ایشیا کپ سے پہلے ہندوستانی ٹیم کو ملی بری خبر، زخمی بمراہ ٹورنامنٹ سے باہر!

بمراہ کا شمار دنیا کے سرکردہ تیز گیندبازوں میں ہوتا ہے، ایسے میں ہندوستانی ٹیم ٹی-20 عالمی کپ کے مدنظر کسی بھی طرح کا کوئی جوکھم نہیں اٹھانا چاہتی ہے۔

جسپریت بمراہ، تصویر آئی اے این ایس
جسپریت بمراہ، تصویر آئی اے این ایس
user

قومی آوازبیورو

ہندوستان کے مایہ ناز تیز گیندباز جسپریت بمراہ ایشیا کپ ٹورنامنٹ میں کھیلنے کے لیے موجود نہیں رہ پائیں گے۔ اس خبر نے ہندوستانی ٹیم اور کرکٹ شیدائیوں کو زوردار جھٹکا دیا ہے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق 27 اگست سے شرو ع ہونے والے اس ٹورنامنٹ میں بمراہ نہیں کھیل پائیں گے کیونکہ ان کی پیٹھ کی انجری ٹھیک نہیں ہوئی ہے۔ حالانکہ اس بارے میں اب تک کوئی آفیشیل اعلان نہیں کیا گیا ہے، لیکن ممکن ہے کہ جب ایشیا کپ کے لیے ٹیم کا اعلان ہوگا تو سلیکٹرس حقیقت حال سے واقف کرائیں گے۔

قابل ذکر ہے کہ بمراہ کا شمار دنیا کے سرکردہ تیز گیندبازوں میں ہوتا ہے۔ ایسے میں ہندوستانی ٹیم ٹی-20 عالمی کپ کے مدنظر کسی بھی طرح کا کوئی جوکھم نہیں اٹھانا چاہتی ہے۔ آخری بار انگلینڈ کے خلاف یک روزہ سیریز میں نظر آنے والے جسپریت بمراہ کو ویسٹ انڈیز اور پھر زمبابوے دورے پر آرام دیا گیا تھا۔ بمراہ بنگلورو واقع نیشنل کرکٹ اکادمی میں اپنی فٹ نس حاصل کرنے جائیں گے۔


بہرحال، امید کی جا رہی ہے کہ وہ ستمبر میں آسٹریلیا اور جنوبی افریقہ کے خلاف ہونے والی گھریلو یک روزہ اور ٹی-20 سیریز تک صحت مند ہو جائیں گے۔ ویسے یہ کوئی پہلا موقع نہیں ہے جب 28 سالہ تیز گیندباز کی فٹ نس پر سوال اٹھے ہوں۔ اس سے پہلے بھی وہ اپنی چوٹ کے سبب کافی وقت میدان سے دور رہ چکے ہیں۔ جسپریت فی الحال اپنے کنبہ کے ساتھ امریکہ میں چھٹیاں گزار رہے ہیں۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔