ایشیا کپ: کے ایل راہل کو لے کر کشمکش والی حالت ختم، پہلے 2 میچوں سے ہوئے باہر

میڈیا سے بات چیت کے دوران راہل دراوڑ نے بتایا کہ کے ایل راہل کی فٹنس پر کام کیا جا رہا ہے، لیکن وہ ایشیا کپ کے پہلے دو میچوں میں نہیں کھیل پائیں گے۔

کے ایل راہل، تصویر آئی اے این ایس
کے ایل راہل، تصویر آئی اے این ایس
user

قومی آوازبیورو

ایشیا کپ ٹورنامنٹ شروع ہونے میں اب کچھ ہی دن باقی رہ گئے ہیں۔ اس دوران اس بات کو لے کر کشمکش والی حالت دیکھنے کو مل رہی تھی کہ کے ایل راہل ہندوستانی ٹیم کے پلیئنگ الیون کا حصہ رہیں گے یا نہیں۔ اب کشمکش والی یہ حالت ختم ہو گئی ہے، کیونکہ ہندوستانی ٹیم کے ہیڈ کوچ راہل دراوڑ نے واضح کر دیا ہے کہ وہ ایشیا کپ کے پہلے دو میچوں سے باہر رہیں گے۔

میڈیا سے بات چیت کے دوران راہل دراوڑ نے بتایا کہ کے ایل راہل کی فٹنس پر کام کیا جا رہا ہے، لیکن وہ ایشیا کپ کے پہلے دو میچوں میں نہیں کھیل پائیں گے۔ یہاں قابل ذکر بات یہ ہے کہ ہندوستانی ٹیم اپنا پہلا میچ پاکستان کے خلاف 2 ستمبر کو کھیلے گی اور اس میچ کا پوری دنیا کے کرکٹ شائقین بے صبری سے انتظار کر رہے ہیں۔ اس اہم میچ میں کے ایل راہل کی غیر موجودگی ہندوستانی ٹیم کے لیے بری خبر ہے۔ حالانکہ ہندوستانی ٹیم نے بیک اَپ کھلاڑی کی شکل میں سنجو سیمسن کو اسکواڈ کا حصہ بنایا ہے، لیکن امید کی جا رہی ہے کہ بطور وکٹ کیپر بلے باز ایشان کشن کو کے ایل راہل کی جگہ ٹیم میں کھیلنے کا موقع مل سکتا ہے۔ لیکن ایک بڑا سوال یہ ہوگا کہ کیا راہل کی طرح ایشان کشن کو پانچویں نمبر پر بلے بازی دی جائے گی، یا پھر ہندوستان کے سلامی بلے باز روہت شرما اور شبھمن گل میں سے کسی ایک کو نیچے بھیج کر ایشان سے اوپننگ کرائی جائے گی۔


بہرحال، ہندوستانی ٹیم پاکستان کے خلاف کسی بھی طرح کا جوکھم لینا نہیں چاہے گی اور ایسی امید ہے کہ کھلاڑیوں کو اس پوزیشن پر کھیلنے کا موقع دیا جائے گا جہاں وہ بہتر کارکردگی کا مظاہرہ کر سکتے ہیں۔ پاکستان کے بعد ہندوستانی ٹیم کو نیپال کے خلاف دوسرا میچ 4 ستمبر کو کھیلنا ہے۔ اس میچ میں کے ایل راہل کی کمی محسوس نہیں کی جائے گی، کیونکہ نیپال کی ٹیم بہت مضبوط نہیں ہے۔ اب کرکٹ شائقین دعا کر رہے ہیں کہ آگے کے میچز کے لیے راہل فٹ ہو جائیں تاکہ ہندوستانی ٹیم پوری مضبوطی کے ساتھ ایک بار پھر ایشیا کپ ٹورنامنٹ جیتنے کا خواب شرمندۂ تعبیر کر سکے۔

واضح رہے کہ کے ایل راہل آئی پی ایل 2023 کے دوران زخمی ہوئے تھے۔ ان کی جانگھ میں چوٹ لگی تھی جس کے بعد انھیں کئی ماہ کا آرام دیا گیا۔ این سی اے میں انھوں نے اپنی فٹنس پر بہت کام کیا، لیکن ایشیا کپ کے لیے جب ٹیم منتخب کی جا رہی تھی تو ان کے پٹھوں میں پھر سے کھنچاؤ آیا۔ حالانکہ اس کے باوجود انھیں ہندوستانی ٹیم میں جگہ دی گئی۔ بتایا جا رہا ہے کہ راہل کو ٹھیک ہونے میں اب بھی 7 سے 10 دن لگ سکتے ہیں۔ یعنی وہ ان 10 دنوں میں پوری طرح فٹ ہو کر ہندوستانی ٹیم کا حصہ بنتے ہیں تو یہ ایشیا کپ کے لیے ہی نہیں، آئندہ عالمی کپ کے لیے بھی ہندوستانی کرکٹ شیدائیوں کے لیے ایک بڑی خوشخبری ہوگی۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔