چنئی سپر کنگز کو لگا ایک اور جھٹکا، سریش رینا نہیں کھیل پائیں گے آئی پی ایل

مہندر سنگھ دھونی کی قیادت والی چنئی سپر کنگز کے چیف ایگزیکٹیو افسر کے ایس وشوناتھن کا ایک بیان سامنے آیا ہے جس میں کہا گیا ہے کہ سریش رینا کچھ نجی وجوہات کے سبب ہندوستان واپس ہو گئے ہیں۔

تصویر ٹوئٹر @ImRaina
تصویر ٹوئٹر @ImRaina
user

تنویر

آئی پی ایل 2020 ٹورنامنٹ کی تیاریاں متحدہ عرب امارات (یو اے ای) میں زور و شور سے چل رہی ہیں اور اس کا آغاز 19 ستمبر سے ہونے والا ہے جو کہ 10 نومبر تک چلے گا۔ لیکن اس ٹورنامنٹ کے شروع ہونے سے قبل ہی مہندر سنگھ دھونی کی قیادت والی چنئی سپر کنگز ٹیم کو جھٹکے پر جھٹکے لگ رہے ہیں۔ پہلے تو یہ خبر آئی کہ ایک ہندوستانی کھلاڑی سمیت 12 ٹیم اراکین کورونا پازیٹو ہیں، اور آج سریش رینا کے ہندوستان واپس ہونے کی خبریں سامنے آ رہی ہیں۔

چنئی سپر کنگز (سی ایس کے) کے چیف ایگزیکٹیو افسر کے ایس وشوناتھن کا ایک بیان سامنے آیا ہے جس میں کہا گیا ہے کہ سریش رینا کچھ نجی وجوہات کے سبب ہندوستان واپس ہو گئے ہیں اور وہ پورے آئی پی ایل سیزن میں نہیں کھیل پائیں گے۔ یہ خبر چنئی سپر کنگز اور سریش رینا کے شیدائیوں کے لیے انتہائی مایوس کن ہیں کیونکہ عرصہ بعد وہ اس آل راؤنڈر کھلاڑی کو میدان پر دیکھنے کے لیے پرجوش تھے۔


چنئی سپر کنگز کے آفیشیل ٹوئٹر ہینڈل پر وشوناتھن کا بیان پوسٹ کیا گیا ہے۔ ٹوئٹ میں وشوناتھن کے حوالے سے لکھا گیا ہے کہ "سریش رینا ذاتی اسباب کی بنا پر ہندوستان واپس لوٹ گئے ہیں اور وہ اس پورے آئی پی ایل سیزن میں نہیں کھیل پائیں گے۔ اس وقت چنئی سپر کنگز کا مکمل تعاون سریش رینا اور ان کی فیملی کے ساتھ ہے۔"


قابل ذکر ہے کہ 28 اگست کو جب چنئی سپر کنگز کے ایک کھلاڑی سمیت 12 ٹیم اراکین کے کورونا پازیٹو ہونے کی خبریں سامنے آئی تھیں، تو یہ بھی ٹیم کے شیدائیوں کے لیے افسوسناک تھا۔ حالانکہ کورونا پازیٹو ہونے والے کھلاڑی اور سپورٹنگ اسٹاف کا نام ابھی تک سامنے نہیں آ سکا ہے، لیکن ٹیم نے کوارنٹائن مدت کو ایک ہفتہ کے لیے مزید بڑھا دیا ہے تاکہ کورونا انفیکشن کے پھیلاؤ کو ہر ممکن طریقے سے روکا جا سکے۔ چنئی سپر کنگز کے کھلاڑیوں کو چھوڑ کر باقی ٹیموں کے کھلاڑیوں نے یو اے ای میں پریکٹس شروع کر دیا ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔