آسٹریلیا سے آٹھ وکٹ سے ہاری ہندستانی خاتون ٹیم

آئی سی سی خاتون چمپئن شپ کے تحت کھیلی جا رہی سیریز کے پہلے ون ڈے میں ہندستانی خاتون ٹیم نے ٹاس جیت کر پہلے بلے بازی کرنےکا فیصلہ کیا لیکن آسٹریلوی گیند بازوں کے سامنےمقررہ50اوورمیں 200 رن ہی بنا سکی۔

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

یو این آئی

بڑودہ : سلامی بلے باز نکول بولٹن (ناٹ آؤٹ 100) کی سنچری اور بولر جیس جوناسین (30 رن پر چار وکٹ) کی کارکردگی کی بدولت آسٹریلیا نے میزبان ہندستانی خواتین کرکٹ ٹیم کو یہاں پیر کو پہلے ون ڈے انٹرنیشنل میچ میں آٹھ وکٹ سے یکطرفہ انداز میں شکست دے دی۔ آئی سی سی خاتون چمپئن شپ کے تحت کھیلی جا رہی سیریز کے پہلے ون ڈے میں ہندستانی خاتون ٹیم نے ٹاس جیت کر پہلے بلے بازی کرنے کا فیصلہ کیا لیکن آسٹریلوی گیند بازوں کے سامنے وہ مقررہ 50 اوور میں 200 رن ہی بنا سکی۔ ہدف کا تعاقب کرتے ہوئے مہمان ٹیم نے 32.1 اوور میں دو وکٹ کے نقصان پر 202 رن بنا کر جیت اپنے نام کر لی۔ اس سے آسٹریلوی ٹیم کو دو پوائنٹس ملے۔

آسٹریلوی اننگز میں سلامی بلے باز بولٹن نے 101 گیندوں میں 12 چوکے لگا کر ناٹ آؤٹ 100 رنز کی بہترین اننگز کھیلی جو 29 سالہ کھلاڑی کی ون ڈے میں پانچویں سنچری ہے۔ان کے علاوہ ایلسا هیلی نے 38، کپتان مینگ لیننگ نے 33 اور ایلسی پیری نے ناٹ آؤٹ 25 رنز بنائے۔ہندوستان کی طرف سے شکھا پانڈے محض ایک وکٹ نکال سکیں۔اس سے پہلے ہندستانی اننگز میں اوپننگ آرڈر کی بلے بازوں نے مایوس کیا اور اوپنر پونم راوت کے 37 رن کے بعد کوئی کھلاڑی خاص رنز نہیں بنا سکی۔سمرتی مدھانا 12 رن اور جیمما روڈریگیز ایک رن پر سستے میں آؤٹ ہوئیں تو کپتان هرمن پريت کور نے 29 گیندوں میں ایک چوکا لگا کر نو رن ہی بنائے۔پرتبھا شرما (18) اور ویدا كرشنامورتی (16) رن نے بورڈ پر رن جوڑ کر ٹیم کو چھ وکٹ پر 100 کے پار پہنچایا۔
ساتویں نمبر پر سشما ورما نے صبر و تحمل دکھاتے ہوئے 71 گیندوں میں تین چوکے لگا کر 41 رنز کی اہم اننگز کھیلی جبکہ نویں نمبر پر پوجا وستركر نے 56 گیندوں میں سات چوکے اور ایک چھکا لگا کر 51 رن کی بڑی نصف سنچری اننگز کھیلی اور ہندستان کو لڑنے کے قابل اسکور تک پہنچایا۔آسٹریلیا کے لیے جوناسین نے 10 اوور میں 30 رن پر ہندستان کے سب سے زیادہ چار وکٹ نکالے جبکہ امانڈا جیڈ ویلنگٹن نے کیریئر کی بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے 24 رن پر تین وکٹ لئے۔ہندستان اور آسٹریلیا کے درمیان تین ون ڈے میچوں کی سیریز کا دوسرا میچ اسی میدان پر 15 مارچ کو کھیلا جائے گا۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔