چمپئنز ٹرافی 2025: آسٹریلیا نے 15 رکنی ٹیم کا کیا اعلان، آل راؤنڈرس کی بڑی تعداد کو ملا موقع
میتھیو شارٹ نے بگ بیش لیگ میں شاندار مظاہرہ کیا ہے، جبکہ ہارڈی ایک بہترین تیز گیندباز ہیں جو بلے بازی بھی کر سکتے ہیں، وارنر کے ریٹائرمنٹ کے بعد شارٹ نے سلامی بلے باز کی شکل میں اپنی جگہ پختہ کر لی ہے

مشیل اسٹارک اور پیٹ کمنس، تصویر @ICC
آسٹریلیا نے ’آئی سی سی چمپئنز ٹرافی 2025‘ کے لیے 15 کھلاڑیوں پر مشتمل اپنے اسکواڈ کا اعلان کر دیا ہے۔ یہ ٹورنامنٹ 19 فروری سے پاکستان اور یو اے ای میں شروع ہوگا۔ آل راؤنڈر میتھیو شارٹ اور آرون ہارڈی کو ٹیم میں شامل کیا گیا ہے جو اس وقت بہترین فارم میں چل رہے ہیں۔ شارٹ نے بگ بیش لیگ (بی بی ایل) میں شاندار بلے بازی کا مظاہرہ کیا، جبکہ ہارڈی ایک بہترین تیز گیندباز ہیں جو بلے بازی بھی کر سکتے ہیں۔ ڈیوڈ وارنر کے ریٹائرمنٹ کے بعد میتھیو شارٹ نے سلامی بلے باز کے طور پر ٹیم میں اپنی جگہ ایک طرح سے پختہ کر لی ہے۔
جوش ہیزل ووڈ اور کپتان پیٹ کمنز سری لنکائی دورے کے لیے ٹیم میں شامل نہیں کیے گئے تھے، لیکن چمپئنز ٹرافی کے لیے منتخب ٹیم میں موجود ہیں۔ اس سے ظاہر ہوتا ہے کہ ان دونوں کھلاڑیوں کو چمپئنز ٹرافی سے پہلے آرام دیا گیا ہے۔ وکٹ کیپر بلے باز ایلیکس کیری نے بھی اپنی جگہ برقرار رکھی ہے۔ ناتھن ایلس، جنھوں نے ہوبارٹ ہریکینس کو بی بی ایل 14 کے فائل تک پہنچانے میں اہم کردار نبھایا تھا، وہ بھی آسٹریلیائی اسکواڈ میں شامل ہیں۔ حالانکہ جیک فریزر میک گارک کو خراب فارم کے سبب باہر کر دیا گیا ہے۔ ان کی جگہ شارٹ کو ٹریوس ہیڈ کے ساتھ سلامی بلے باز کی شکل میں دیکھا جا رہا ہے۔ کپتان پیٹ کمنز اس ٹورنامنٹ میں ٹیم کی کپتانی کریں گے، لیکن ان کے ٹخنے کی چوٹ کے سبب کھیلنا پوری طرح یقینی نہیں ہے۔ کیمرون گرین (جن کے پیٹھ کی سرجری ہوئی ہے) اور سین ایبوٹ ٹیم کا حصہ نہیں ہیں۔
سلیکٹرس نے ٹیم میں آل راؤنڈر کی ایک بڑی تعداد کو شامل کیا ہے۔ مچیل مارش، گلین میکسویل، مارکس اسٹوئنس تو آل راؤنڈر ہیں ہی، ٹریوس ہیڈ اور مارنس لابوشین بھی گیندبازی کرتے ہیں۔ اسکواڈ پر مزید گہرائی سے نظر ڈالیں تو متیھیو شارٹ بھی گیندبازی کر سکتے ہیں اور آرون ہارڈی گیندبازی کے ساتھ ساتھ بلے بازی بھی اچھی کرتے ہیں۔ ایڈم زیمپا ٹیم میں بطور ماہر اسپنر شامل کیے گئے ہیں، جبکہ تیز گیندبازی کی ذمہ داری کمنز اور ہیزل ووڈ کے ساتھ ناتھن ایلس سنبھالیں گے۔
سلیکٹر جارج بیلی نے اس ٹیم کا انتخاب کیے جانے کے بعد کہا کہ ’’یہ ایک متوازن اور تجربہ کار ٹیم ہے، جس میں گزشتہ عالمی کپ اور دیگر بڑی سیریز کا تجربہ ہے۔ یہ ٹیم ہر حالات میں اچھی کارکردگی پیش کرنے میں اہل ہے۔‘‘ چمپئنز ٹرافی میں آسٹریلیا کو گروپ بی میں رکھا گیا ہے جہاں اس کے ساتھ افغانستان، انگلینڈ اور جنوبی افریقہ کی ٹیمیں ہیں۔ گروپ کے سبھی میچ پاکستان کے لاہور اور راولپنڈی میں کھیلے جائیں گے۔ سیمی فائنل اور فائنل مقابلے کے لیے لاہور یا دبئی کو منتخب کیا گیا ہے۔ فائنل مقابلہ 9 مارچ کو ہوگا۔
آسٹریلیائی ٹیم: پیٹ کمنز (کپتان)، ایلیکس کیری، ناتھن ایلس، آرون ہارڈی، جوش ہیزل ووڈ، ٹریوس ہیڈ، جوش انگلس، مارنس لابوشین، مشیل مارش، گلین میکسویل، میتھیو شارٹ، اسٹیو اسمتھ، مشیل اسٹارک، مارکس اسٹوئنس، ایڈم زیمپا۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔