عالمی کپ: سری نکا-بنگلہ دیش میچ بھی بارش کی نذر، میچ منسوخ ہونے کا ریکارڈ قائم

انگلینڈ میں چل رہے آئی سی سی ورلڈ کپ پر بارش کی مار جاری ہے اور منگل کو سری لنکا-بنگلہ دیش کا مقابلہ بارش کی وجہ سے منسوخ کیا گیا اور دونوں ٹیموں کو ایک ایک پوائنٹ ملا۔

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

یو این آئی

برسٹل: انگلینڈ میں چل رہے آئی سی سی ورلڈ کپ پر بارش کی مار جاری ہے اور منگل کو سری لنکا-بنگلہ دیش کا مقابلہ بارش کی وجہ سے منسوخ کیا گیا اور دونوں ٹیموں کو ایک ایک پوائنٹ ملا۔

ٹورنامنٹ میں تیسرا میچ منسوخ ہو جانے سے یہ عالمی کپ ٹورنامنٹ کی تاریخ میں سب سے زیادہ منسوخ ہو جانے والے میچوں کا ورلڈ کپ بن گیا ہے۔ اس سے پہلے 1992 اور 2003 کے ورلڈ کپ میں دو دو میچ منسوخ ہوئے تھے۔ عالمی کپ میں یہ مسلسل دوسرا دن ہے جب میچ بارش کی وجہ سے منسوخ ہوا ہے۔ اس سے پہلے کل جنوبی افریقہ اور ویسٹ انڈیز کا مقابلہ بھی بارش کی نذر ہو گیا تھا۔

اس ورلڈ کپ میں یہ تیسرا مقابلہ ہے جو بارش کی وجہ سے منسوخ ہوا ہے۔ اس سے پہلے سات جون کو برسٹل میں پاکستان اور سری لنکا کا مقابلہ بغیر کوئی گیند پھینکے بارش کی نذر ہو گیا تھا اور دونوں ٹیموں کو ایک ایک پوائنٹس ملا تھا۔ عالمی کپ میں اب تک 16 میچوں میں سے تین میچ بارش کی وجہ سے منسوخ ہو چکے ہیں اور ان مقابلوں کی ٹیموں کو بغیر کسی نتیجے کے ایک ایک پوائنٹس مل گیا ہے۔


بنگلہ دیش کے چار میچوں میں ایک جیت، دو ہار اور ایک منسوخ کے ساتھ تین پوائنٹس ہو گئے ہیں جبکہ سری لنکا کے ایک جیت، ایک ہار اور دو منسوخ کے ساتھ چار پوائنٹس ہو گئے ہیں۔ میچ منسوخ ہو جانے کے بعد بٹنے والے پوائنٹس کا اس عالمی کپ میں آگے کی ٹیبل پر گہرا اثر پڑے گا۔

عالمی کپ میچوں کے بارش کی وجہ سے اس طرح منسوخ ہو جانے سے کرکٹ شائقین کو بھاری مایوسی کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ اس مقابلے میں میچ شروع ہونے سے پہلے ہی بھاری بارش ہونے لگی تھی جس کی وجہ سے ٹاس نہیں ہوا تھا۔ میچ منسوخ ہو جانے سے سری لنکا کے مقابلے بنگلہ دیش کو زیادہ خوشی ہوگی کیونکہ بنگلہ دیش نے اس سے پہلے عالمی کپ کی تاریخ میں سری لنکا کو کبھی نہیں ہرایا تھا۔ سری لنکا اس مقابلے میں جیت کا دعویدار مانا جا رہا تھا لیکن میچ منسوخ ہو جانے سے اسے بھی افسوس ہوا ہوگا۔
سری لنکا کا اگلا مقابلہ اوول میں چمپئن آسٹریلیا کے خلاف ہفتہ کو ہوگا جبکہ بنگلہ دیش کی ٹیم تقریبا ایک ہفتے کے آرام کے بعد پیر کو ٹاؤنٹن میں ویسٹ انڈیز کا مقابلہ کرے گی۔


بنگلہ دیش کے کپتان مشرف مرتضی نے میچ منسوخ ہو جانے کے بعد کہا کہ میدان پر آنا اور نہ کھیل پانا بہت مایوس کن ہے جبکہ سری لنکا کے کپتان دمتھ کرونا رتنے نے کہا کہ اب ان کی ٹیم کو آسٹریلیا کے خلاف اگلے مقابلے کے لئے سخت محنت کرنی پڑے گی۔ کرونا رتنے نے ساتھ ہی کہا کہ ان کی ٹیم کے لئے دو میچوں کا منسوخ ہوجانا کافی مایوس کن ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔


Published: 11 Jun 2019, 9:10 PM