بنگلہ دیش پر فتح کے ساتھ ہی راشد خان کے سَر سجا کم عمر ٹسٹ فاتح کپتان کا تاج

افغانستان نے جیت کے ساتھ محمد نبی کو شاندار الوداعی دی۔ نبی نے کچھ دن پہلے ہی اعلان کر دیا تھا کہ وہ اس ٹسٹ کے بعد ریٹائرمنٹ لے لیں گے۔ نبی کو اس میچ میں دو بار گارڈ آف آنر ملا۔

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

یو این آئی

افغانستان کے لیگ بریک گگلی گیندباز راشد خان نے ایک اور سنگ میل اپنے نام کر لیا ہے اور وہ ٹسٹ میچ جیتنے والے دنیا کے سب سے کم عمر کپتان بن گئے ہیں۔ انہوں نے یہ کارنامہ 20 سال اور 354 دن کی عمر میں انجام دیا۔ افغانستان کے کپتان راشد خان نے بنگلہ دیش کے خلاف چٹگانگ میں کھیلے گئے واحد ٹسٹ میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کر کے یہ اعزاز اپنے نام کیا۔افغانستان نے 224 رنز سے کامیابی اپنے نام کی۔ راشد خان نے پہلی اننگز میں پانچ اور دوسری اننگز میں چھ وکٹوں کے ساتھ مجموعی طور پر 11 وکٹیں حاصل کیں۔ اس کے علاوہ انہوں نے پہلی اننگ میں 51 اور دوسری اننگز میں 24 رنز بھی بنائے۔آل راؤنڈ پرفارمنس کے لیے اُنہیں مین آف دی میچ کا ایوارڈ ملا۔

واضح رہے کہ اس سے قبل اسٹار لیگ اسپنر اور کپتان راشد خان (49 رن پر چھ وکٹ) کی خطرناک گیند بازی سے افغانستان نے بنگلہ دیش کو واحد ٹیسٹ کے پانچویں اور آخری دن پیر کو 224 رن کے بڑے فرق سے ہرا دیا۔ افغانستان نے بنگلہ دیش کے سامنے 398 رنز کا ہدف رکھا تھا اور بنگلہ دیش کی ٹیم چھ وکٹ پر 136 رن سے آگے کھیلتے ہوئے 173 رن پر سمٹ گئی۔ صبح کے کھیل میں بارش کی وجہ سے تاخیر ہوئی تھی اور لنچ تک صرف 14 گیندوں پھینکی جا سکی تھیں ۔ لنچ اور چائے کے وقفہ کے درمیان کھیل بھی بارش اور گیلے میدان سے رکا رہا۔ آخر چائے کے وقفہ کے بعد کھیل شروع ہوا اور راشد نے بنگلہ دیش کی اننگز کو آؤٹ کرنے میں زیادہ وقت نہیں لگایا۔


ظاہر خان نے بنگلہ دیش کے کپتان شکیب الحسن کو 44 کے اسکور پر آؤٹ کیا جبکہ راشد نے باقی تین وکٹ نکال کر بنگلہ دیش کی اننگز کو 61.4 اوور میں 173 رن پر سمیٹ دیا۔ راشد نے 21.4 اوور میں 49 رن پر چھ وکٹ اور ظاہر نے 15 اوور میں 59 رن پر تین وکٹ لئے۔ راشد کو میچ میں کل 11 وکٹ لینے کے لئے پلیئر آف دی میچ کا ایوارڈ ملا۔

افغانستان نے اس طرح اس جیت سے محمد نبی کو شاندار الوداعی دی۔ نبی نے کچھ دن پہلے ہی اعلان کر دیا تھا کہ وہ اس ٹیسٹ کے بعد ریٹائرمنٹ لے لیں گے۔ نبی کو اس میچ میں دو بار گارڈ آف آنر ملا۔ میچ کے اختتام کے بعد افغان کھلاڑیوں نے انہیں گارڈ آف آنر پیش کیا۔ افغانستان آئی سی سی ٹیسٹ چمپئن شپ کا حصہ نہیں ہے اس لئے اسے اس جیت سے کوئی پوائنٹس نہیں ملا۔ بنگلہ دیش اس چمپئن شپ کا حصہ ہے اور اس کا ٹیسٹ چمپئن شپ میں یہ پہلا میچ تھا۔ بنگلہ دیش کا ابھی اکاؤنٹ نہیں کھل پایا ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔


Published: 09 Sep 2019, 10:10 PM