ایشیا کپ 2022: روایتی حریف ہندوستان اور پاکستان سری لنکا میں ہوں گے مدِمقابل

اب تک منعقد ہونے والے 14 ایونٹس میں سب سے کامیاب ٹیم ہندوستان کی رہی ہے۔ ہندوستان نے یہ ٹورنامنٹ 7 بار جیتا ہے۔ سری لنکا 5 بار اور پاکستان 2 بار یہ ٹائٹل جیت چکا ہے۔

ہندوستان و پاکستان، تصویر آئی اے این ایس
ہندوستان و پاکستان، تصویر آئی اے این ایس
user

قومی آوازبیورو

نئی دہلی: سال 2022 میں ٹی ٹوئنٹی فارمیٹ میں ہونے والے ایشیا کپ کی تاریخوں کا اعلان کر دیا گیا ہے۔ یہ ٹورنامنٹ 27 اگست سے شروع ہوگا۔ ایشین کرکٹ کونسل نے یہ فیصلہ سالانہ اجلاس میں کیا ہے۔ ایشیا کپ کا فائنل 11 ستمبر کو کھیلا جائے گا۔ اس طرح سے روایتی حریف ہندوستان اور پاکستان سری لنکائی سرزمین پر ایک دوسرے سے دو دو ہاتھ کرنے جا رہے ہیں۔

سال 1984 میں شروع ہونے والا ایشیا کپ پہلا ون ڈے ٹورنامنٹ تھا، لیکن سال 2016 میں اسے پہلی بار ٹی ٹوئنٹی فارمیٹ میں کھیلا گیا۔ اس سال ایشیائی کپ دوسری بار ٹی ٹوئنٹی فارمیٹ میں کھیلا جائے گا۔ یہ سب سے پہلے 2020 میں کھیلا جانا تھا، لیکن پہلے کورونا وائرس اور پھر 2021 میں ہونے والے ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کی وجہ سے ابھی تک اس کا انعقاد نہیں ہو سکا۔


اب تک 14 مرتبہ ایشیا کپ کا انعقاد کیا جا چکا ہے۔ یہ ٹورنامنٹ ہر دو سال بعد منعقد ہوتا ہے لیکن ہمیشہ کسی نہ کسی وجہ سے اس کا دورانیہ بڑھتا ہی جا رہا ہے۔ اب تک منعقد ہونے والے 14 ایونٹس میں سب سے کامیاب ٹیم ہندوستان کی رہی ہے۔ ہندوستان نے یہ ٹورنامنٹ 7 بار جیتا ہے۔ سری لنکا 5 بار اور پاکستان 2 بار یہ ٹائٹل جیت چکا ہے۔ بنگلہ دیش ایک بار بھی ایشیا کپ نہیں جیت سکا۔ حالانکہ وہ تین بار رنر اپ رہا ہے۔

ایشیا کپ 2022 میں 6 ٹیمیں حصہ لیں گی جن میں ہندوستان، سری لنکا، پاکستان، بنگلہ دیش، افغانستان اور ایک کوالیفائر شامل ہیں۔ کوالیفائر میچ متحدہ عرب امارات، کویت، سنگاپور اور ہانگ کانگ کے درمیان کھیلا جائے گا۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔