آسٹریلیائی بلے باز گلین میکسویل نے اچانک یک روزہ کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا کیا اعلان
میکسویل نے آسٹریلیا کے لیے 149 یک روزہ میچ کھیلے ہیں، جن میں انھوں نے 33.81 کی اوسط سے 3990 رن بنائے۔ اس دوران انھوں نے 4 سنچری اور 23 نصف سنچری بنائیں۔

گلین میکسویل، تصویر@ICC
آسٹریلیا کے طوفانی بلے باز اور کئی مواقع پر اپنی اسپن گیندبازی سے حریف بلے بازوں کو پریشان کرنے والے گلین میکسویل نے اچانک یک روزہ کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کر دیا ہے۔ 36 سالہ میکسویل نے اپنے 13 سالہ کیرئیر میں کئی یادگار اننگ کھیلیں اور آسٹریلیا کو دو مرتبہ یک روزہ عالمی کپ (2015 اور 2023) جتانے میں اہم کردار نبھایا۔ حالانکہ انھوں نے فوری اثر سے 50 اوور کے فارمیٹ کو الوداع کہہ دیا ہے، لیکن وہ ٹی-20 بین الاقوامی کرکٹ میں اپنی خدمات دینا جاری رکھیں گے۔
میکسویل نے آسٹریلیا کے لیے 149 یک روزہ میچ کھیلے ہیں، جن میں انھوں نے 33.81 کی اوسط سے 3990 رن بنائے۔ اس دوران انھوں نے 4 سنچری اور 23 نصف سنچری لگائیں۔ ان کی سب سے بڑی کامیابی 2023 یک روزہ عالمی کپ میں افغانستان کے خلاف کھیلی گئی 201 رنوں کی ناٹ آؤٹ اننگ رہی، جو یک روزہ کرکٹ کی تاریخ کی سب سے بہترین اننگ میں سے ایک مانی جاتی ہے۔ اس اننگ میں میکسویل نے آسٹریلیا کو 7/91 کے اسکور سے باہر نکال کر جیت دلائی تھی، جو ایک عجوبہ کارکردگی تھی۔ میکسویل نے گیندبازی میں بھی تعاون کیا اور اپنے کیریئر میں 72 وکٹ حاصل کیے۔
بہرحال، میکسویل نے ریٹائرمنٹ کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ ’’مجھے لگتا ہے کہ میں ٹیم کو تھوڑا مایوس کر رہا ہوں، کیونکہ جسم حالات کے مطابق عمل انجام نہیں دے رہا۔ میں نے آسٹریلیا کے سلیکٹرس کے چیف جارج بیلی کے ساتھ اچھی بات چیت کی اور ان سے پوچھا کہ آگے کے بارے میں ان کا کیا سوچنا ہے۔ ہم نے 2027 کے عالمی کپ کے بارے میں بات کی اور میں نے ان سے کہا کہ مجھے نہیں لگتا کہ میں اس میں کامیاب ہو پاؤں گا۔ اب وقت آ گیا ہے کہ میری جگہ پر آنے والے لوگوں کے لیے منصوبہ بنایا جائے، تاکہ وہ اس ٹیم کے لیے کھیلیں اور بہتر نتیجہ فراہم کریں۔ امید ہے کہ انھیں اس کردار کو نبھانے کے لیے کافی مواقع ملیں گے۔‘‘ میکسویل نے اپنی سب سے بہترین اننگ، یعنی افغانستان کے خلاف لگائی گئی دہری سنچری کے بارے میں کہا کہ ’’میں خوش قسمت ہوں کہ مجھے اپنا لمحہ مل گیا۔ آپ نے جس چیز کے لیے سخت محنت کی ہے، اسے دنیا کے سامنے رکھ پانا اور تقریباً ایسا ہے جیسے کہہ رہے ہوں، یہ میرا بہترین ہے۔ آپ اسے قبول کر سکتے ہیں، یا چھوڑ سکتے ہیں، لیکن یہ سب میرے پاس ہے۔‘‘
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔