چند گھنٹوں بعد ایشیا کپ-2022 کا ہوگا آغاز، سری لنکا کے خلاف افغانستان مد مقابل

سری لنکا کی کپتانی داسوکا شناکا کے ہاتھوں میں ہے، جب کہ افغانستان کی کپتانی محمد نبی کریں گے۔ ان دونوں ٹیموں کے درمیان اب تک صرف ایک ٹی-20 میچ کھیلا گیا ہے جس میں سری لنکا کو فتح حاصل ہوئی تھی۔

ایشیا کپ، تصویر آئی اے این ایس
ایشیا کپ، تصویر آئی اے این ایس
user

قومی آوازبیورو

طویل انتظار کے بعد آخر کار آج شام سے ایشیا کپ-2022 کا آغاز ہوگا۔ بھلے ہی سبھی کو 28 اگست کا بے صبری سے انتظا رہے جب ہندوستان اور پاکستان کے درمیان مقابلہ کھیلا جائے گا، لیکن آج ہونے والے پہلے میچ میں بھی خوب تفریح کا سامان موجود ہے۔ پہلے میچ میں سری لنکا کے مد مقابل افغانستان ہے۔ یہ میچ دبئی انٹرنیشنل کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلا جائے گا۔ دونوں ہی ٹیمیں ٹی-20 کرکٹ میں اس وقت برابری کی طاقت رکھتی ہیں۔ ایسے میں یہ مقابلہ بے حد دلچسپ ہونے کی امید ہے، اور سبھی کی نظریں راشد خان پر ہوں گی جو اپنی اسپن گیندبازی سے اچھے اچھے بلے بازوں کو پریشان کرتے ہیں۔

آج کے ہونے والے میچ میں سری لنکا کی کپتانی داسوکا شناکا کے ہاتھوں میں ہے، جب کہ افغانستان کی کپتانی محمد نبی کریں گے۔ ان دونوں ٹیموں کے درمیان اب تک صرف ایک ٹی-20 میچ کھیلا گیا ہے جس میں سری لنکا کو فتح حاصل ہوئی تھی۔ یہ مقابلہ 2016 کے ٹی-20 عالمی کپ کے دوران کھیلا گیا تھا۔ حالانکہ گزشتہ کچھ سالوں میں افغانستان کی ٹیم نے ٹی-20 کرکٹ میں خود کو بہت بہتر کیا ہے۔ افغانستان کے پاس کرکٹ کے اس چھوٹے فارمیٹ کے کئی اسپیشلسٹ کھلاڑی موجود ہیں۔


قابل ذکر ہے کہ ایشیا کپ میں دو گروپ میں تین تین ٹیمیں رکھی گئی ہیں۔ یہاں ہر ٹیم گروپ میں 2-2 میچ کھیلے گی۔ اس کے بعد دونوں گروپ سے سرفہرست دو ٹیمیں سپر-4 راؤنڈ میں پہنچیں گی۔ یہاں ایک ٹیم کو دیگر تین ٹیموں سے ایک ایک میچ کھیلنا ہوگا۔ یہاں ٹاپ-2 رہنے والی ٹیموں کے درمیان فائنل مقابلہ کھیلا جائے گا۔ اس طرح 15 دن کے اندر مجموعی طور پر 13 میچ کھیلے جائیں گے۔ یہ سبھی مقابلے اسٹار اسپورٹس نیٹورک پر براہ راست نشر ہوں گے۔ میچ کی لائیو اسٹریمنگ ڈزنی+ہاٹ اسٹار ایپ پر بھی دیکھی جا سکتی ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔