روہت اور کوہلی کے سامنے آسٹریلیا نے کی خودسپردگی، آخری ونڈے میں ہندوستان کو 9 وکٹ سے ملی جیت

3 یک روزہ میچوں کی سیریز ہندوستانی ٹیم 1-2 سے ضرور ہار گئی، لیکن آخری میچ میں 9 وکٹ سے یکطرفہ فتح حاصل کر ہندوستان نے ظاہر کر دیا کہ اس ٹیم کو ہلکے میں نہیں لیا جا سکتا۔

<div class="paragraphs"><p>روہت شرما اور وراٹ کوہلی میچ جیتنے کے بعد ایک دوسرے سے مصافحہ کرتے ہوئے، تصویر&nbsp;<a href="https://x.com/BCCI">@BCCI</a></p></div>
i
user

قومی آواز بیورو

ہندوستانی ٹیم نے آسٹریلیا دورے پر یک روزہ سیریز کا اختتام ایک شاندار اور دمدار فتح کے ساتھ کیا۔ اس جیت کو زیادہ خاص بنایا ہندوستانی ٹیم کے 2 سب سے بڑے اسٹار روہت شرما اور وراٹ کوہلی نے۔ سڈنی میں کھیلے گئے سیریز کے آخری میچ میں ہندوستانی ٹیم نے آسٹریلیا کو یکطرفہ انداز میں 9 وکٹ سے ہرا دیا۔ روہت-کوہلی ناٹ آؤٹ رہے، جنھوں نے دوسرے وکٹ کے لیے 168 رنوں کی شراکت داری کی۔ اس 3 یک روزہ میچوں کی سیریز ہندوستانی ٹیم 1-2 سے ضرور ہار گئی، لیکن آخری میچ میں 9 وکٹ سے یکطرفہ فتح حاصل کر ہندوستان نے ظاہر کر دیا کہ اس ٹیم کو ہلکے میں نہیں لیا جا سکتا۔

آج کے میچ میں ٹاس آسٹریلیائی کپتان مشیل مارش نے ہی جیتا تھا، اور پہلے بلے بازی کرنے کا فیصلہ کیا تھا۔ بلے بازی کے لیے بہتر نظر آ رہی پچ پر ہندوستانی گیندبازوں کی تعریف کرنی ہوگی جنھوں نے آسٹریلیائی ٹیم کو 236 رنوں پر روک دیا۔ آسٹریلیائی ٹیم پورے 50 اوورس بھی نہیں کھیل پائی۔ مارش بریگیڈ نے 46.4 اوورس میں 236 رن بنائے، جس میں سب سے زیادہ 56 رن میٹ رینشا کے تھے۔ کپتان مشیل مارش نے 41 اور میتھیو شارٹ نے 30 رنوں کا تعاون دیا۔ دیگر بلے بازوں میں ٹریوس ہیڈ نے 29 رن، ایلیکس کیری نے 24 رن کوپر کونولی نے 23 رن اور نیتھن ایلس نے 16 رن بنائے۔ بقیہ کوئی بھی بلے باز دوہرے ہندسے تک نہیں پہنچ سکا۔


گیندبازی میں ہندوستان کی جانب سے ہرشت رانا سب سے کامیاب رہے، جنھوں نے 8.4 اوورس میں 39 رن دے کر 4 وکٹ لیے۔ انھوں نے ایلیکس کیری، کوپر کونولی، مشیل اوین اور جوش ہیزل ووڈ کو پویلین بھیجا۔ واشنگٹن سندر نے 10 اوورس میں 44 رن دے کر 2 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔ بقیہ گیندبازوں محمد سراج، پرشدھ کرشنا، کلدیپ یادو اور اکشر پٹیل کو 1-1 وکٹ حاصل ہوئے۔

جب ہندوستان کی بلے بازی شروع ہوئی تو سبھی کی نظریں روہت شرما اور وراٹ کوہلی کی طرف تھیں۔ سلامی بلے باز روہت شرما اور کپتان شبھمن گل نے اننگ کی شروعات کی اور دونوں نے 10.2 اوورس میں 69 رنوں کی شراکت داری بھی کی۔ کپتان گل 26 گیندوں پر 24 رن بنا کر جوش ہیزل ووڈ کا شکار ہو گئے، لیکن اس کے بعد ہندوستان کا مزید کوئی وکٹ نہیں گرا۔ ’رو-کو‘ کے نام سے مشہور روہت شرما اور وراٹ کوہلی کی جوڑی آسٹریلیائی گیندبازوں پر پوری طرح حاوی نظر آئے۔ پچھلے 2 میچوں میں صفر پر آؤٹ ہونے والے کوہلی نے آج پہلی ہی گیند پر سنگل نکال کر دباؤ کو ہٹایا، اور پھر اپنا فطری کھیل شروع کر دیا۔ روہت شرما نے جہاں 125 گیندوں پر 3 چھکوں اور 13 چوکوں کی مدد سے 121 رن بنائے، وہیں وراٹ کوہلی نے 81 گیندوں میں 7 چوکوں کی مدد سے 74 رن بنائے۔


روہت اور وراٹ کی اس بہترین کارکردگی کی بدولت ہندوستان نے 237 رنوں کا ہدف محض 38.3 اوورس میں حاصل کر لیا۔ آسٹریلیا کی گیندبازی پر بات کی جائے تو جوش ہیزل ووڈ کو چھوڑ کر کوئی بھی روہت-وراٹ کو پریشان نہیں کر سکا۔ ہیزل ووڈ نے 6 اوورس میں 23 رن دے کر ایک وکٹ حاصل کیا، بقیہ گیندباز وکٹ سے محروم ہی رہے۔ مشیل اسٹارک کو 5 اوورس میں 31 رن، کوپر کونولی کو 5 اوورس میں 36 رن، ایڈم زیمپا کو 10 اوورس میں 50 رن، میتھیو شارٹ کو 4 اوورس میں 29 رن اور ناتھن ایلس کو 7.3 اوورس میں 60 رن پڑ گئے۔ مشیل اووین کو محض 1 اوور ملا، جس میں انھوں نے 2 رن دیے۔ روہت شرما کو ان کی بہترین بلے بازی کے لیے پلیئر آف دی میچ کے ساتھ ساتھ پلیئر آف دی سیریز کا ایوارڈ بھی دیا گیا۔ روہت نے 3 یک روزہ میچوں کی اس سیریز میں ایک سنچری و ایک نصف سنچری کی مدد سے مجموعی طور پر 202 رن بنائے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔