں کی سبقت ہے۔

آج کا کھیل جب ختم ہوا تو مارنس لابوشین 67 گیندوں پر 20 رن بنا کر اور ناتھن میکسوینی 97 گیندوں پر 38 رن بنا کر ناٹ آؤٹ تھا۔ آج آسٹریلیا کا واحد وکٹ عثمان خواجہ کی شکل میں گرا جنھوں نے 35 گیندوں پر 13 رن بنائے تھے۔ انھیں جسپریت بمراہ نے پہلی سلپ میں روہت شرما کے ہاتھوں کیچ آؤٹ کرایا۔ اس وقت آسٹریلیا کا اسکور 24 رن تھا، لیکن اس کے بعد لابوشین اور میکسوینی نے مزید کوئی نقصان نہیں ہونے دیا۔ ان دونوں کے درمیان اب تک 62 رنوں کی شراکت داری ہو چکی ہے۔


اس سے قبل ہندوستان کی شروعات بہت خراب رہی، کیونکہ پہلی ہی گیند پر یشسوی جیسوال مشیل اسٹارک کا شکار بن گئے۔ دوسرے وکٹ کے لیے کے ایل راہل اور شبھمن گل کے درمیان 69 رنوں کی شراکت داری ضروری ہوئی، لیکن اس کے بعد لگاتار وکٹ گرتے چلے گئے۔ راہل نے 37 رن، شبھمن نے 31 رن، کوہلی نے 7 رن، روہت نے 3 رن، پنت نے 21 رن بنائے۔ ہندوستان کا چھٹا وکٹ 109 رن کے اسکور پر ہی گر گیا تھا۔ یہاں سے آر اشون اور نتیش ریڈی نے 32 رنوں کی شراکت داری کی۔ اشون 22 رن بنا کر آؤٹ ہوئے، اور پھر جلدی جلدی ہرشت رانا (صفر) و جسپریت بمراہ (صفر) بھی پویلین لوٹ گئے۔ اس درمیان نتیش ریڈی نے جارحانہ رخ اختیار کرتے ہوئے ٹیم کا اسکور کسی طرح 180 رنوں تک پہنچا دیا۔ انھوں نے 3 چھکوں اور 3 چوکوں کی مدد سے 54 گیندوں پر 42 رن بنائے۔ محمد سراج 4 رن بنا کر ناٹ آؤٹ رہے۔

ہندوستانی بلے بازوں کے لیے آج مشیل اسٹارک مصیبت بن کر ابھرے۔ انھوں نے یشسوی جیسوال کا وکٹ لے کر ہندوستان کو بیک فٹ پر دھکیلنے کا جو سلسلہ شروع ہوا تھا، اسے نتیش ریڈی کی شکل میں آخری وکٹ گرنے تک جاری رکھا۔ مشیل اسٹارک نے اپنے ٹیسٹ کی بہترین کارکردگی پیش کرتے ہوئے 14.1 اوورس میں 48 رن پر 6 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیے۔ ان کے حصے میں جیسوال، راہل، کوہلی، اشون، رانا اور ریڈی کے وکٹ آئے۔ کپتان پیٹ کمنس اور اسکاٹ بولینڈ کے حصے میں 2-2 وکٹ آئے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔