میں سبھی فارمیٹ میں کھیلنے کو تیار، جذبات میں بہہ کر لیا تھا ریٹائرمنٹ: اَمباتی رائیڈو

ہندوستانی کرکٹر امباتی رائیڈو نے اپنے ریٹائرمنٹ پر ’یو-ٹرن‘ لے لیا ہے۔ عالمی کپ ٹیم میں جگہ نہیں ملنے سے ناراض ہو کر کرکٹ کو الوداع کہنے والے رائیڈو اب گھریلو کرکٹ کھیلنا چاہتے ہیں۔

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

قومی آوازبیورو

عالمی کپ 2019 کے لیے ٹیم انڈیا میں جگہ نہیں ملنے کے بعد مایوسی کے عالم میں ریٹائرمنٹ لینے والے امباتی رائیڈو نے واپسی کا اعلان کر دیا ہے۔ رائیڈو نے حیدر آباد کرکٹ ایسو سی ایشن (ایچ سی اے) کو ایک ای میل کر کے بتایا کہ ’’وہ سلیکشن کے لیے دستیاب رہیں گے۔‘‘ ساتھ ہی انھوں نے لکھا کہ ’’میں (امباتی رائیڈو) آپ کو مطلع کرنا چاہتا ہوں کہ میں ریٹائرمنٹ سے واپسی کر کے سبھی فارمیٹ میں حیدر آباد کے لیے کھیلنا چاہتا ہوں۔‘‘


امباتی رائیڈو ساتھ ہی یہ بھی کہا کہ میں آئی پی ایل کی اپنی ٹیم چنئی سپر کنگز، سابق ہندوستانی بلے باز وی وی ایس لکشمن اور سابق آل راؤنڈر نوئیل ڈیوڈ کو مبارکباد دینا چاہوں گا جنھوں نے مشکل وقت میں میرا ساتھ دیا۔ رائیڈو نے کہا کہ ان لوگوں نے مجھے یہ احساس کرایا کہ میرے پاس ابھی کافی وقت بچا ہے اور ریٹائرمنٹ کا فیصلہ جلدبازی میں لیا گیا فیصلہ ہے۔ میں نے جذباتی ماحول میں ریٹائرمنٹ کا فیصلہ لیا تھا۔‘‘

دراصل امباتی رائیڈو کو 4 نمبر پر بلے بازی کے لیے عالمی کپ میں مضبوط دعویدار کے طور پر دیکھا جا رہا تھا، لیکن عالمی کپ ٹیم میں سلیکشن نہیں ہونے پر وہ ناراض تھے۔ ان کی جگہ پر وجے شنکر کو موقع دیا گیا تھا۔ اسی فیصلے سے ناراض ہوتے ہوئے رائیڈو نے جولائی میں انٹرنیشنل کرکٹ کو الوداع کہنے کا اعلان کر دیا۔


امباتی رائیڈو کے کھیل کی بات کریں تو رائیڈو نے ہندوستان کے لیے 55 یک روزہ میچ کھیلے ہیں۔ ان میچوں میں انھوں نے 47.05 کی اوسط سے 1694 رن بنائے ہیں۔ رائیڈو نے اپنے کیریر میں 3 سنچری اور 10 نصف سنچری بنائی۔ اس کے علاوہ رائیڈو ہندوستان کے لیے 6 ٹی-20 میچ بھی کھیل چکے ہیں۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔


Published: 30 Aug 2019, 4:10 PM