بارش سے متاثرہ پہلے ٹی-20 مقابلہ میں آسٹریلیا کی ہندوستان پر 4 رن سے جیت

بارش سے متاثرہ میچ میں ہندوستانی کرکٹ ٹیم کو 17 اووروں میں 174 رن کا چیلنجنگ ہدف حاصل ہوا تھا لیکن وہ سات وکٹ گنواکر 169 رن ہی بناسکی۔

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

یو این آئی

برسبین: آسٹریلیائی کرکٹ ٹیم نے بارش سے متاثرہ پہلے ٹی۔20 مقابلے میں بدھ کے روز آخری وقت میں ڈک ورتھ لوئس ضابطے کے مطابق چار رن سے جیت اپنے نام کرکے تین میچوں کی سیریز میں 1۔0 کی برتری حاصل کرلی۔

بارش سے متاثرہ میچ میں ہندوستانی کرکٹ ٹیم کو 17 اووروں میں 174 رن کا چیلنجنگ ہدف حاصل ہوا تھا لیکن وہ سات وکٹ گنواکر 169 رن ہی بناسکی۔ ہندوستان نے ٹاس جیتنے کے بعد آسٹریلیا کو پہلے بلے بازی کی دعوت دی لیکن میچ کے 17 ویں اوور میں بارش کے دستک دینے کے بعد میچ کچھ دیر روک دینا پڑا۔ اس کے بعد میچ میں اووروں کی تعداد کو کم کرکے 17 اوور کردیا گیاجس میں آسٹریلیا نے چار وکٹ پر 158 رن بنائے جبکہ ڈک ورتھ لوئس ضابطے سے ہندوستان کو اتنے اووروں میں 174 رن کا چیلنجگ ہدف دیا گیا۔

ہندوستان کے لئے شکھر دھون نے 76 رنوں کی اہم نصف سنچری والی اننگز کھیلی جبکہ آخری اووروں میں وکٹ کیپر بلے باز رشبھ پنت نے 20 رن اور دنیش کارتک نے 30 رن بنائے۔ آسٹریلیا کے لئے ایڈم جمپا نے 22 رن پر دو وکٹ اور مارکس اسٹوئنس نے 27 رن پر دو وکٹ لئے ۔ بلی اسٹین لیک، اینڈریو ٹائی اور بہرین ڈراف کو ایک ایک وکٹ ملا۔

اس سے قبل آسٹریلیائی ٹیم نے 75 رن پر تین وکٹ گنوانے کے بعد گلین میکسویل اور مارکس اسٹوئنس کے درمیان چوتھے وکٹ کے لئے 78 رن کی شراکت داری سے ہندوستان کے سامنے چیلنجنگ اسکور بنایا۔ میکسویل نے 46 رن جبکہ اسٹوئنس نے ناٹ آؤٹ 33 رن کی اہم اننگز کھیلی۔ ہندوستان کے لئے چائنا مین گیند باز کلدیپ یادو نے 24 رن پر دو وکٹ لئے جبکہ جسپریت بمراہ نے 21 رن پر ایک اور خلیل احمد نے مہنگی گیند بازی کرتے ہوئے 42 رن رپ ایک وکٹ لیا۔

ہدف کا تعاقب کرنے اتری ہندوستانی ٹیم کا آغاز خراب رہا اور اسے روہت شرما (7) کی صورت میں پہلا جھٹکا جلد لگا جنہیں 20 سال کے میڈیم تیز گیند باز جیسن بہرین ڈراف نے آرون فنچ کے ہاتھوں کیچ کرایا۔ لیکن آسٹریلیا کے خلاف اچھا ریکارڈ رکھنے والے بلے باز دھون نے ایک سرا سنبھالتے ہوئے 76 رن کی نصف سنچری والی اننگز کھیلی ۔ دھون نے 42 گیندوں کی اننگز میں 10 چوکے اور دو چھکے لگائے اور ٹی۔ 20 میں اپنی نویں نصف سنچری مکمل کی۔

روہت کے بعد لوکیش راہل (13) بھی جلد ہی دوسرے بلے باز کے طور پر آؤٹ ہوئے ۔ راہل نے دھون کے ساتھ دوسرے وکٹ کے لئے 46 رن کی شراکت داری کی۔ انہیں ایڈم جمپا نے آؤٹ کیا جبکہ کپتان وراٹ بھی چار رن ہی بنا سکے۔ وراٹ کو جمپا نے کرس لن کے ہاتھوں کیچ کراکر 94 رن پر ہندوستان کے تین اہم وکٹ لئے۔ دھون بھی جلد ہی چوتھے بلے باز کے طور پر آؤٹ ہوگئے۔ انہیں میڈیم تیز گیند باز بلی اسٹوئنس نے آؤٹ کیا۔

لیکن پھر دو ماہر وکٹ کیپر بلے بازوں رشبھ پنت اور دنیش کارتک نے آخری اوور میں پانچویں وکٹ کے لئے 51 رن کی کامیاب شراکت داری کی۔ پنت نے 15 گیندوں میں ایک چوکا اور ایک چھکا لگاکر 20 رن بنائے لیکن اینڈریو ٹائی نے بہرین ڈراف کے ہاتھوں انہیں کیچ کراکر پانچواں وکٹ لے لیا جس سے رنوں کی رفتار سست پڑگئی۔ اگرچہ کارتک ایک سرے پر رن بناتے رہے لیکن اسٹوئنس نے انہیں بہرین ڈراف کے ہاتھوں اہم وقت پر کیچ کراکے اننگز میں تین گیندیں باقی رہتے ہوئے ساتویں بلے باز کی صورت میں آؤٹ کرادیا۔

کارتک نے 13 گیندوں میں چار چوکے اور ایک چھکا لگاکر 30 رن بنائے۔ بھونیشور کمار نے ایک گیند پر ایک رن بنایا جبکہ کلدیپ نے ایک گیند پر چوکا لگایا لیکن ہندوستانی جیت سے محض 4 رن دور رہ گئے۔

آسٹریلیا نے بھی اننگز کی شروعات لڑکھراٹے ہوئے کی اور 75 رن پر اس نے اپنے تین وکٹ گنوا دیئے لیکن مڈل آرڈر میں گلین میکسویل اور مارکس اسٹوئنس نے نصف سنچری والی شراکت داری سے ٹیم کو سنبھالا۔ میکس ویل نے 24 گیندوں کی اننگز میں چار زبردست چھکے لگاکر 46 رن بنائے جبکہ اسٹوئنس 19 گیندوں میں تین چوکے اور ایک چھکا لگاکر 33 رن پر ناٹ آؤٹ رہے۔

اس سے قبل بارش کی وجہ سے16.1 اوور کی پہلی گیند پر میچ روکنا پڑا۔ میچ روکے جانے کے وقت تک آسٹریلیا تین وکٹ پر 153 رن بنا چکا تھا لیکن جب میچ دوبارہ شروع ہوا تو 17 اوور کا کھیل پورا کرایا گیا۔

ہندوستان نے ٹاس جیتنے کے بعد آسٹریلیا کو پہلے بلے بازی کرنے کا موقع دیا اور خلیل احمد نے ڈی آرکی شارٹ (7) کو کلدیپ یادو کے ہاتھوں کیچ کراکر جلد ہی ہندوستان کو پہلا وکٹ دلا دیا۔ کپتان آرون فنچ نے 27 رن اور کرس لن نے 37 رن بنائے اور دوسرے وکٹ کے لئے 40 رن کی شراکت داری کی لیکن کلدیپ نے اس بار فنچ کو خلیل کے ہاتھوں کیچ کرادیا۔

اس کے بعدلن بھی جلد ہی پویلین لوٹ گئے۔ انہیں چائنا مین گیند باز کلدیپ نے اپنی ہی گیند پر کیچ اور بولڈ کیا۔ لن نے 20 گیندوں میں ایک چوکا اور چار چھکے لگاکر تیزی سے رن حاصل کئے۔ اس کے بعدمیڈیم تیز گیند جسپریت بمراہ نے میکسویل کو بھونیشور کمار کے ہاتھوں کیچ کراکر چوتھا اور اننگز کا آخری وکٹ لیا۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔


Published: 21 Nov 2018, 8:09 PM
/* */