کانپور ٹیسٹ میں بنگلہ دیش کی حالت خراب، ہندوستان کو جیت کے لیے صرف 95 رن درکار

بنگلہ دیش کی ٹیم آج (1 اکتوبر) کو کانپور ٹیسٹ کے پانچویں اور آخری دن اپنی دوسری اننگز میں 146 رنز پر آؤٹ ہو گئی، جس کے بعد ہندوستان کو جیت کے لیے 95 رنز کا ہدف ملا

<div class="paragraphs"><p>تصویر بشکریہ ایکس</p></div>

تصویر بشکریہ ایکس

user

قومی آواز بیورو

کانپور: بنگلہ دیش کی ٹیم آج (1 اکتوبر) کو کانپور ٹیسٹ کے پانچویں اور آخری دن اپنی دوسری اننگز میں 146 رنز پر آؤٹ ہو گئی، جس کے بعد ہندوستان کو جیت کے لیے 95 رنز کا ہدف ملا۔ ہندوستانی باؤلرز، بمرہ، آشون اور جڈیجہ نے 3-3 وکٹیں حاصل کیں۔ بنگلہ دیش کی پہلی اننگز 233 رنز پر ختم ہوئی تھی، جبکہ ہندوستان نے اپنی پہلی اننگز 285 رنز پر ڈکلیئر کی تھی۔ اس میچ میں بارش نے بھی رکاوٹیں ڈالیں، جس کی وجہ سے کھیل میں خلل پڑا۔

چوتھے دن کا کھیل ختم ہونے کے وقت تک بنگلہ دیش نے اپنی دوسری اننگز میں دو وکٹ کے نقصان پر 26 رن بنا لیے تھے۔ کھیل کے چوتھے دن بنگلہ دیش کی پہلی اننگز 233 رنوں پر سمٹ گئی۔ جواب میں بھارتی ٹیم نے اپنی پہلی اننگز 9 وکٹ پر 285 رنوں کے اسکور پر ڈکلیئر کر دی۔ بھارت نے محض 34.4 اوورز میں یہ رن بنائے۔ بھارت کو پہلی اننگز کے اعتبار سے 52 رنوں کی لیڈ ملی۔


اس مقابلے میں بارش کا اثر بھی دیکھنے کو ملا تھا۔ تیسرے دن ایک بھی گیند نہیں پھینکی گئی تھی کیونکہ بھاری بارش کے باعث میدان کافی گیلا تھا۔ اسی طرح دوسرے دن بھی بارش کی وجہ سے ایک بھی گیند کا کھیل نہیں ہوا تھا، جبکہ خراب روشنی اور بارش کی وجہ سے پہلے دن صرف 35 اوور کا کھیل ہو سکا تھا۔ روہت شرما کی قیادت میں ٹیم انڈیا نے چنئی ٹیسٹ میچ میں بنگلہ دیش کے خلاف 280 رنوں سے فتح حاصل کی تھی۔ روی چندرن ایشون نے کمال کی آل راؤنڈ پرفارمنس پیش کی تھی۔

دوسری اننگز میں بنگلہ دیش کی شروعات خراب رہی۔ 18 رنوں کے اسکور پر ہی مہمان ٹیم نے ذاکر حسن کا وکٹ گنوا دیا۔ ذاکر آر ایشون کی گیند پر ایل بی ڈبلیو آؤٹ ہو گئے۔ ذاکر نے 15 گیندوں کا سامنا کیا اور 10 رن بنائے۔ پھر ایشون نے نائٹ واچ مین حسن محمود (4) کو بھی سستے میں چلتا کر دیا۔

اس کے بعد میچ کے آخری دن (یکم اکتوبر) کو اشون کا جادو ایک بار پھر چلا، انہوں نے پہلی اننگز کے سنچری اسکورر مومن الحق (2) کو لیگ سلپ پر کے ایل راہل کے ہاتھوں کیچ آؤٹ کروایا۔ بنگلہ دیشی ٹیم کو چوتھا جھٹکا کپتان نجم الحسن شانتو (19) کے طور پر لگا۔ جو رویندر جڈیجہ کی گیند پر ریورس سوئپ کرنے کی کوشش میں بولڈ ہو گئے۔ تب بنگلہ دیشی ٹیم کا اسکور 91 رن ہوا تھا۔ محض 2 رن بعد 93 رن پر نصف سنچری لگاتے ہی شادمان اسلام (50) آکاش دیپ کی گیند پر یشسوی جیسوال کو کیچ تھما بیٹھے۔


اس کے بعد جڈیجہ کا جادو ایک بار پھر چلا، انہوں نے لٹن داس (1) کو رشبھ پنت کے ہاتھوں کیچ آؤٹ کروایا۔ اس وقت بنگلہ دیش ٹیم کا اسکور 94 رن ہوا تھا۔ اسی اسکور پر جڈیجہ نے تجربہ کار شکیب الحسن (0) کو کاٹ اینڈ بولڈ آؤٹ کر دیا۔ اس طرح بنگلہ دیشی ٹیم کے 3 رن کے اندر 4 وکٹ گر گئے۔

پھر بمرہ آئے اور انہوں نے مہدی حسن میراز (9) کو آؤٹ سوئنگ پر وکٹ کیپر رشبھ پنت کے ہاتھوں کیچ آؤٹ کروایا۔ بنگلہ دیشی ٹیم کا اسکور مہدی کے آؤٹ ہونے کے بعد 118/8 ہوا تھا۔ اس کے بعد بنگلہ دیشی ٹیم 146 رنز پر سمٹ گئی۔ مشفق الرحیم (37) آؤٹ ہونے والے آخری بلے باز رہے۔ ہندوستان کی طرف سے جسپریت بمرہ، روی چندرن ایشون اور رویندر جڈیجہ کو تین تین وکٹیں ملیں، جبکہ آکاش دیپ کو ایک کامیابی حاصل ہوئی۔