آئی پی ایل 2026 شروع ہونے سے قبل بی سی سی آئی نے کھلاڑیوں کے لیے جاری کر دیے چند سخت اصول و ضوابط

نئے اصول کے مطابق کھلاڑیوں کے اہل خانہ اور دوست ٹیم بس میں سفر نہیں کر سکیں گے۔ انہیں الگ گاڑی سے اسٹیڈیم یا پریکٹس وینیو تک پہنچنا ہوگا اور ڈریسنگ روم میں بھی ان کے داخلے پر پابندی عائد کر دی گئی ہے۔

وراٹ کوہلی، تصویر آئی پی ایل
i
user

قومی آواز بیورو

آئی پی ایل 2026 شروع ہونے سے قبل بی سی سی آئی نے تمام 10 فرنچائزی کے لیے نئے اور سخت قوانین جاری کیے ہیں۔ ان کا مقصد ٹورنامنٹ میں نضم و ضبط میں اضافہ، ٹیم ماحول کو بہتر بنانا اور پچ کے معیار کو محفوظ رکھنا بتایا جا رہا ہے۔ اس بار صرف کھلاڑیوں پر ہی نہیں بلکہ ان کے اہل خانہ اور دوستوں کی موجودگی کے حوالے سے بھی واضح گائیڈلائن بنائی گئی ہے۔

سب سے بڑی تبدیلی کھلاڑیوں کے سفر کو لے کر کیا گیا ہے۔ اب تمام کھلاڑیوں کو پریکٹس سیشن اور میچ کے لیے صرف ٹیم بس سے ہی آنا جانا ہوگا۔ پہلے کچھ کھلاڑی خاص طور سے اپنے آبائی شہروں میں پرائیویٹ گاڑی سے پہنچ جاتے تھے، لیکن اب اس کی اجازت نہیں ہوگی۔ بی سی سی آئی کا ماننا ہے اس سے ٹیم متحد رہے گی اور تمام کھلاڑیوں کے لیے ایک جیسے قانون ہوں گے۔


نئے قوانین کے مطابق کھلاڑیوں کے اہل خانہ اور دوست ٹیم بس میں سفر نہیں کر سکیں گے۔ انہیں الگ گاڑی سے اسٹیڈیم یا پریکٹس وینیو تک پہنچنا ہوگا۔ اتنا ہی نہیں ڈریسنگ روم میں خاندان کے افراد اور دوستوں کے داخلے پر پابندی عائد کر دی گئی ہے، یہ اصول پریکٹس کے دنوں میں بھی نافذ رہے گا۔ اگر اہل خانہ پریکٹس دیکھنا چاہتے ہیں تو انہیں صرف طے کیے گئے ہاسپیٹلٹی ایریا سے ہی دیکھنے کی اجازت ہوگی۔

بی سی سی آئی نے میچ والے دن میدان پر پریکٹس سیشن کرانے پر بھی پابندی عائد کر دی ہے۔ اس کے علاہ پچ کے پاس والے حصے، یعنی مین اسکوائر پر بھی کسی طرح کا فٹنس ٹیسٹ نہیں کیا جا سکے گا۔ بورڈ کا ماننا ہے کہ ایسا کرنے سے پچ کو نقصان پہنچ سکتا ہے۔ اس کے علاوہ ’آرینج کیپ‘ اور ’پرپل کیپ‘ کی ریس میں آگے چل رہے کھلاڑیوں کے لیے بھی نیا اصول نافذ کیا گیا ہے۔ ایسے کھلاڑیوں کو میچ کے دوران یہ کیپ پہننی ہوگی۔ اگر کوئی کھلاڑی پورے وقت یہ کیپ نہیں پہننا چاہتا تو کم از کم شروع کے 2 اوور تک اسے یہ کیپ پہننی پڑے گی، تاکہ براڈکاسٹ ٹیم اسے شائقین کو دکھا سکے۔


قابل ذکر ہے کہ پوسٹ میچ پریزنٹیشن کے لیے بھی بی سی سی آئی نے ڈریس کوڈ طے کیا ہے۔ اب کھلاڑی سلیو لیس (بغیر آستین والی جرسی) یا فلاپی ہیٹ پہن کر پریزنٹیشن میں نہیں آ سکیں گے۔ پہلی بار اصول کی خلاف ورزی کرنے پر کھلاڑی کو وارننگ دی جائے گی۔ اس کے بعد بھی ایسا کرنے پر کھلاڑی کو جرمانہ ادا کرنا ہوگا۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔