بی سی سی آئی کے سربراہ سورو گنگولی کی طبیعت پھر خراب، اپولو اسپتال میں داخل

گنگولی کو کولکاتا کے اپولو اسپتال میں داخل کرایا گیا ہے، جہاں ان کا علاج چل رہا ہے۔ کچھ دن پہلے بھی سورو گنگولی کو دل کا دورہ پڑا تھا

سورو گنگولی، تصویر یو این آئی
سورو گنگولی، تصویر یو این آئی
user

قومی آوازبیورو

بی سی سی آئی کے چیئرمین اور سابق کرکٹر سورو گنگولی کی طبیعت ایک مرتبہ پھر خراب ہو گئی ہے۔ انہیں کولکاتا کے اپولو اسپتال میں داخل کرایا گیا ہے، جہاں ان کا علاج چل رہا ہے۔ کچھ دن پہلے بھی سورو گنگولی کو دل کا دورہ پڑا تھا، جس کی وجہ سے ان کی کولکاتا کے ووڈلینڈ اسپتال میں اینجیوپلاسٹی ہوئی تھی۔ اب ایک بار پھر طبیعت بگڑنے پر ووڈلینڈ اسپتال کی ڈاکٹر روپالی باسو نے کہا کہ دادا (سورو گنگولی) کی نسوں میں رکاوٹ کی جانچ کرانی ہے۔

خیال رہے کہ 7 جنوری کو سورو گنگولی کو اسپتال سے چھٹی ملی تھی۔ 2 جنوری کو ان کی طبیعت اچانک خراب ہو گئی تھی، جس کے بعد انہیں کولکاتا کے ووڈ لینڈ اسپتال میں داخل کرایا گیا تھا۔ 2 جنوری کو اپنے گھر کے جِم میں ورک آؤٹ کے دوران سورو گنگولی کے سینے میں درد ہوا تھا جس کے بعد انہیں داخل اسپتال کرایا گیا تھا۔


ووڈلینڈ اسپتال میں سورو گنگولی کی اینجیوپلاسٹی کی گئی تھی اور 48 گھنٹے کے بعد دل کی نسوں میں اسٹینٹ ڈالا گیا۔ خیال رہے کہ سورو گنگولی کی ایک نس کی رکاوٹ دور کر دی گئی ہے لیکن اس کے علاوہ دل کی مزید دو نسوں میں ابھی بھی رکاوٹ ہے۔ اسپتال نے تب کہا تھا کہ گنگولی کے دل کی نسوں میں باقی بلاکیج کے لئے ہونے والی اگلی اینجیوپلاسٹی پر فیصلہ بعد میں لیا جائے گا، کیونکہ وہ پہلے سے کافی بہتر ہیں۔ ڈاکٹروں نے انہیں مستقل طور پر چیک اپ کرانے کی صلاح دی تھی۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔