راجستھان رائلس کے بعد آر سی بی کو بھی ملا نیا مالک، 16 ہزار کروڑ سے زائد میں ہوئی ڈیل
ایک ہی روز میں آئی پی ایل کی 2 فرنچائز کو نئے مالکان ملے ہیں۔ آر سی بی سے قبل کال سومانی نے راجستھان رائلس فرنچائز کو 1.63 ارب ڈالر (یعنی تقریباً 15290 کروڑ روپے) میں خریدا تھا۔

راجستھان رائلس کے بعد اب رائل چیلنجرس بنگلورو (آر سی بی) کو بھی نیا مالک مل گیا ہے۔ آدتیہ برلا گروپ کی قیادت میں ایک کنسورشیم نے آر سی بی کی ٹیم کو 1.78 ارب ڈالر (تقریباً 16706 کروڑ روپے) میں خرید لیا ہے۔ اس کنسورشیم میں آدتیہ برلا گروپ کے ساتھ دی ٹائمس آف انڈیا گروپ، بولٹ وینچرس اور بلیک اسٹون انویسٹمنٹ کمپنی شامل ہیں۔ انہوں نے یونائیٹڈ اسپرٹس لمیٹڈ (یو ایس ایل) سے بنگلورو ٹیم کی 100 فیصد حصہ داری خرید لی ہے۔ واضح رہے کہ ایک ہی دن میں آئی پی ایل کی 2 فرنچائز کو نئے مالکان ملے ہیں۔ اس سے قبل، کال سومانی نے راجستھان رائلس فرنچائز کو 1.63 ارب ڈالر (یعنی تقریباً 15290 کروڑ روپے) میں خریدا تھا۔
خبر رساں ایجنسی پی ٹی آئی کے مطابق اس ڈیل میں آر سی بی کی مردوں اور خواتین کی دونوں ٹیمیں شامل ہیں۔ یو ایس ایل، برطانیہ کی کمپنی ’ڈیاجیو‘ کی ذیلی کمپنی ہے اور وہ اب آر سی بی سے باہر نکلنا چاہتی ہے کیونکہ یہ ٹیم ان کے بنیادی کاروبار کا حصہ نہیں تھی۔ معاہدے کے تحت آدتیہ برلا گروپ (اے بی جی) کے ڈائریکٹر آریمان وکرم برلا کو آر سی بی کا چیئرمین بنایا جائے گا، جبکہ ٹائمس آف انڈیا کے ستین گجوانی ان کے ڈپٹی چیئرمین ہوں گے۔ تاہم اس ڈیل کو ابھی بورڈ آف کنٹرول فار کرکٹ ان انڈیا (بی سی آئی) اور آئی پی ایل گورننگ کونسل کے ساتھ ساتھ ویمن پریمیئر لیگ (ڈبلیو پی ایل) اور کمپٹیشن کمیشن آف انڈیا (سی سی آئی) سے باقاعدہ منظوری ملنا باقی ہے۔
آر سی بی کو خریدنے کی دوڑ میں ٹائمس انٹرنیٹ کی قیادت والا کنسورشیم، اے بی جی اور آرسیلر متل کے سی ای او آدتیہ متل کی قیادت والا متل خاندان بھی شامل تھا۔ لیکن یو ایس ایل نے آدتیہ برلا گروپ کی قیادت والے کنسورشیم کے ساتھ معاہدہ کرنے کا فیصلہ کیا۔ اب یہ دیکھنا دلچسپ ہوگا کہ آر سی بی کی ملکیت باضابطہ طور پر کب اس گروپ کو منتقل ہوتی ہے۔
قابل ذکر ہے کہ آئی پی ایل کی تاریخ میں 24 مارچ 2026 کا دن تاریخی رہا۔ اس دن اس لیگ کی تاریخ کے 2 سب سے بڑے معاہدے ہوئے۔ پہلے راجستھان رائلس کو 15000 کروڑ روپے سے زائد میں خریدنے پر اتفاق ہوا جو ٹورنامنٹ کی تاریخ کا مہنگا ترین معاہدہ تھا۔ لیکن یہ ریکارڈ 24 گھنٹے بھی نہ ٹک سکا کیونکہ منگل کی رات تک یونائیٹڈ اسپرٹس لمیٹڈ (یو ایس ایل) نے آر سی بی کو 16000 کروڑ روپے سے زائد کی قیمت پر فروخت کر دیا۔ اس طرح یہ آئی پی ایل کی تاریخ کی سب سے بڑی ڈیل بن گئی ہے۔