انگلینڈ کے خلاف روہت شرما کی دھماکے داری سنچری سے پہلا دن ہندوستان کے نام

روہت شرما نے اپنی سنچری سے کپتان وراٹ کوہلی کے ٹاس جیت کر پہلے بلے بازی کرنے کے فیصلے کو صحیح ثابت کیا۔ روہت نے 231 گیندوں پر 161 رنوں کی اننگ میں 18 چوکے اور دو چھکے لگائے۔

روہت شرما، تصویر یو این آئی
روہت شرما، تصویر یو این آئی
user

یو این آئی

چنئی: سلامی بلے باز روہت شرما کی 161 رنوں کی دھماکے دار سنچری اننگ اور ان کے نائب کپتان اجنکیا رہانے(67) کے ساتھ چوتھے وکٹ کے لئے 162 رن کی بہترین شراکت کی بدولت ہندوستان نے انگلینڈ کے خلاف دوسرے کرکٹ ٹیسٹ کے پہلے دن ہفتہ کو چھ وکٹ پر 300 رن کا مضبوط اسکور بنالیا۔ روہت نے اپنی سنچری سے کپتان وراٹ کوہلی کے ٹاس جیت کر پہلے بلے بازی کرنے کے فیصلے کو صحیح ثابت کیا۔ روہت نے 231 گیندوں پر 161 رنوں کی اننگ میں 18 چوکے اور دو چھکے لگائے۔ روہت کی انگلینڈ کے خلاف یہ پہلی اور اپنے کیریر کی ساتویں سنچری تھی۔

روہت نے رہانے کے ساتھ چوتھے وکٹ کے لئے 310 گیندوں میں 162 رن کی شراکت کرکے ہندوستان کو تین وکٹ پر 86 رن کی نازک حالت سے نکال لیا۔ رہانے نے اپنے خراب فارم کو پیچھے چھوڑتے ہوئے پچھلی 15 اننگ میں دوسری ففٹی پلس کا اسکور بنایا۔ رہانے نے 149 گیندوں پر 67 رنوں میں نو چوکے لگائے۔ چیتیشور پجارا نے 21 رن بنائے جبکہ وکٹ کیپر رشبھ پنت 33 رن کے ساتھ کریز پر موجود ہیں۔


اوپنر شبھمن گل اور کپتان وراٹ کھاتہ کھولے بغیر آوٹ ہوئے۔ روی چندراشون نے 13 رن بنائے جبکہ ڈیبیو ٹیسٹ کھیل رہے اکشر پٹیل پانچ رن بناکر پنت کے ساتھ کریز پر موجود ہیں۔ انگلینڈ کی طرف سے اس کے اسپنروں جیک لیچ اور معین علی نے دو دو وکٹ لئے۔ ہندوستان نے لنچ تک تین وکٹ کے نقصان پر 106 رن اور چائے کے وقفے تک تین وکٹ پر 189 رن بنائے تھے۔ روہت نے اپنے 50 رن 47 گیندوں میں 100 رن 130 گیندوں میں اور 150 رن 208 گیندوں میں مکمل کیے۔ دوسرے ٹیسٹ کے پہلے دن کا کھیل پوری طرح ہٹ مین کے نام سے مشہور روہت کے نام رہا۔

ہندوستانی کپتان وراٹ کوہلی نے صبح ٹاس جیت کر پہلے بلے بازی کرنے کا فیصلہ کیا۔ ہندوستان نے صبح کے سیشن میں اوپنر شبھمن گل، چیتیشور پجارا اور وراٹ کے وکٹ گنوائے۔ گل اور وراٹ کا کھاتہ نہیں کھلا جبکہ پجارا نے 21 رن بنائے۔ لنچ کے وقت روہت 48 گیندوں میں 13 چوکوں اور ایک چھکے کے ساتھ 80 رن اور رہانے 12 گیندوں میں 5 رن بناکر کریز پر موجود تھے۔


روہت نے صبح کے سیشن میں اسکورنگ کی ساری ذمہ داری اپنے کندھوں پر رکھی۔ تین وکٹ گرنے کے باوجود روہت نے تیز رفتار سے رن بناکر انگلینڈ کے گیندبازوں کو حاوی نہیں ہونے دیا۔ روہت نے سویپ کا استعمال کرکے انگلینڈ کے دونوں اسپنروں لیفٹ آرم اسپنر جیک لیچ اور آف اسپنر معین علی کی گیندوں پر چوکے مارے۔ انہوں نے انگلینڈ کے خلاف اپنی پہلی نصف سنچری بھی مکمل کی۔

ہندوستان کو ٹاس جیتنے کے بعد دوسرے اوور میں ہی جھٹکا لگا جب اولی اسٹین نے گل کو ایل بی ڈبلیو کر دیا۔ گل نے کوئی شاٹ آفر نہیں کیا اور اپنا بلا ہوا میں اٹھالیا۔ امپائر نے گل کو ایل بی ڈبلیو قرار دیا۔ روہت اور پجارا نے دوسرے وکٹ کے لئے 85 رن کی شراکت نبھائی۔ پجارا نے لیچ کی گیند پر فارورڈ ڈفینس شاٹ کھیلنے کی کوشش میں سلپ میں بین اسٹوکس کو کیچ تھما بیٹھے۔ پجارانے 58 گیندوں میں دوچوکوں کی مدد سے 21 رن بنائے۔


کپتان وراٹ کوہلی کو علی نے ایک بہترین گیند پر بولڈ کیا۔ علی کی گینڈ ٹپا کھانے کے بعد تیزی سے ٹرن ہوئی اور وراٹ کے بلے اور پیڈ کے درمیان میں سے نکلتی ہوئی ان کی بیلس گرا گئی۔ وراٹ کو اس طرح آوٹ ہونے پر یقین نہیں ہوا۔ انہیں لگا کہ شاید بیلس وکٹ کیپر کے دستانوں سے لگ کر گری ہو۔ انہوں نے فوراً ڈی آر ایس کا سہارا لیا لیکن وہ صاف بولڈ تھے اور انہیں پویلین واپس ہونا پڑا۔ وراٹ اپنے کیریر میں 11 ویں مرتبہ صفر پر آوٹ ہوئے۔ وراٹ کو پہلی بار کسی اسپنر نے صفر پر آوٹ کیا۔

لنچ کے بعد روہت اور رہانے نے دوسرے سیشن میں ٹیم کو کوئی نقصان نہیں ہونے دیا۔ اس سیشن میں پہلے سیشن کے مقابلے بلے بازی قدرے آہستہ تھی لیکن اس دوران ہندوستان نے کوئی وکٹ نہیں گنوایا۔ روہت نے اس سیشن میں اپنی ساتویں سنچری مکمل کی۔ ہندوستان نے لنچ کے تین وکٹ پر 106 سے آگے کھیلنا شروع کیا اور چائے کے وقت تک اپنا اسکور 189 تک پہنچا دیا۔ چائے کے وقت روہت 178 گیندوں پر 16 چوکوں اور دو چھکوں کی مدد سے 132 اور اجنکیا رہانے نے 80 گیندوں میں پانچ چوکوں کی مدد سے 36 رنز بناکر کریز پر موجود تھے۔ چائے کے بعد بھی یہ شراکت بڑھتی رہی ۔ یہ شراکت 248 کے اسکور پر جاکر ٹوٹی جب روہت نے لیچ کی گیند پر ایک بڑا شاٹ کھیلنے کی کوشش میں معین کو کیچ تھما دیا۔ روہت کے آؤٹ ہوتے ہی رہانے بھی معین علی کی گیند پر سویپ مارنے کی کوشش میں بولڈ ہوگئے۔ رہانے کا وکٹ 249 کے اسکور پر گرا۔


رشبھ پنت اور اشون نے چھٹے وکٹ کے لئے 35 رنز جوڑے۔ پنت نے اپنی اننگز میں اپنے جارحانہ انداز میں کچھ عمدہ باؤنڈریاں لگائیں۔ اشون کو انگلینڈ کے کپتان جو روٹ نے اولی پاپ کے ہاتھوں کیچ کرایا۔ اشون کا وکٹ 284 کے اسکور پر گرا۔ اس کے بعد پنت نے پٹیل کے ساتھ دن کے باقی کھیل کو محفوظ نکال لیا۔ پنت نے 56 گیندوں میں ناٹ آوٹ 33 رنز میں پانچ چوکے اور ایک چھکا لگایا۔ اشون نے 19 گیندوں پر 13 رنز بنائے۔ انگلینڈ کے لئے لیچ نے 78 رن دے کر دو، معین نے 112 رنز دے کر دو، اسٹون نے 42 رن پر ایک وکٹ اور روٹ نے 15 رنز دے کر ایک وکٹ حاصل کیا۔ اس میچ میں ہندوستان نے اپنے الیون میں تین تبدیلیاں کیں، واشنگٹن سندر کی جگہ کلدیپ یادو، شہباز ندیم کی جگہ اکشرپٹیل اور جسپریت بمراہ کی جگہ محمد سراج کو شامل کیا۔ پٹیل ہندوستان کے 302 ویں ٹیسٹ کھلاڑی بنے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔