ہندوستان کے خلاف ٹی-20 سیریز سے قبل افغانستان کو لگا زوردار جھٹکا، راشد خان ٹورنامنٹ سے باہر

افغناستانی کپتان ابراہیم زادران نے بتایا کہ راشد خان ہندوستان کے خلاف ٹی-20 سیریز میں نہیں کھیل پائیں گے، انھوں نے کچھ وقت پہلے ہی پیٹھ کے نچلے حصے کی سرجری کرائی تھی۔

افغانستان کے معروف کرکٹ کھلاڑی راشد خان
افغانستان کے معروف کرکٹ کھلاڑی راشد خان
user

قومی آوازبیورو

ہندوستان اور بنگلہ دیش کے درمیان 3 ٹی-20 میچوں کی سیریز کل یعنی 11 جنوری سے شروع ہونے والی ہے۔ اس سے قبل افغان ٹیم کے لیے بری خبر سامنے آئی ہے۔ افغناستانی کپتان ابراہیم زادران نے بتایا کہ راشد خان ہندوستان کے خلاف ٹی-20 سیریز میں نہیں کھیل پائیں گے۔ دراصل انھوں نے کچھ وقت پہلے ہی پیٹھ کے نچلے حصے کی سرجری کرائی تھی۔ اس کے باوجود ان کے کھیلنے کی امید تھی، کیونکہ افغان اسکواڈ میں ان کا نام شامل تھا۔ لیکن میچ سے ٹھیک ایک دن پہلے کپتان نے ظاہر کر دیا کہ انھیں پلیئنگ 11 کے لیے دستیاب ہونے میں کچھ وقت لگے گا۔

قابل ذکر ہے کہ راشد خان افغان ٹیم کے ساتھ چنڈی گڑھ پہنچے ہوئے ہیں اور انھوں نے تو ٹریننگ سیشن میں بھی حصہ لیا تھا۔ اس سے پتہ چلتا ہے کہ وہ کھیلنے کے لیے تیاری کر رہے ہیں، لیکن اسپورٹس اسٹار کے مطابق کپتان زادران کا کہنا ہے کہ ’’وہ پوری طرح سے فٹ نہیں ہیں، لیکن ٹیم کے ساتھ وہ سفر کر رہے ہیں۔ امید کرتا ہوں کہ وہ جلد پوری طرح فٹ ہو جائیں گے۔ وہ ڈاکٹر کے ساتھ اپنا ریہیب کر رہے ہیں اور ہمیں سیریز میں ان کی کمی ضرور محسوس ہوگی۔‘‘


ویسے زادران نے امید ظاہر کی کہ ہندوستان کو وہ سخت مقابلہ دیں گے کیونکہ افغان ٹیم میں کئی ہونہار کھلاڑی موجود ہیں۔ زادران نے کہا کہ راشد کے علاوہ بھی ٹیم میں باصلاحیت کھلاڑی موجود ہیں جو ان کی کمی پوری کرنے کے لیے جان لگا دیں گے۔ زادران کا کہنا ہے کہ ’’راشد کے نہ کھیلنے پر کچھ ایسے کھلاڑی ہیں جن پر ہم نے بھروسہ ظاہر کیا ہے۔ میں اتنا کہہ سکتا ہوں کہ وہ اچھا کرکٹ کھیلیں گے۔ باقی کھلاڑی بھی کافی کرکٹ کھیل چکے ہیں اور مجھے بھروسہ ہے کہ وہ شاندار مظاہرہ کریں گے۔‘‘

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔