ایشیا کپ 2025 کا شیڈول جاری، 9 سے 28 ستمبر تک کھیلا جائے گا ٹورنامنٹ، ہندوستان اور پاکستان یکساں گروپ میں

’ایشیا کپ 2025‘ کی میزبانی ہندوستان کو ملی تھی، لیکن کچھ دن قبل بی سی سی آئی نے اس ٹورنامنٹ کو نیوٹرل وینو پر کرانے کی حامی بھر دی تھی۔ ہندوستان اور پاکستان کے درمیان میچ کو لے کر تذبذب والی حالت ہے۔

ایشیا کپ، تصویر آئی اے این ایس
ایشیا کپ، تصویر آئی اے این ایس
user

قومی آواز بیورو

ایشیائی کرکٹ کا ’مہاکمبھ‘ یعنی ایشیا کپ رواں سال ستمبر ماہ میں کھیلا جائے گا۔ ایشین کرکٹ کونسل (اے سی سی) کے چیئرمین محسن نقوی نے اس کے لیے شیڈول کا آج اعلان کر دیا۔ حالانکہ مکمل شیڈول جاری نہیں کیا گیا ہے۔ انھوں نے کہا ہے کہ ٹورنامنٹ کی تفصیل بہت جلد جاری کی جائے گی۔ فی الحال یہ جانکاری دی گئی ہے کہ ’ایشیا کپ 2025‘ 9 ستمبر سے شروع ہوگا اور فائنل مقابلہ 28 ستمبر کو کھیلا جائے گا۔

قابل ذکر ہے کہ حال ہی میں ہوئی ایشیائی کرکٹ کونسل کی میٹنگ میں ہندوستان، پاکستان اور بنگلہ دیش نے اپنے فیصلوں کو درکنار کرتے ہوئے ایشیا کپ میں کھیلنے کا فیصلہ لیا ہے۔ پہلے اس ٹورنامنٹ کی میزبانی ہندوستان کو ملی تھی، لیکن کچھ دن قبل بی سی سی آئی نے اسے نیوٹرل وینیو پر کرانے کی حامی بھر دی تھی۔ اس ٹورنامنٹ میں ہندوستان اور پاکستان کے درمیان 3 میچ کھیلے جانے کا امکان ہے، کیونکہ یہ دونوں ہی ٹیمیں یکساں گروپ میں ہیں۔ حالانکہ ہندوستان اور پاکستان کے میچ سے متعلق تذبذب کی حالت اب بھی برقرار ہے۔ اس سلسلے میں فی الحال کوئی آفیشیل جانکاری سامنے نہیں آئی ہے۔


بہرحال، کرکٹ شیدائیوں کے لیے یہ خبر خوش آئند ہے کہ ایشیا کپ 2025 کا آغاز 9 ستمبر سے ہونے والا ہے۔ میڈیا رپورٹس پر اعتبار کیا جائے تو ہندوستان اور پاکستان کا میچ ضرور دیکھنے کو مل سکتا ہے، کیونکہ اس بات کا خیال رکھتے ہوئے ہی ٹورنامنٹ کا انعقاد یو اے ای واقع دبئی اور ابوظبی میں کیا جا رہا ہے۔ اس بار ایشیا کپ میں مجموعی طور پر 8 ٹیمیں حصہ لے رہی ہیں، اور ایسا پہلی بار ہوگا کہ اتنی زیادہ ٹیمیں شامل ہو رہی ہیں۔ یہ ٹیمیں ہیں ہندوستان، پاکستان، بنگلہ دیش، افغانستان، سری لنکا، ہانگ کانگ، یو اے ای اور عمان۔ ایشیا کپ کا انعقاد پہلی مرتبہ 1984 میں ہوا تھا اور اب تک مجموعی طور پر 16 مرتبہ یہ ٹورنامنٹ کھیلا جا چکا ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔