عالمی کپ سے پہلے بنگلہ دیش کے کپتان تمیم اقبال نے روتے ہوئے ریٹائرمنٹ کا کیا اعلان، آخر کیا ہے وجہ؟

اپنے ریٹائرمنٹ کا اعلان کرتے ہوئے تمیم اقبال نے کہا کہ ’’میں نے اپنی بہترین کارکردگی پیش کرنے کی کوشش کی، میں اپنی ٹیم کے سبھی ساتھیوں، کوچ اور بی سی بی افسران کا شکریہ ادا کرتا ہوں۔‘‘

<div class="paragraphs"><p>تمیم اقبال، تصویر آئی اے این ایس</p></div>

تمیم اقبال، تصویر آئی اے این ایس

user

قومی آوازبیورو

رواں سال اکتوبر ماہ میں شروع ہونے والے کرکٹ عالمی کپ کی تیاریوں میں سبھی ٹیمیں مصروف ہیں۔ اس درمیان بنگلہ دیش ٹیم کو اس وقت شدید جھٹکا لگا جب اس کے کپتان تمیم اقبال نے اچانک ریٹائرمنٹ کا اعلان کر دیا۔ بنگلہ دیش کے سلامی بلے باز تمیم اقبال نے جمعرات کو ایک پریس کانفرنس کے دوران اپنے ریٹائرمنٹ کا اعلان کیا اور اس درمیان وہ انتہائی جذباتی نظر آئے۔ وہ کیمرے کے سامنے روتے دکھائی دیئے اور سبھی ان کے ریٹائرمنٹ کے فیصلے سے حیران ہو گئے۔

قابل ذکر ہے کہ تمیم اقبال نے افغانستان کے خلاف چل رہی یک روزہ سیریز کے درمیان میں ہی ریٹائرمنٹ لے لیا ہے۔ چٹگام میں بدھ کے روز ہی دونوں ٹیموں کا مقابلہ ہوا تھا جس میں بنگلہ دیش کی ٹیم نے 17 رنوں سے جیت حاصل کی تھی۔ اس میچ کا فیصلہ ڈکورتھ لوئس اصول کے تحت آیا۔ بنگلہ دیش کی اس شکست کے 24 گھنٹے کے اندر ہی تمیم اقبال نے بین الاقوامی کرکٹ کو الوداع کہہ دیا۔


واضح رہے کہ تمیم اقبال بنگلہ دیش کے سب سے اہم بلے بازوں میں سے ایک ہیں۔ تمیم نے ٹیسٹ کرکٹ میں 10 سنچری کی مدد سے 5134 رن بنائے اور ونڈے میں ان کے بلے سے 14 سنچریاں نکلیں اور ان کے نام 8313 رن ہیں۔ ٹی-20 کرکٹ میں بھی انھوں نے ایک سنچری کے ساتھ 1758 رن بنائے۔ تمیم اقبال نے بین الاقوامی کرکٹ میں مجموعی طور پر 25 سنچری لگائی ہیں۔

تمیم اقبال کا بین الاقوامی کرکٹ کو اچانک الوداع کہہ دینا بنگلہ دیش کے لیے زبردست جھٹکا ہے۔ ان کی اہمیت کا اندازہ اس بات سے لگایا جا سکتا ہے کہ بین الاقوامی کرکٹ میں ان کے نام ایک انتہائی خاص ریکارڈ درج ہے۔ تمیم اقبال کے نام ایک میدان پر سب سے زیادہ ونڈے رن بنانے کا عالمی ریکارڈ ہے۔ انھوں نے شیر بنگلہ نیشنل اسٹیڈیم میں سب سے زیادہ 2853 رن بنائے ہیں۔ اس میدان پر ان کے بلے سے 19 نصف سنچری اور 5 سنچری نکلی ہیں۔ تمیم اقبال ونڈے میں سب سے کم عمر میں سنچری بنانے والے بنگلہ دیشی کھلاڑی بھی ہیں۔ انھوں نے محض 19 سال 2 دن کی عمر میں آئرلینڈ کے خلاف سنچری بنائی تھی۔ اس میچ میں انھوں نے 129 رنوں کی اننگ کھیلی تھی۔


بہرحال، تمیم اقبال نے آج ریٹائرمنٹ کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ یہ ان کے کیریر کا اختتام ہے۔ انھوں نے کہا کہ ’’میں نے اپنی بہترین کارکردگی پیش کرنے کی کوشش کی۔ میں اپنی ٹیم کے سبھی ساتھیوں، کوچ اور بی سی بی افسران کا شکریہ ادا کرتا ہوں۔‘‘ تمیم اقبال نے سبھی چاہنے والوں کا بھی شکریہ ادا کیا اور انھوں نے کہا کہ ان کی زندگی کے اگلے باب کے لیے بھی انھیں اپنے چاہنے والوں کی دعاؤں کی ضرورت ہوگی۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔