ٹی 20 عالمی کپ میں بڑا الٹ پھیر، جنوبی افریقہ کو نیدر لینڈ کے ہاتھوں شکست، ہندوستان سیمی فائنل میں داخل، پاکستان کی امیدیں روشن

آسٹریلیا میں جاری ٹی-20 عالمی کپ کے سپر 12 مرحلے کے فیصلہ کن میچ میں نیدر لینڈ نے ٹورنامنٹ کی مضبوط ٹیم جنوبی افریقہ کو 13 رن سے شکست دے کر بڑا الٹ پھیر کر دیا ہے

ٹوئٹر
ٹوئٹر
user

قومی آوازبیورو

ایڈیلیڈ: آسٹریلیا میں جاری ٹی-20 عالمی کپ کے سپر 12 مرحلے کے فیصلہ کن میچ میں نیدر لینڈ نے ٹورنامنٹ کی مضبوط ٹیم جنوبی افریقہ کو 13 رن سے شکست دے کر بڑا الٹ پھیر کر دیا ہے۔ نیدر لینڈ کی اس جیت سے اسے کوئی فائدہ نہیں ہوا لیکن پاکستان کے سیمی فائنل میں پہنچنے کی امیدیں کافی روشن ہو گئی ہیں۔ ادھر، ٹیم انڈیا سیمی فائنل کے لئے کوالیفائی کر گئی ہے۔ اب ہندوستان کا مقابلہ زمبابوے سے ہونا ہے لیکن اس میچ کے نتائج سے ٹیم انڈیا کی پوزیشن پر زیادہ فرق نہیں پڑے گا۔

نیدر لینڈ کی جانب سے دیے گئے 159 رنز کے ہدف کے تعاقب کرنے میں جنوبی افریقی بلے باز ناکام رہے اور مضبوط ٹیم 20 اوورز میں 8 وکٹوں کے نقصان پر صرف 145 رنز ہی بنا سکی۔ کوئی بھی افریقی کھلاڑی نصف سنچری اسکور نہ کر سکا۔ جنوبی افریقہ کی جانب سے رلی روسو 25 رنز بنا کر ٹاپ اسکورر رہے، جبکہ کلاسین نے 21 اور ٹیمبا نے 20 رنز اسکور کیے۔


نیدر لینڈ کے برینڈن گلوور نے جنوبی افریقہ کی بیٹنگ کو دھچکا پہنچایا اور صرف 9 رنز دے کر 3 قیمتی وکٹیں حاصل کیں، فریڈ کلاسین اور ڈیلی نے دو دو کھلاڑی آؤٹ کیے، میکرین کے حصے میں ایک وکٹ آئی۔ نیدر لینڈ کے بیٹر ایکر میں کو مین آف دی میچ قرار دیا گیا۔

اس سے قبل جنوبی افریقہ نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا، نیدر لینڈ نے مقررہ 20 اوورز میں 4 وکٹوں کے نقصان پر 158 رنز بنائے، ایکرمین نے ناقابل شکست 41 رنز بنائے، اسٹیفن نے 37 اور کوپر نے 35 رنز جوڑے۔ جنوبی افریقہ کی جانب سے مہاراج نے دو، اینرچ اور میکرم نے ایک ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔


پاکستان کو سیمی فائنل میں پہنچنے کے لیے بنگلہ دیش کو ہرانا لازمی ہوگا بصورت دیگر بنگلہ دیش سیمی فائنل میں پہنچ جائے گی۔ دونوں ٹیموں کے درمیان ایڈیلیڈ کے میدان میں ہی مقابلہ ہونا ہے۔ آخری اطلاع موصول ہونے تک میدان پر ٹاس ہو چکا ہے، جسے بنگلہ دیش نے جیتا ہے اور پہلے بلے بازی کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔


/* */