سچن تندولکر کے بعد یوسف پٹھان بھی کورونا سے متاثر

ہندوستان کے سابق کرکٹر یوسف پٹھان کورونا سے متاثر ہو گئے ہیں، انہوں نے اپنے ٹویٹر ہینڈل کے ذریعے خود یہ معلومات فراہم کی

یوسف پٹھان / Getty Images
یوسف پٹھان / Getty Images
user

قومی آوازبیورو

نئی دہلی: ہندوستان کے سابق کرکٹر یوسف پٹھان کورونا سے متاثر ہو گئے ہیں، انہوں نے اپنے ٹویٹر ہینڈل کے ذریعے خود یہ معلومات فراہم کی۔ یوسف سے قبل ہندوستانی کرکٹ لیجنڈ سچن تندولکر بھی کورونا سے متاثر ہوئے ہیں۔ خیال رہے کہ روڈ سیفٹی سیریز میں یوسف پٹھان اور سچن تندولکر ایک ساتھ کھیلتے ہوئے نظر آے تھے۔

سچن اور یوسف اس سیریز میں انڈیا لیجنڈس کی ٹیم کے رکن تھے۔ یوسف نے سوشل میڈیا پر پوسٹ شیئر کی اور لکھا کہ وہ کورونا سے متاثر ہو گئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کووڈ-19 ٹیسٹ میں مثبت پائے جانے پر وہ خود قرنطینہ میں چلے گئے ہیں۔ یوسف نے ٹوئٹر کے ذریعے ان لوگوں کو بھی ٹیسٹ کرانے کی صلاح دی جو حال ہی میں ان کے رابطہ میں آئے تھے۔


یوسف نے ٹویٹ کیا "آج کوویڈ۔19 سے متاثر ہوگیا ہوں، مجھ میں معمولی علامات ظاہر ہوئی ہیں۔ میں نے اس بات کی تصدیق کے بعد خود کو گھر میں قرنطینہ میں کر لیا ہے اور تمام احتیاطی تدابیر کے ساتھ ضروری دوائیں لے رہا ہوں۔ میرے رابطہ میں آنے والے لوگوں سے میری گزارش ہے کہ جلد از جلد اپنا ٹیسٹ کرا لیں۔‘‘

یوسف پٹھان سے پہلے تندولکر نے بھی اپنے کورونا سے متاثر ہونے کی اطلاع دی تھی۔ انہوں نے بھی خود کو قرنطینہ میں رکھا ہوا ہے۔ روڈ سیفٹی ورلڈ سیریز میں یوسف نے اپنی پرفارمنس سے سب کا دل جیت لیا تھا۔ اس ٹورنامنٹ میں یوسف نے 5 میچ میں 139 رن بنائے اور 9 وکٹ لینے میں بھی کامیاب رہے۔ عرفان پٹھان کے بڑے بھائی یوسف پٹھان نے حال ہی میں بین الاقوامی کرکٹ سے ریٹائرمنٹ لے لیا تھا۔ انہوں نے 2007 میں ٹی-20 عالمی کپ کے فائنل میں کھیل کر اپنا ڈیبیو کیا تھا۔

سچن اور یوسف کے کورونا سے متاثر ہونے کے بعد اب روڈ سیفٹی عالمی سیریز میں کھیلنے والے دوسرے کھلاڑی بھی جانچ کے دائرے میں آ گئے ہیں۔ اس ٹورنامنٹ میں کھیلنے والے کھلاڑیوں پر کورونا کا خطرہ منڈلا رہا ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔