آسٹریلیا نے زمبابوے کو پانچ وکٹ سے دی شکست

زمبابوے نے آسٹریلیا کو 201 رن کا ہدف دیا تھا جو اس نے 33.3 اوور میں ہی حاصل کر لیا۔

آسٹریلیائی ٹیم، تصویر یو این آئی
آسٹریلیائی ٹیم، تصویر یو این آئی
user

یو این آئی

ٹاؤنسویل: آسٹریلیا نے کیمرون گرین کی پانچ وکٹیں لینے کے بعد ڈیوڈ وارنر (57) کی نصف سنچری کی بدولت اتوار کو پہلے ون ڈے میں زمبابوے کو پانچ وکٹوں سے شکست دے دی۔ زمبابوے نے آسٹریلیا کو 201 رن کا ہدف دیا تھا جو اس نے 33.3 اوور میں ہی حاصل کر لیا۔ آسٹریلیا نے ٹاس جیت کر زمبابوے کو پہلے بیٹنگ کے لیے بلایا اور 47.3 اوور میں 200 رن پر آل آؤٹ کر دیا۔ زمبابوے کے اپر آرڈر نے ٹیم کو مضبوط آغاز فراہم کیا لیکن مڈل آرڈر کی ناکامی کے باعث وہ بڑا اسکور نہ کرسکی۔

زمبابوے کی جانب سے ویسلے مادھویرے نے سب سے زیادہ 72 (91) رن بنائے۔ انہوں نے اپنی اننگز میں چار چوکے لگائے۔ اس کے علاوہ تادیوناشے مارومانی نے 45 (61) اور کپتان ریگیس چکابوا نے 31 (33) رن بنائے۔ آسٹریلیا کی جانب سے کیمرون گرین نے شاندار گیند بازی کرتے ہوئے نو اوور میں 33 رن کے عوض پانچ وکٹیں حاصل کیں، جس میں سکندر رضا (05) اور چکبوا کی وکٹیں شامل تھیں۔ اس کے علاوہ ایڈم زمپا نے تین جبکہ مچل اسٹارک اور مچل مارش نے ایک ایک وکٹ حاصل کیا۔


آسٹریلیا نے 201 رن کے ہدف کے تعاقب میں پانچ وکٹیں گنوائیں۔ کپتان ایرون فنچ (15) نے آؤٹ ہونے سے قبل وارنر کے ساتھ پہلی وکٹ کے لیے 43 رن کی شراکت داری کی۔ وارنر نے اس کے بعد اسٹیو اسمتھ کے ساتھ دوسری وکٹ کے لیے 65 رن جوڑے اور اننگز کو آگے بڑھایا۔

وارنر نے 66 گیندوں پر سات چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے 57 رن بنائے جبکہ اسمتھ نے 80 گیندوں پر ناقابل شکست 48 رن بنائے۔ الیکس کیری (10)، مارکس اسٹوئنس (19) اور مچل مارش (02) فوری وقفوں میں آؤٹ ہوئے لیکن گلین میکسویل نے نو گیندوں پر 32 رن بنا کر ٹیم کو ہدف تک پہنچا دیا۔ اس جیت کے ساتھ ہی آسٹریلیا نے تین میچوں کی سیریز میں 1-0 کی برتری حاصل کر لی ہے۔ سیریز کا دوسرا میچ بدھ کو اسی گراؤنڈ پر کھیلا جائے گا۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔