ایشیا کپ کے لیے ہندوستانی ٹیم کا اعلان، گِل نائب کپتان، بمراہ کی واپسی، شریئس اور یشسوی باہر

ایشیا کپ 2025 کے لیے ہندوستانی ٹیم کا اعلان، سوریہ کمار کپتان اور شبھمن گِل نائب کپتان مقرر۔ بمراہ کی واپسی، سراج کو آرام، شریئس اور یشسوی کو جگہ نہیں ملی۔ ٹورنامنٹ 9 ستمبر سے یو اے ای میں ہوگا

<div class="paragraphs"><p>تصویر سوشل میڈیا</p></div>
i
user

قومی آواز بیورو

ممبئی: ایشیا کپ 2025 کے لیے ہندوستانی ٹی-20 ٹیم کا اعلان کر دیا گیا ہے۔ ٹیم کی قیادت سوریہ کمار یادو کے سپرد کی گئی ہے جبکہ شبھمن گِل کو نائب کپتان مقرر کیا گیا ہے۔ چیف سلیکٹر اجیت اگرکر نے بی سی سی آئی کے سکریٹری دیوجیت سیکیا کے ساتھ مشاورت کے بعد اسکواڈ کا اعلان کیا۔

ٹورنامنٹ 9 سے 28 ستمبر تک متحدہ عرب امارات (یو اے آئی) کے شہروں دبئی اور ابوظہبی میں کھیلا جائے گا۔ ہندوستانی ٹیم کو گروپ-اے میں پاکستان، عمان اور یو اے ای کے ساتھ رکھا گیا ہے۔ ٹیم اپنا پہلا میچ 10 ستمبر کو یو اے ای کے خلاف دبئی میں کھیلے گی، دوسرا بڑا مقابلہ 14 ستمبر کو پاکستان سے ہوگا، جبکہ تیسرا میچ 19 ستمبر کو ابوظہبی میں عمان کے خلاف ہوگا۔


بولنگ شعبے میں جسپرت بمراہ کی واپسی سب سے اہم خبر ہے۔ انہیں ارشدیپ سنگھ اور نوجوان پیسر ہرشِت رانا کا ساتھ حاصل ہوگا۔ محمد سراج کو انگلینڈ کے خلاف شاندار کارکردگی (23 وکٹیں) کے بعد آرام دیا گیا ہے۔ اسپن بولنگ میں کلدیپ یادو اور ورون چکرورتی ٹیم میں شامل ہیں۔

بیٹنگ میں سوریہ کمار یادو، شبھمن گِل، ابھیشیک شرما، تلک ورما اور رنکو سنگھ پر انحصار کیا جائے گا۔ اوپننگ میں سنجو سیمسن اور ابھیشیک شرما کی جوڑی اترے گی۔ سیمسن کے بیک اپ کے طور پر جتیش شرما کو موقع دیا گیا ہے۔

آل راؤنڈرز میں ہاردک پانڈیا، شیوم دوبے اور اکشر پٹیل اسکواڈ کا حصہ ہیں۔ ہیڈ کوچ گوتم گمبھیر نے ہمیشہ آل راؤنڈرز کی موجودگی پر زور دیا ہے اور ٹیم میں یہ توازن قائم رکھنے کی کوشش کی گئی ہے۔

اسکواڈ اس طرح ہے: سوریہ کمار یادو (کپتان)، شبھمن گِل (نائب کپتان)، ابھیشیک شرما، تلک ورما، رنکو سنگھ، سنجو سیمسن، جیتیش شرما، ہاردک پانڈیا، شیوم دوبے، اکشر پٹیل، جسپرت بمراہ، ارشدیپ سنگھ، ہرشِت رانا، کلدیپ یادو اور ورون چکرورتی۔


اسٹینڈ بائے کھلاڑیوں میں مشہور کرشنا، واشنگٹن سندر، ریان پراگ، دھروو جوریل اور یشسوی جیسوال کو شامل کیا گیا ہے۔ اہم کھلاڑیوں میں شریئس ایّر اور یشسوی جیسوال اس بار جگہ بنانے میں ناکام رہے ہیں، جبکہ روی بشنوئی کو بھی اسکواڈ میں شامل نہیں کیا گیا۔

ایشیا کپ کے فارمیٹ کے مطابق دونوں گروپ سے ٹاپ دو ٹیمیں سپر-4 مرحلے میں پہنچیں گی اور پھر سرفہرست دو ٹیمیں 28 ستمبر کو فائنل کھیلیں گی۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔