آئی پی ایل 2022 کے لیے تاریخوں کا اعلان، مجموعی طور پر 70 میچ کھیلے جائیں گے
ہندوستانی کرکٹ شیدائیوں کو طویل عرصہ سے آئی پی ایل کی تاریخوں کا انتظار تھا، اب جب یہ اعلان ہو گیا ہے کہ تقریباً ایک ماہ بعد یہ سیریز شروع ہوگا تو کرکٹ شیدائیوں میں جوش کا عالم ہے۔

انڈین پریمیر لیگ 2022 کے لیے نیلامی کا شور ختم ہونے کے بعد آئندہ سیزن کے لیے تاریخوں کا اعلان بھی کر دیا گیا ہے۔ جمعرات کو ہوئی آئی پی ایل گورننگ کونسل کی میٹنگ میں فیصلہ لیا گیا ہے کہ آئی پی ایل 26 مارچ سے شروع ہوگا۔ اس بار آئی پی ایل کورونا کے سایہ میں ہندوستان میں ہی کھیلا جائے گا۔ بیشتر میچ ممبئی میں کھیلے جائیں گے جب کہ کچھ میچ پونے کے حصے میں گئے ہیں۔
ہندوستانی کرکٹ شیدائیوں کو طویل عرصہ سے آئی پی ایل کی تاریخوں کا انتظار تھا۔ اب جب یہ اعلان ہو گیا ہے کہ تقریباً ایک ماہ بعد یہ سیریز شروع ہوگا تو کرکٹ شیدائیوں میں جوش کا عالم ہے۔ آئی پی ایل 2022 کے سبھی مقابلے چار میدانوں پر ہوں گے۔ ممبئی کے واکھیڑے اسٹیڈیم میں 20، ڈی وائی پاٹل میدان میں 20، سی سی آئی میں 15 میچ ہوں گے۔ علاوہ ازیں پونے میں 15 میچ کھیلے جائیں گے۔
واضح رہے کہ اس بار آئی پی ایل میں دس ٹیمیں حصہ لے رہی ہیں۔ احمد آباد اور لکھنؤ کی فرنچائزی پہلی بار آئی پی ایل کا حصہ ہوں گی۔ لیکن دونوں ہی ٹیموں کو اپنے گھریلو میدان پر آئی پی ایل میچ کھیلنے کا موقع اس بار نہیں مل پائے گا۔ بہر حال، امید کی جا رہی ہے کہ جن چار اسٹیڈیم میں آئی پی ایل میچ کھیلے جائیں گے وہاں ناظرین کو داخلے کی اجازت مل سکتی ہے۔ حالانکہ اس دوران مہاراشٹر حکومت کی گائیڈلائنس پر عمل لازمی ہوگا۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔