محمد سراج سمیت 6 کھلاڑیوں پر مہربان ہوئے آنند مہندرا، جانبازی کے لیے دیں گے انعام

محمد سراج کے علاوہ جن نوجوان کھلاڑیوں کو آنند مہندرا تحفہ دینے والے ہیں ان کے نام ہیں ٹی نٹراجن، شاردل ٹھاکر، واشنگٹن سندر، شبھمن گل اور نودیپ سینی۔

آنند مہندرا، تصویر آئی اے این ایس
آنند مہندرا، تصویر آئی اے این ایس
user

تنویر

آسٹریلیا میں ٹیسٹ سیریز جیتنے والی ہندوستانی ٹیم کو چمچاتی ہوئی بارڈر-گواسکر ٹرافی اور پھر بی سی سی آئی کے ذریعہ بونس بطور انعام حاصل ہوا ہے، اس سے الگ بھی کئی طرح کے انعامات مل رہے ہیں۔ تازہ خبر معروف بزنس مین آنند مہندرا کی جانب سے موصول ہوئی ہے جنھوں نے آسٹریلیا میں بہترین کارکردگی پیش کرنے کے لیے محمد سراج سمیت 6 کھلاڑیوں کو خصوصی انعام دینے کا اعلان کیا ہے۔ آنند مہندرا نے اس سلسلے میں ایک ٹوئٹ کیا ہے اور لکھا ہے کہ ان 6 نوجوان کھلاڑیوں کو اسپیشل تحفہ پیش کیا جائے گا جنھوں نے آسٹریلیا دورہ کے دوران بطور ٹیسٹ کھلاڑی اپنی پاری شروع کی اور جانبازی کا مظاہرہ کرتے ہوئے ہندوستان کا پرچم بلند کیا۔

آنند مہندرا نے اپنے آفیشیل ٹوئٹر ہینڈل سے ایک ویڈیو شیئر کیا ہے جس میں 6 کھلاڑیوں کے بارے میں تذکرہ ہے اور اس کے ساتھ ہی یہ بھی لکھا گیا ہے کہ انھیں مہندرا تھار ایس یو وی بطور تحفہ پیش کیا جائے گی۔ محمد سراج کے علاوہ جن نوجوان کھلاڑیوں کو یہ تحفہ ملے گا ان کے نام ہیں ٹی نٹراجن، شاردل ٹھاکر، واشنگٹن سندر، شبھمن گل اور نودیپ سینی۔


یہاں قابل ذکر ہے کہ ایسا پہلی بار نہیں ہے جب آنند مہندرا نے کسی کھلاڑیوں کو اس کی بہترین کارکردگی کے لیے تحفہ دیا ہو۔ انھوں نے پہلے بھی کئی کھلاڑیوں کی حوصلہ افزائی کی ہے۔ 2017 میں جب ہندوستان کے مشہور بیڈمنٹن کھلاڑی کدامبی شری کانت نے بیڈمنٹن سیریز کا ٹائٹل جیتا تھا تو انھیں آنند مہندرا نے ٹی یو وی 300 بطور تحفہ پیش کی تھی۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔