ہانگ کانگ کو شکست دینے میں ہندوستان کے پسینے چھوٹے

ہانگ کانگ شکست کے بعد ایشیا کپ سے باہر ہو گیا لیکن اس نے اپنے کھیل سے سب کا دل جیت لیا ہے۔

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

یو این آئی

دبئی: رینکنگ میں دنیا کی نمبر دو ٹیم ہندوستان نے کمزور تصور کی جانے والی ہانگ کانگ کے چیلنجنگ اسکور پر بمشکل 25 رن سے جیت حاصل کرتے ہوئے ایشیا کپ کرکٹ کے گروپ اے سپر -4 میں جگہ بنائی۔

ہانگ کانگ شکست کے بعد ایشیا کپ سے باہر ہو گیا لیکن اس نے اپنے کھیل سے سب کا دل جیت لیا ہے۔ ہندوستانی ٹیم کو اس چیلنجنگ جیت کے بعد اپنی روایتی حریف پاکستان کے خلاف مقابلے کے اپنی کمزوریوں کو دور کرنا ہوگا۔ہندوستان کواب بدھ کے روز دیرینہ حریف پاکستان سے کھیلنا ہے۔

ہندوستان نے بائیں ہاتھ کے سلامی بلے باز شکھر دھون کے 120 گیندوں میں 127 رن کی بدولت 50 اوور میں سات وکٹ پر 285 رن بنائے۔ہانگ کانگ نے پہلے وکٹ کے لئے 174 رن جوڑے لیکن اس شراکت داری کے ٹوٹنے کے بعد ہندوستان نے میچ میں واپسی کر لی۔ہانگ کانگ کی ٹیم نے آٹھ وکٹ پر 259 رن بنائے۔

لیگ اسپنر يجویندر چہل نے 46 رن پر تین وکٹ اور اپنا پہلا میچ کھیل رہے بائیں ہاتھ کے تیز گیند باز خلیل احمد نے 48 رن پر تین وکٹ حاصل کرکے ہندوستان کی جیت کا راستہ ہموار کیا۔ چائنا مین گیندباز کلدیپ یادو نے 42 رن پر دو وکٹ لئے۔
مضبوط ہدف کا تعاقب کرتے ہوئے ہانگ کانگ کے سلامی بلے باز نزاکت خان اور کپتان انشومان رتھ نے پہلے وکٹ کے لئے 34.1 اوور میں 174 رنز کی زبردست شراکت کرکے ہندوستانی ٹیم اور اس کے حامیوں کو حیرت زدہ کردیا۔ نزاکت نے 115 گیندوں میں 12 چوکے اور ایک چھکے کی مدد سے 92 اور انشومان نے 97 گیندوں میں چار چوکوں اور ایک چھکے کی بدولت 73 رن بنا کر کپتان روہت شرما کی پیشانی پر شکنیں ڈال دیں۔

روہت نے اپنے تیز اورا سپن گیند بازوں کا استعمال کیا لیکن کامیابی نہیں ملی۔کپتان گیند بازی میں تبدیلی کرتے رہے لیکن انہیں کامیابی نہیں مل رہی تھی۔ آخرکار چائنامین گیندباز کلدیپ یادو نے انشومان کو روہت کے ہاتھوں کیچ کراکر ہندوستان کوپیلی کامیابی دلائی۔ اس وکٹ کے ساتھ ہی ہندوستانی ٹیم نے میچ میں واپسی کی۔

ڈیبیو میچ کھیلنے والے راجستھان کے بائیں ہاتھ کے تیز گیند باز خلیل احمد نے نزاکت کو ایل بی ڈبلیو کرنے کے ساتھ ہی اپنا پہلا بین الاقوامی وکٹ حاصل کرکے ہندوستان کو راحت کی سانس دلائی۔ ہانگ کانگ کا پہلا وکٹ 174 اور دوسرا وکٹ 175 کے اسکور پر گر ا۔خلیل نے کرسٹوفر کارٹر کو وکٹ کیپر مہندر سنگھ دھونی کے ہاتھوں کیچ کرایا جبکہ لیگ اسپنر يجویندر چہل نے بابر حیات کو دھونی کے ہاتھوں کیچ کرا دیا۔

ہانگ کانگ کا چوتھا وکٹ 199 کے اسکور پر گرا۔ہانگ کانگ نے 25 رن کے وقفہ میں چار وکٹ گنوائے اور میچ ہندوستان کی گرفت میں آ گیا۔ چہل نے 45 ویں اوور میں كنچت شاہ اور اعجاز خان کا وکٹ حاصل کرکے میچ کا رخ ہندوستان کے حق میں موڑ دیا۔چہل نے 10 اوور کے اپنے اسپیل میں 46 رن پر تین وکٹ ليے۔ حیات نے 18 اور شاہ نے 17 رن بنائے۔

چھ وکٹ 228 رن پر گر جانے کے باوجود ہانگ کانگ نے جدوجہد جاری رکھی لیکن اپنے آخری اوور میں کلدیپ نےا سکاٹ میکنزی کو دھونی کے ہاتھوں اسٹمپ کرا دیا۔ ہانگ کانگ کا ساتواں وکٹ 240 کے اسکور پر گرا۔ نئے بلے باز تنویر افضل نے آنے کے ساتھ ہی کلدیپ کی گیندپر چھکا لگایا۔ ہانگ کانگ کے 47 اوور میں 246 رنز بن چکے تھے اور جدوجہد جاری تھی لیکن ہدف آخر میں دور رہ گیا اور ٹیم 50 اوور میں 259 تک ہی پہنچ سکی۔ احسان نے 22 اور تنویر نے ناٹ آؤٹ 12 رن بنائے۔

اس سے پہلے شکھر نے 127 رن کی اپنی اننگز میں 15 چوکے اور دو چھکے لگائے اور اپنی 14 واں سنچری بنا ئی۔

شکھر نے پہلے وکٹ کے لئے کپتان روہت شرما (23) کے ساتھ 45 رن، امباٹي رائیڈو (60) کے ساتھ دوسرے وکٹ کے لئے 116 رن اور دنیش کارتک (33) کے ساتھ تیسرے وکٹ کے لئے 79 رن جوڑے۔ شکھر 41 ویں اوور میں آؤٹ ہوئے جس کے بعد ہانگ کانگ کے گیند بازوں نے شاندار واپسی کرتے ہوئے ہندوستان کو 300 تک نہیں پہنچنے دیا۔

اپنا پہلا میچ پاکستان سے ہارنے والے ہانگ کانگ نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا۔ ہانگ کانگ نے 40 اوور تک 237 رن دے دیئے تھے اور ہندوستان کے دو وکٹ ہی گرے تھے لیکن ہانگ کانگ کے گیند بازوں نے آخری 10 اووروں میں شاندار واپسی کی اور محض 48 رنز دے کر ہندوستان کے پانچ وکٹ حاصل کئے۔

شکھر نے اپنے 50 رن 57 گیندوں میں اور 100 رن 105 گیندوں میں مکمل کئے۔ ان کے آؤٹ ہونے کے بعد ہندوستانی بلے باز رنوں کی رفتار کو برقرار نہیں رکھ سکے اور ہندوستان 300 کا ہندسہ پار کرنے سے دور رہ گیا۔ شکھر آف اسپنر كنچت شاہ نے اپنا شکار بنایا۔ شاہ نو اوور میں 39 رن پر تین وکٹ کے ساتھ کامیاب گیندباز رہے۔ شاہ نے دنیش کارتک اور بھونیشور کمار کو بھی آؤٹ کیا۔

روہت نے 22 گیندوں پر 23 رن میں چار چوکے لگائے۔ رائیڈو نے 70 گیندوں پر 60 رنز کی اننگز میں تین چوکے اور دو چھکے لگائے۔ کارتک نے 38 گیندوں پر 33 رنز میں تین چوکے لگائے۔ سابق کپتان مہندر سنگھ دھونی تین گیندوں پر کھاتہ کھولے بغیر آف اسپنر احسان خان کا شکار بن گئے۔ بھونیشور نو رن بنا کر اور شاردل ٹھاکر کھاتہ کھولے بغیر آؤٹ ہوئے۔

کیدار جادھو نے وکٹوں کے گرنے کے درمیان ایک سرے پر سنبھل کر کھیلتے ہوئے 27 گیندوں پر ایک چھکے کی مدد سے ناٹ آوٹ 28 رنز بنائے۔ ہانگ کانگ کی جانب سے شاہ نے 39 رن پر تین وکٹ، احسان نے 65 رن پر دو وکٹ، احسان نواز نے 50 رن پر ایک وکٹ اور اعجاز خان نے 41 رن پر ایک وکٹ لیا۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔