کرکٹ: 100ویں ٹیسٹ میں جو روٹ نے لگائی یادگار سنچری، بنایا ایک خاص عالمی ریکارڈ

جو روٹ دنیا کے واحد ایسے کھلاڑی بن گئے ہیں جنہوں نے اپنی 98 ویں ، 99 ویں اور 100 ویں ٹیسٹ میں سنچری بنائی ہے۔

انگلینڈ کے کپتان جو روٹ
انگلینڈ کے کپتان جو روٹ
user

یو این آئی

چنئی: انگلینڈ کے کپتان جوروٹ نے اپنے 100ویں ٹیسٹ میں سنچری بنانے کا اعزاز حاصل کرلیا ہے۔ روٹ نے یہ کارنامہ ہندوستان کے خلاف چنئی کے ایم چدمبرم اسٹیڈیم میں پہلے ٹیسٹ کے پہلے دن جمعہ کے روز انجام دیا۔ 30 سالہ روٹ تاریخ میں اپنے 100ویں ٹیسٹ میں سنچری بنانے والے منتخب کھلاڑیوں کی فہرست میں شامل ہوگئے ہیں۔ وہ یہ اعزاز حاصل کرنے والے ٹیسٹ تاریخ کے نویں بلے باز ہیں۔ روٹ کے کیریر کی یہ 20ویں اور مسلسل تیسری سنچری ہے۔ روٹ دنیا کے واحد ایسے کھلاڑی بن گئے ہیں جنہوں نے اپنی 98ویں، 99ویں اور 100ویں ٹیسٹ میں سنچری بنائی ہے۔

روٹ نے ہندوستان میں آنے سے پہلے سری لنکا کے خلاف دو ٹیسٹ میچوں کی سیریز میں 228 اور 186 رن بنائے تھے۔ اس میں اب انہوں نے ایک اور سنچری جوڑ لی ہے۔ روٹ نے اپنے ٹیسٹ کیریر کا آغاز ہندوستان کی سرزمین سے کیا تھا۔ انہوں نے اپنا 50واں ٹیسٹ اور 100واں ٹیسٹ بھی ہندوستان میں کھیلا۔ ہندوستان کے خلاف ان کی یہ پانچویں سنچری ہے۔


روٹ نے ہندوستان کے ناگپور میں دسمبر 2012 میں کھیلے گئے اپنے پہلے ٹیسٹ میں 73 اور ناٹ آؤٹ 20 رن بنائے تھے۔ انہوں نے ہندوستان کے وشاکھاپٹنم میں نومبر 2016 میں کھیلے گئے اپنے 50ویں ٹیسٹ میں 53 اور 25 رن بنائے تھے۔ انہوں نے اب ہندوستان کے چنئی میں اپنے 100ویں ٹیسٹ میں سنچری بنانے کا اعزاز حاصل کرلیا ہے۔

عالمی رینکنگ میں پانچویں نمبر کے بلے باز روٹ اپنے 100ویں ٹیسٹ میں سنچری بنانے والے انگلینڈ کے تیسرے اور دنیا کے نویں بلے باز بن گئے ہیں ۔ انگلینڈ کے کالن کاوڈرے نے 1968 میں اپنے 100ویں ٹیسٹ میں 104 رن، پاکستان کے کے جاوید میانداد نے 1989 میں 145، ویسٹ انڈیز کے گارڈن گرینیز نے 1990 میں 149، انگلینڈ کے ایلیک اسٹیورٹ نے 2000 میں 105 رنز، 2005 میں پاکستان کے انضمام الحق نے 184 رن، آسٹریلیائی کے رکی پونٹنگ نے 2006 میں 120 اور ناٹ آؤٹ 143 رن، جنوبی افریقہ کے گریم اسمتھ نے 2012 میں 131رن اور جنوبی افریقہ کے ہاشم آملہ نے 2017 میں 134 رنز بنائے تھے۔ گویا کہ روٹ کا نام ان خاص بلے بازوں کی صف میں شامل ہوگیا ہے، جنہوں نے 100 ویں ٹیسٹ میں سنچری بنائی ہیں۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔