آئی سی سی کے لئے بری خبر! اولمپک 2028 کی ابتدائی فہرست میں کرکٹ شامل نہیں
آئی او سی کے ایگزیکٹو بورڈ نے 2028 لاس اینجلس اولمپک کھیلوں میں اسکیٹ بورڈنگ، اسپورٹ کلمبنگ اورسرفنگ سمیت 28 کھیلوں کو شامل کرنے کی تجویز پیش کی ہے، جن میں کرکٹ شامل نہیں ہے

دبئی: بین الاقوامی اولمپک کمیٹی (آئی او سی) کے ایگزیکٹو بورڈ (ای بی) نے 2028 لاس اینجلس اولمپک کھیلوں میں اسکیٹ بورڈنگ، اسپورٹ کلمبنگ اورسرفنگ سمیت 28 کھیلوں کو شامل کرنے کی تجویز پیش کی ہے، جن میں کرکٹ شامل نہیں ہے۔ تاہم انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے کہا ہے کہ وہ اس سے پریشان نہیں ہے، کیونکہ اب بھی وقت ہے۔
آئی سی سی کے ایک ڈائریکٹر نے جمعہ کو کرک بز کو بتایا کہ کرکٹ کو اولمپکس میں شامل کرنے کے لیے ابھی کافی وقت ہے۔ وہیں آئی سی سی کے ایک اور عہدیدار نے کہا کہ ان کے اولمپک عزائم تبدیل نہیں ہوئے ہیں۔ ہم بالکل اسی جگہ کھڑے ہیں جہاں ہماری توقع تھی۔
دریں اثنا، بورڈ آف کنٹرول فار کرکٹ ان انڈیا (بی سی سی آئی) کے ایک رکن نے کہا کہ یہ ذمہ داری آئی سی سی کی ہے۔ اہلکار نے کہا، “ہم آئی سی سی کے کہنے پر اولمپکس میں شرکت کے لیے تیار ہوئے ہیں۔ ذمہ داری ان پر ہے۔
قبل ذکر ہے کہ کرکٹ کے اولمپک میں تسلیم کئے جانے کی امیدوں کو اس وقت طاقت ملی تھی، جب بی سی سی آئی نے باقاعدہ طور سے اس سال اپریل میں اولمپک گیمز میں شرکت کے لئے ایک تجویزمنظورکی تھی۔ سمجھا جاتا ہے کہ ہندوستان دنیا کی سب سے بڑی کرکٹ مارکیٹ ہونے کی وجہ سے اس میں بی سی سی آئی کی رضامندی بہت ضروری تھی۔
دوسری جانب آئی سی سی ذرائع کا کہنا ہے کہ کرکٹ کبھی بھی ایل اے 2028 کی ابتدائی فہرست میں شامل نہیں ہوگا۔ اس کی امید میزبان شہر یعنی لاس اینجلس کی تجویز سے ہے۔ ابتدائی گیم کی فہرست صرف ان کھیلوں کے لئے ہے جن کی پہلے سے ہی بات چل رہی ہے۔ اضافی کھیلوں کے انتخاب کے لئے میزبان شہرکا عمل اگلے سال شروع ہو گا۔ اس عمل سے وابستہ ایک ذرائع نے بتایا کہ یہ مکمل طور پر متوقع تھا۔"
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔