ایشیا کپ: نہ ہندوستان جیتا نہ پاکستان، بارش ہوئی فتحیاب، میچ رَد، نیپال کے خلاف ہندوستان کے لیے ’کرو یا مرو‘ والی حالت

روہت شرما و بابر اعظم، تصویر آئی اے این ایس
روہت شرما و بابر اعظم، تصویر آئی اے این ایس
user

قومی آوازبیورو

02 Sep 2023, 10:33 PM

ہند-پاک میچ رَد ہونے کے بعد نیپال کے خلاف ہندوستان کو جیتنا ہوگا ضروری

ہند-پاک میچ رَد ہونے کے بعد دونوں ہی ٹیموں کو 1-1 پوائنٹس مل گئے ہیں۔ اس طرح پاکستان کے 3 پوائنٹس ہو گئے ہیں اور وہ گروپ اے سے سپر 4 میں پہنچ گیا ہے۔ اب ہندوستان کا اگلا مقابلہ 4 ستمبر کو نیپال سے ہے۔ یہ میچ ہندوستان کے لیے ’کرو یا مرو‘ والا میچ ہوگا۔ ایسا اس لیے کیونکہ اگر نیپال نے کوئی بڑا الٹ پھیر کر دیا تو ہندوستان کے لیے ایشیا کپ ٹورنامنٹ کا سفر 4 ستمبر کو ہی ختم ہو جائے گا۔ گروپ اے سے سرفہرست 2 ٹیمیں ہی سپر 4 میں جائیں گی اور پہلے پائیدان پر پاکستان کا قبضہ ہو گیا ہے۔ نیپال اور ہندوستان کے درمیان ہونے والے میچ میں جیتنے والی ٹیم گروپ میں دوسرا مقام حاصل کرے گی اور اس کے ساتھ ہی سپر 4 میں اس کی انٹری بھی ہو جائے گی۔ گروپ بی میں سری لنکا اور بنگلہ دیش کا مقابلہ سری لنکا نے جیت کر 2 پوائنٹ حاصل کر لیے ہیں۔ 3 ستمبر کو بنگلہ دیش بمقابلہ افغانستان میچ ہونا ہے۔ اگر افغانستان یہ میچ جیت جاتا ہے تو بنگلہ دیش کا سفر یہیں پر ختم ہو جائے گا۔ اگر بنگلہ دیش کو جیت ملتی ہے تو پھر افغانستان بمقابلہ سری لنکا میچ کا انتظار کرنا پڑے گا جو کہ 5 ستمبر کو کھیلا جائے گا۔

02 Sep 2023, 9:58 PM

ہندوستان اور پاکستان میچ کو بارش نے دھو ڈالا

بارش نے ہندوستان اور پاکستان میچ کو پوری طرح سے دھو دیا ہے۔ اس میچ کو رد کرنے کا اعلان کر دیا گیا ہے۔ ہندوستان نے جہاں 48.5 اوور میں 266 رن کا اسکور کھڑا کیا تھا، وہیں پاکستانی بلے باز ایک بھی گیند نہیں کھیل سکے۔ اس سے پہلے کہ پاکستانی بلے بازی شروع ہوتی، بارش رخنہ انداز ہو گئی۔ درمیان کچھ دیر کے لیے بارش رکی اور میچ شروع کرنے کے حالات بنے، لیکن کچھ ہی دیر بعد پھر بارش شروع ہو گئی۔ بارش بہت تیز نہیں تھی، لیکن اس میں کھیلنا ممکن نہیں تھا۔ میچ رد ہونے کی وجہ سے دونوں ہی ٹیموں کو 1-1 پوائنٹ مل گئے ہیں۔

02 Sep 2023, 9:38 PM

بارش نے ہند-پاک کا بگاڑ دیا مزہ، کرکٹ شائقین میں مایوسی

سری لنکا کے پلاکیلے میدان میں رہ رہ کر بارش شروع ہو جا رہی ہے۔ تازہ ترین خبروں کے مطابق بارش کی ہلکی بوچھاریں میدان پر پڑ رہی ہیں، جس کی وجہ سے میدان کو کور سے ڈھکا جا چکا ہے۔ اب ایسا محسوس ہو رہا ہے جیسے پاکستان کو 20 اوور کا نیا ہدف مل سکتا ہے۔ اگر میچ 10.30 بجے تک شروع ہوتا ہے تو پاکستان کو 20 اوور میں 155 رن بنانے کا ہدف مل سکتا ہے۔ حالانکہ اس سلسلے میں ابھی تک کوئی آفیشیل جانکاری نہیں دی گئی ہے۔


02 Sep 2023, 9:12 PM

بارش رُکنے کے بعد پاکستان کو ملا نیا ہدف

ہندوستان اور پاکستان کے درمیان مقابلہ بارش سے بری طرح متاثر ہوتا نظر آ رہا ہے۔ ہندوستان نے 48.5 اوور میں 266 رن بنائے، لیکن بارش کی وجہ سے پاکستان کو ایک نیا ہدف دیا گیا ہے۔ پاکستان کو جیت کے لیے 36 اوور میں 226 رن بنانے ہوں گے۔ ابھی پاکستانی اننگ کی شروعات نہیں ہوئی ہے اور امید کی جا رہی ہے کہ جلد ہی کھیل شروع ہوگا۔ فی الحال ہندوستانی کھلاڑی میدان پر وارم اَپ کر رہے ہیں۔

02 Sep 2023, 8:57 PM

بارش نے ایک بار پھر کھیل میں ڈالا رخنہ

سری لنکا کے پلاکیلے میدان میں ایک بار پھر بارش شروع ہو گئی ہے۔ پاکستانی ٹیم کی بلے بازی ابھی تک شروع نہیں ہو سکی ہے اور ایسا امکان ظاہر کیا جا رہا ہے کہ اب کچھ اوورس کم کیے جائیں گے۔ تازہ ترین اطلاعات کے مطابق بارش رک چکی ہے اور امپائر 9 بجے میدان کا معائنہ کریں گے، اس کے بعد ہی دوبارہ کھیل شروع ہوگا۔ واضح رہے کہ ہندوستانی ٹیم نے 48.5 اوور میں 266 رن بنائے ہیں۔ یعنی پاکستان کو جیت کے لیے 267 رن چاہیے۔


02 Sep 2023, 7:44 PM

ہندوستان کی پوری ٹیم 49ویں اوور میں 266 رن پر آؤٹ

ہندوستان کی پوری ٹیم 49ویں اوور میں 266 رنوں پر آؤٹ ہو گئی ہے۔ شروعاتی بلے بازوں کی طرح آخر کے بلے بازوں نے بھی پاکستان کے تیز گیندبازوں کے سامنے اپنے گھٹنے ٹیک دیے۔ ایشان کشن (82 رن) اور ہاردک پانڈیا (87 رن) کے علاوہ کسی نے بھی 20 رن کا اسکور بھی حاصل نہیں کیا۔ بمراہ نے آخر میں کچھ اچھے شاٹ لگائے اور 14 گیندوں پر 16 رنوں کی اننگ کھیلی۔ انھیں نسیم شاہ نے باؤنڈری پر کیچ آؤٹ کرایا۔ اس سے قبل نسیم شاہ نے کلدیپ یادو (4 رن) کو محمد رضوان کے ہاتھوں کیچ آؤٹ کرایا تھا۔

پاکستان کی طرف سے سب سے بہترین گیندباز شاہین شاہ آفریدی نے کی جنھوں نے 10 اوور میں 35 رن دے کر 4 وکٹ لیے۔ حارث رؤف نے 9 اوور میں 58 رن دے کر 3 وکٹ اور نسیم شاہ نے 8.5 اوور میں 36 رن دے کر 3 وکٹ لیے۔ گویا کہ سبھی وکٹ تیز گیندبازوں نے ہی حاصل کیے۔ شاداب خان (9 اوور میں 57 رن)، محمد نواز (8 اوور میں 55 رن) اور آغا سلمان (4 اوور میں 21 رن) کے ہاتھ کوئی وکٹ نہیں لگا۔

02 Sep 2023, 7:27 PM

شاردل ٹھاکر کو نسیم شاہ کرایا کیچ آؤٹ

ہندوستان کے لیے 44واں اوور اور 45ویں اوور کی پہلی گیند، یعنی 7 گیندیں کافی مہنگی ثابت ہوئی ہیں۔ ہاردک پانڈیا اور رویندر جڈیجہ کے بعد شاردل ٹھاکر بھی پویلین لوٹ چکے ہیں۔ 45ویں اوور کی پہلی ہی گیند پر نسیم شاہ نے شاردل ٹھاکر (3 رن) کو شاداب کے ہاتھوں کیچ آؤٹ کرا دیا ہے۔ ہندوستان جو ایک وقت 300 رن کی طرف بڑھتا ہوا نظر آ رہا تھا، اب مشکل میں ہے۔ پاکستان نے زبردست واپسی کی ہے۔ اس وقت 45 اوور میں ہندوستان کا اسکور 8 وکٹ کے نقصان پر 246 رن ہے۔


02 Sep 2023, 7:22 PM

شاہین آفریدی نے رویندر جڈیجہ کو بھی بھیجا پویلین

شاہین آفریدی نے ایک ہی اوور میں ہندوستان کو دو زبردست جھٹکا دے دیا ہے۔ ہاردک پانڈیا کے بعد انھوں نے رویندر جڈیجہ کو بھی پویلین بھیج دیا ہے۔ جڈیجہ 22 گیندوں پر محض 14 رن بنا سکے۔ ویسے اس وقت ہندوستان مستحکم پوزیشن میں ہے، لیکن آخر کے 6 اوورس میں زیادہ سے زیادہ رن بنانے کی کوشش رہے گی۔ شاردل ٹھاکر کے ساتھ کلدیپ یادو میدان پر موجود ہیں جو بڑے شاٹ لگانے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔ اس وقت ہندوستان کا اسکور 46 اوور میں 7 وکٹ کے نقصان پر 242 رن بنا لیے ہیں۔

02 Sep 2023, 7:16 PM

شاہین آفریدی نے خطرناک نظر آ رہے ہاردک پانڈیا کو کیا آؤٹ

خطرناک نظر آ رہے ہاردک پانڈیا کو شاہین آفریدی نے آؤٹ کر پاکستان کو سکون میسر کرایا ہے۔ ہاردک پانڈیا نے 90 گیندوں پر 87 رنوں کی اننگ کھیلی۔ اس دوران انھوں نے ایک چھکا اور سات چوکے لگائے۔


02 Sep 2023, 6:51 PM

ایشان کشن 81 گیندوں پر شاندار 82 رن بنا کر آؤٹ

ایشان کشن کی ایک بہترین پاری کا پاکستانی تیز گیندباز حارث رؤف نے خاتمہ کر دیا ہے۔ ایشان 81 گیندوں پر 82 رن بنا کر پویلین لوٹے۔ انھوں نے اس دوران 9 چوکے اور 2 چھکے لگائے۔ حارث رؤف نے انھیں بابر اعظم کے ہاتھوں کیچ آؤٹ کرایا۔ اس وقت ہندوستانی ٹیم کا اسکور 38 اوور میں 5 وکٹ کے نقصان پر 204 رن ہو گیا ہے۔ ہاردک پانڈیا کا ساتھ دینے رویندر جڈیجہ میدان پر اترے ہیں۔

02 Sep 2023, 6:37 PM

ایشان کے بعد ہاردک پانڈیا کی بھی نصف سنچری مکمل

ایشان کشن کے بعد ہاردک پانڈیا نے بھی اپنی نصف سنچری مکمل کر لی ہے۔ انھوں نے اپنی نصف سنچری 62 گیندوں پر مکمل کی اور ایشان کشن کے ساتھ ان کی اننگ ہندوستان کو مضبوطی فراہم کرنے میں مصروف ہے۔ 35 اوور کے بعد ہندوستان کا اسکور 4 وکٹ کے نقصان پر 183 رن پہنچ چکا ہے۔ ایشان 76 گیندوں پر 74 رن بنا کر اور ہاردک 65 گیندوں پر 53 رن بنا کر کھیل رہے ہیں۔ دونوں کے درمیان 117 رنوں کی شراکت داری ہو چکی ہے۔


02 Sep 2023, 6:29 PM

ہاردک پانڈیا بھی نصف سنچری کے قریب

ایشان کشن اور ہاردک پانڈیا دونوں کھلاڑی ہندوستان کو مضبوط پوزیشن میں لے جا رہے ہیں۔ ایشان نے تو نصف سنچری مکمل کر لی ہے اور اب ہاردک پانڈیا بھی نصف سنچری کے بالکل قریب ہیں۔ انھوں نے 59 گیندوں پر 46 رن بنا لیے ہیں۔ اس وقت ہندوستانی ٹیم نے 33 اوور میں 4 وکٹ کے نقصان پر 168 رن بنا لیے ہیں۔ ایشان کشن 70 گیندوں پر 66 رن بنا کر ناٹ آؤٹ ہیں۔

02 Sep 2023, 6:09 PM

ایشان کشن کی شاندار نصف سنچری، 54 گیندوں پر پورے کیے اپنے 50 رن

ایشان کشن نے ہندوستان کو مشکل سے نکالتے ہوئے شاندار نصف سنچری مکمل کر لی ہے۔ انھوں نے 54 گیندوں پر اپنی نصف سنچری مکمل کی۔ ان کے ساتھ ہاردک پانڈیا بھی میدان پر ٹکے ہوئے ہیں۔ 29 اوور کے بعد ہندوستانی ٹیم کا اسکور 4 وکٹ کے نقصان پر 147 رن پہنچ گیا ہے۔ ایشان کشن 57 گیندوں پر 55 رن بنا کر اور ہاردک پانڈیا 48 گیندوں پر 37 رن بنا کر کھیل رہے ہیں۔


02 Sep 2023, 5:43 PM

نصف سنچری کی طرف بڑھ رہے ایشان کشن

ہندوستان کے بائیں ہاتھ کے بلے باز ایشان کشن پاکستانی گیندبازوں کو پریشان کر رہے ہیں اور تیزی کے ساتھ نصف سنچری کی طرف بڑھ رہے ہیں۔ ایشان کشن نے 41 گیندوں پر 40 رن بنا لیے ہیں اور ہندوستان کا اسکور 22 اوور میں 4 وکٹ پر 112 رن پر پہنچ گیا ہے۔

02 Sep 2023, 5:34 PM

ایشان اور ہاردک نے سنبھالی ہندوستانی پاری

شبھمن گل کے آؤٹ ہونے کے بعد ایشان کشن اور ہاردک پانڈیا نے ہندوستانی پاری کو سنبھال لیا ہے۔ دونوں نے تقریباً ہر گیند پر ایک رن کے اوسط سے رن بنانے کا سلسلہ شروع کر دیا ہے۔ 20 اوور کے بعد ہندوستان کا اسکور 4 وکٹ کے نقصان پر 102 رن ہو گیا ہے۔ ایشان اس وقت 35 گیندوں پر 32 رن بنا کر، اور ہاردک پانڈیا 15 گیندوں پر 16 رن بنا کر کھیل رہے ہیں۔


02 Sep 2023, 5:16 PM

ہندوستان کا چوتھا وکٹ گرا، شبھمن گل 10 رن بنا کر آؤٹ

روہت شرما کے ساتھ سلامی بلے بازی کرنے اترے شبھمن گل بھی پویلین لوٹ گئے ہیں۔ وہ دھیمی بلے بازی کر رہے تھے اور امید کی جا رہی تھی کہ جمنے کے بعد وہ ہندوستان کو مضبوطی عطا کریں گے، لیکن حارث رؤف نے انھیں بولڈ کر دیا۔ گل 32 گیندوں پر 10 رن بنا کر پلے ڈاؤن آؤٹ ہوئے۔

02 Sep 2023, 5:04 PM

بارش رُکنے کے بعد ایک بار پھر کھیل شروع، ایشان نے حارث کو مارا چھکا

بارش رکنے کے بعد ایک بار پھر کھیل شروع ہو گیا ہے۔ کھیل شروع ہوتے ہی حارث رؤف کی گیند پر چھکا مار کر ایشان کشن نے اپنے تیور ظاہر کر دیے ہیں۔ وہ اس وقت بہترین رَنگ میں نظر آ رہے ہیں۔ ایشان نے نسیم شاہ کی گیند پر ایک چوکا بھی مار دیا ہے۔ اس وقت ہندوستان کا اسکور 13 اوور میں 3 وکٹ کے نقصان پر 63 رن ہے۔ ایشان کشن 12 رن اور شبھمن گل 8 رن بنا کر کھیل رہے ہیں۔


02 Sep 2023, 4:54 PM

بارش کی وجہ سے پھر رُک گیا کھیل

11.2 اوور کا کھیل ہونے کے بعد ایک بار پھر بارش شروع ہو گئی ہے۔ ہندوستان اس وقت مشکل میں ہے کیونکہ اس کے تین اہم کھلاڑی (روہت شرما، وراٹ کوہلی اور شریئس ایر) آؤٹ ہو چکے ہیں۔ اس وقت میدان میں شبھمن گل (6 رن) اور ایشان کشن (2 رن) جمے ہوئے ہیں۔ ان دونوں سے ہندوستانی ٹیم کو بڑی امیدیں ہیں۔ پاکستان کی طرف سے 2 وکٹ شاہین آفریدی نے لیے ہیں، جبکہ ایک وکٹ حارث رؤف کو ملا ہے۔

02 Sep 2023, 4:31 PM

شریئس ایر کو حارث رؤف نے کیچ آؤٹ کرایا

بہترین بلے بازی کر رہے شریئس ایر کو پاکستانی تیز گیندباز حارث رؤف نے پویلین بھیج دیا ہے۔ شریئس شارٹ گیند کو چوکا مارنے کی کوشش میں فخر زماں کو کیچ دے بیٹھے۔ انھوں نے 9 گیندوں پر 14 رن کی اننگ کھیلی۔


02 Sep 2023, 4:20 PM

شریئس ایر اور شبھمن گل نے سنبھالی ہندوستانی اننگ

روہت اور وراٹ کے آؤٹ ہونے کے بعد شریئس ایر اور شبھمن گل نے ہندوستانی اننگ کو بہتر انداز میں آگے بڑھانا شروع کر دیا ہے۔ شریئس ایر نے تو 7 گیندوں پر 13 رن بنا ڈالے ہیں جن میں 2 چوکے شامل ہیں۔ اس وقت ہندوستان کا اسکور 8 اوور میں 2 وکٹ کے نقصان پر 42 رن ہے۔

02 Sep 2023, 4:09 PM

روہت شرما کے بعد وراٹ کوہلی بھی لوٹے پویلین

بارش سے پہلے جہاں ہندوستانی بلے باز پاکستانی گیندبازوں کو وکٹ کے لیے ترساتے رہے، وہیں بارش کے بعد پہلے روہت شرما آؤٹ ہوئے، اور پھر وراٹ کوہلی بھی محض 4 رن بنا کر پویلین لوٹ گئے۔ وراٹ کوہلی کو بھی شاہین شاہ آفریدی نے ہی آؤٹ کیا۔ وراٹ 4 رن بنا کر پلے ڈاؤن ہوئے۔ اس وقت ہندوستان کا اسکور 6.2 اوور میں 28 رن ہے۔


02 Sep 2023, 4:00 PM

روہت شرما 11 رن بنا کر آؤٹ، شاہین شاہ آفریدی نے کیا بولڈ

ہندوستان کو پاکستانی تیز گیندباز شاہین شاہ آفریدی نے روہت شرما کی شکل میں زوردار جھٹکا دیا ہے۔ شاہین نے روہت شرما کو بولڈ کر دیا۔ بارش رکنے کے بعد پہلے ہی اوور میں یہ وکٹ گرا۔ روہت 22 گیندوں میں 11 رن بنا کر پویلین لوٹے۔ نئے بلے باز وراٹ کوہلی میدان پر اترے ہیں۔

02 Sep 2023, 3:56 PM

بارش رُکنے کے بعد کھیل ایک بار پھر شروع

سری لنکا کے پلکیلے میں بارش رُک گئی ہے اور ہندوستان و پاکستان کے درمیان مقابلہ پھر سے شروع ہو گیا ہے۔ روہت شرما اور شبھمن گل بلے بازی کے لیے ایک بار پھر میدان پر اتر گئے ہیں۔


02 Sep 2023, 3:24 PM

بارش کی وجہ سے رُک گیا کھیل

ہندوستان کے دونوں ہی سلامی بلے باز کپتان روہت شرما اور شبھمن گل نے سنبھل کر کھیلنے کا فیصلہ کیا ہے۔ ہندوستان نے 4.2 اوور میں 15 رن بنائے ہیں جن میں 11 رن روہت شرما نے بنائے ہیں۔ شبھمن گل نے 8 گیندیں کھیلی ہیں لیکن ابھی تک کھاتہ نہیں کھولا ہے۔ 4.2 اوور کا کھیل ہونے کے بعد بارش شروع ہو گئی ہے جس کی وجہ سے کھیل روکنا پڑ گیا ہے۔

02 Sep 2023, 3:07 PM

روہت شرما اور شبھمن گل بطور سلامی بلے باز میدان پر

ہندوستان اور پاکستان کا مقابلہ شروع ہو چکا ہے۔ روہت شرما اور شبھمن گل بطور سلامی بلے باز میدان پر اتر چکے ہیں۔ پاکستان کی طرف سے گیندبازی کی شروعات شاہین شاہ آفریدی نے کی ہے۔ پہلے ہی اوور کی دوسری گیند پر روہت شرما کا ایک مشکل کیچ چھوٹ گیا جو کہ چوکا چلا گیا۔ پہلے اوور میں ہندوستان نے 6 رن بنا لیے ہیں۔


02 Sep 2023, 2:51 PM

پاکستان کے خلاف محمد سمیع کو نہیں ملا کھیلنے کا موقع

ہندوستانی کپتان روہت شرما نے ٹاس جیت کر پہلے بلے بازی کرنے کا فیصلہ کیا ہے، اور جو ہندوستانی ٹیم پاکستان کے خلاف کھیل رہی ہے اس میں محمد سمیع کا نام نہ دیکھ کر کئی لوگ حیران ہیں۔ دراصل ہندوستانی ٹیم میں 2 ماہر تیز گیندبازوں جسپریت بمراہ اور محمد سراج کو شامل کیا گیا ہے۔ ان کے علاوہ شاردل ٹھاکر اور ہاردک پانڈیا تیز گیندبازی کا ذمہ سنبھالیں گے۔ ہندوستانی ٹیم اس طرح ہے: روہت شرما (کپتان)، شبھمن گل، وراٹ کوہلی، شریئس ایر، ایشان کشن (وکٹ کیپر)، رویندر جڈیجہ، ہاردک پانڈیا، شاردل ٹھاکر، محمد سراج، جسپریت بمراہ، کلدیپ یادو۔

جہاں تک پاکستان کا سوال ہے، اس نے اپنی وہی ٹیم کھلائی ہے جو نیپال کے خلاف کھیلی تھی۔

02 Sep 2023, 2:33 PM

ہندوستانی کپتان روہت شرما نے جیتا ٹاس، پہلے بلے بازی کا فیصلہ

ایشیا کپ 2023 میں آج ہندوستان اور پاکستان کے درمیان مقابلہ کچھ ہی دیر میں شروع ہو جائے گا۔ ہندوستانی کپتان روہت شرما نے ٹاس جیت کر پہلے بلے بازی کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ پاکستانی کپتان بابر اعظم نے کہا کہ وہ بھی ٹاس جیت کر پہلے بلے بازی کرنا چاہتے تھے، لیکن اب بہتر کھیل کا مظاہرہ کرنا ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔