عالمی کپ: 27 سال بعد فائنل میں پہنچی انگلینڈ تاریخ رقم کرنے کے دہانے پر
میزبان انگلینڈ 1992 کے بعد پہلی بار فائنل میں پہنچا ہے اور فائنل میں انگلینڈ اور نیوزی لینڈ کے پاس پہلی بار خطاب جیتنے کا موقع رہے گا۔ نیوزی لینڈ نے پہلے سیمی فائنل میں ہندوستان کو شکست دی تھی۔

کرس ووکس اور عادل راشد کے تین-تین وکٹوں اور سلامی بلے باز جیسن رائے کی 85 رن کی طوفانی اننگز کی بدولت میزبان انگلینڈ نےدفاعی چمپئن آسٹریلیا کو آئی سی سی ورلڈ کپ کے دوسرے سیمی فائنل میں جمعرات کو آٹھ وکٹ سے شکست دے کر 27 سال کے طویل وقفے کے بعد فائنل میں جگہ بنا لی۔ یہاں پر انگلینڈ کے پاس اب تاریخ رقم کرنے کا موقع ہے اور وہ فائنل میں نیوزی لینڈ کو شکست دے کر اپنے اوپر لگا یہ داغ ہٹا سکتی ہے کہ کرکٹ کو جنم دینے والا ملک ہی اب تک عالمی کپ سے محروم ہے۔
انگلینڈ نے آسٹریلیا کو 49 اوور میں 223 رن پر سمیٹنے کے بعد 32.1 اوور میں دو وکٹ پر 226 رن بنا کر شاندار انداز میں فائنل میں داخلہ حاصل کیا جہاں اس کا مقابلہ 14 جولائی کو تاریخی لارڈز میدان میں نیوزی لینڈ سے ہوگا۔ میزبان انگلینڈ 1992 کے بعد پہلی بار فائنل میں پہنچا ہے اور فائنل میں انگلینڈ اور نیوزی لینڈ کے پاس پہلی بار خطاب جیتنے کا موقع رہے گا۔ نیوزی لینڈ نے پہلے سیمی فائنل میں ہندوستان کو شکست دی تھی۔
انگلینڈ نے اس سیمی فائنل میں دفاعی چیمپئن آسٹریلیا کو یک طرفہ انداز میں شکست دی۔ جیسن رائے نے 65 گیندوں میں نو چوکوں اور پانچ چوکوں کی مدد سے 85 رنز کی میچ فاتح اننگز کھیلی۔ جانی بيرسٹو نے 34، جو رٹ نے ناٹ آؤٹ 49 اور کپتان ایان مورگن نے ناٹ آؤٹ 45 رنز کی اننگز کھیلی۔ آسٹریلیا کی اننگز میں 20 رن پر تین وکٹ لینے والے کرس ووکس کو پلیئر آف دی میچ کا ایوارڈ ملا۔
ٹاس جیت کر پہلے بلے بازی کرنے اتری آسٹریلیائی ٹیم کا آغاز خراب رہا اور اس نے ساتویں اوور تک محض 14 رن پر تین وکٹ گنوا دیے تھے۔ سابق کپتان اسٹیون اسمتھ نے اس کے بعد 119 گیندوں پر چھ چوکوں کی مدد سے 85 رنز کی شاندار اننگز کھیلی جس کی بدولت ہی آسٹریلیا 200 کا اسکور پار کر سکا۔
اسمتھ آٹھویں بلے باز کے طورپر ٹیم کے 217کے اسکور پر آوٹ ہوئے اور آسٹریلیا کی پوری اننگز 49اوور میں 223رن پر سمٹ گئی۔ آسٹریلیا کے چار بلے باز ہی دہائی تک پہنچ سکے۔ وکٹ کیپر ایلکس کیری نے 70گیندوں میں چار چوکوں کی مدد سے 46رن، آل راونڈر گلین میکسویل نے 23گیندوں میں دو چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے 22 رن اور نویں نمبر کے بلے بز مشیل اسٹارک نے 36 گیندوں میں ایک چوکے اور ایک چھکے کی مد د سے 29رن بنائے۔
اسمتھ اور کیری نے چوتھے وکٹ کے لئے 103رن کی شراکت کرکے ٹیم کو کچھ حد تک سنبھالا۔اس سے پہلے کپتان آرون فنچ کھاتہ کھولے بغیر دوسرے اوور کی پہلے گیند پر آوٹ ہوئے جبکہ ٹورنامنٹ میں شاندار بلے بازی کرنے والے اوپنرڈیوڈ وارنر تیسرے اوور میں نپٹ گئے۔ وارنر 9رن ہی بنا سکے۔ پیٹر ہینڈس کومب کاوکٹ ساتویں اوور کی پہلی گیند پر گرا۔ کرس ووکس نے وارنر اور ہینڈس کوب کے وکٹ لئے۔ لیگ اسپنر عادل رشید نے آسٹریلیا کے مڈل آرڈر کو آوٹ کیا۔ راشد نے کیری، مارکس اسٹوئنس اور پیٹ کمنس کو آ وٹ کیا۔
ووکس نے اسٹارک کو آوٹ کرکے اپنا تیسرا وکٹ لیا۔اسمتھ رن آوٹ ہوئے جبکہ جوفرا آرچر نے آسٹریلیا ئی کپتان فنچ اور میکسویل کے وکٹ لئے۔ مارک ووڈ نے جیسن بہرنڈورف کو آوٹ کرکے آسٹریلیا کی اننگز سمیٹ دی۔ ووکس نے 20رن پر تین وکٹ، راشد نے 54 رن پر تین وکٹ، آرچر نے 32 رن پر دو وکٹ اور ووڈ نے 45رن پر ایک وکٹ لیا۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔