کورونا کیسز کے اضافہ سے ’بی سی سی آئی‘ فکرمند، آئی پی ایل کے انعقاد میں دشواریواں

گزشتہ کچھ دنوں سے کورونا وائرس کے معاملوں میں پھر تیزی نظر آ رہی ہے، لہذا بی سی سی آئی کو آئی پی ایل کے ملک میں انعقاد کے فیصلہ پر نظر ثانی کرنے پر مجبور ہونا پڑا ہے

آئی پی ایل
آئی پی ایل
user

قومی آوازبیورو

ممبئی: ہندوستان میں انڈین پریمیر لیگ ایونٹ کے حوالے سے بی سی سی آئی کی مشکلات میں اضافہ ہوتا نظر آ رہا ہے۔ بی سی سی آئی رواں سال ممبئی اور مہاراشٹر کے باقی اسٹیڈیموں میں آئی پی ایل کے انعقاد پر غور کر رہا تھا لیکن مہاراشٹرا میں کورونا وائرس کے معاملوں میں تیزی آنے سے، بی سی سی آئی اب متبادل راستے تلاش کرنے پر مجبور ہے۔

رواں سال آئی پی ایل کا انعقاد اپریل - مئی میں کیا جانا ہے اور بی سی سی آئی اب آئی پی ایل کے 14 ویں سیزن کے انعقاد کے لیے چار سے پانچ مقامات پر غور کر رہا ہے۔ اس سے قبل ممبئی کے وانکھیڈے، برابورن، ڈی وائی پاٹل اور ریلائنس اسٹیڈیم میں بایو ببل بنا کر ٹورنامنٹ کے انعقاد پر غور کیا جا رہا تھا۔


تاہم، کورونا وائرس کے بڑھتے ہوئے معاملات نے ممبئی میں آئی پی ایل کے انعقاد کے امکان کو تقریباً ختم کر دیا ہے۔ بی سی سی آئی کے ایک عہدیدار نے کہا، ‘‘ابھی آئی پی ایل شروع ہونے میں ایک مہینہ باقی ہے لیکن اس کے لئے ابھی کچھ فیصلے کرنے باقی ہیں۔ٹورامنٹ کا ایک ہی شہر ممبئی میں انعقاد خطرناک ہوگا، جبکہ وہاں ابھی معاملات میں اضافہ ہو رہا ہے۔‘‘

بی سی سی آئی کے پاس حالانکہ انعقاد کے لئے متعدد متبادل موجود ہیں۔ انکشاف کردہ معلومات کے مطابق، حیدرآباد، بنگلورو اور کولکاتا جیسے شہر میچوں کی میزبانی کے لئے تیار رہیں گے۔ اس کے علاوہ احمد آباد میں آئی پی ایل پلے آف اور فائنل میچ کے انعقاد کے قوی امکانات ہیں۔

خیال رہے کہ کورونا وائرس کی وجہ سے، بی سی سی آئی کو گذشتہ سال بھی بھاری نقصان اٹھانا پڑا تھا۔ گزشتہ سال آئی پی ایل کا انعقاد چھ ماہ کی تاخیر کے بعد متحدہ عرب امارات میں ہوا تھا۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔