دنیا کے 3 ایسے کرکٹر جنھوں نے 4 سال میں ایک بار منایا اپنا ’برتھ ڈے‘

انگلینڈ کے کرکٹر الف گوور کی پیدائش 29 فروری 1908 کو ہوئی تھی جب کہ آسٹریلیائی کرکٹر گاوِن اسٹیون اور شان ایبٹ کی پیدائش بالترتیب 1932 اور 1992 میں ہوئی۔

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

قومی آوازبیورو

’برتھ ڈے‘ منانے کا چلن دنیا میں بہت پرانا ہے۔گھروں پر، دفتروں میں اورفائیو اسٹار ہوٹلوں میں لوگ اپنا یوم پیدائش پورے جوش و خروش کے ساتھ مناتے ہیں اور ہر سال اس دن کا بے صبری سے انتظار کرتے ہیں۔ لیکن کئی لوگ ایسے ہیں جو ہر سال اپنا یوم پیدائش نہیں منا پاتے اور انھیں اس موقع کے لیے چار سال تک انتظار کرنا پڑتا ہے۔ ایسا اس لیے ہوتا ہے کیونکہ ان کی پیدائش لیپ ڈے یعنی 29 فروری کوہوئی اوریہ تاریخ 4 سال بعد ہی آتی ہے۔ بقیہ تین سال 28 فروری کے بعد کیلنڈر کا مہینہ بدل کر یکم مارچ ہو جاتا ہے۔

کرکٹ کی دنیا میں بھی کچھ ایسےنام ہیں جنھیں اپنا برتھ ڈے منانے کے لیے 4 سال کا انتظار کرنا پڑتا ہے۔ ’قومی آواز‘ کے قارئین کے سامنے ایسے ہی تین کرکٹروں کی جانکاری مہیا کی جا رہی ہے جو آج یعنی 29 فروری کے دن ہی پیدا ہوئے تھے۔ ان میں سے دو کرکٹر آسٹریلیا سے تعلق رکھتے ہیں اور ایک کا تعلق انگلینڈ سے ہے۔ آسٹریلیائی کرکٹرس کا نام ہے شان ایبٹ اور گاوِن اسٹیون، جب کہ انگلینڈ کے کرکٹر کا نام ہے الَف گوور۔ سن پیدائش کے اعتبار سے دیکھا جائے تو الف گوور اس فہرست میں سب سے عمر دراز ہیں اور ان کے بعد گاوِن اسٹیون و شان ایبٹ کا نام آتا ہے۔ اَلَف گوور کا انتقال ہو چکا ہے جب کہ بقیہ دو باحیات ہیں۔


الف گوور: انگلینڈ کے تیز گیندباز الف گوور کی پیدائش 29 فروری 1908 کو جنوبی لندن میں ہوئی تھی۔ وہ انگلینڈ کے عمر دراز کرکٹر تھے جب 7 اکتوبر 2001 کو 93 سال کی عمر میں انھوں نے دنیا کو الوداع کہا۔ گوور نے انگلینڈ کی جانب سے چار انٹرنیشنل ٹیسٹ میچ کھیلے جب کہ 362 فرسٹ کلاس کرکٹ میچ کھیلے۔ گوور نے 1936 کو ہندوستان کے خلاف انٹرنیشنل کرکٹ میں ڈیبو کیا تھا اور انھوں نے اپنا آخری انٹرنیشنل میچ بھی 1946 میں ہندوستان کے خلاف کھیلا تھا۔ چار ٹیسٹ میچ میں انھوں نے 8 وکٹ لیے تھے۔

گاوِن اسٹیون: بائیں ہاتھ کے سابق آسٹریلیائی بلے باز گاوِن اسٹیون کی پیدائش 1932 میں ایڈیلیڈ میں ہوئی تھی۔ انھوں نے آسٹریلیا کی جانب سے چار ٹسٹ میچ کھیلے ہیں۔ 1959 کو پاکستان کے خلاف ڈیبو کرنے والے اسٹیون نے چار ٹیسٹ میچوں میں 112 رن بنائے تھے۔ انھوں نے آخری بین الاقوامی میچ 1960 میں ہندوستان کے خلاف ممبئی میں کھیلا تھا۔ 88 سال کے گاوِن نے 47 فرسٹ کلاس میچ کھیلے ہیں، جس میں ان کے نام کل 3 ہزار 61 رن ہیں۔ فرسٹ کلاس میں ان کی بہترین پاری ناٹ آؤٹ 259 رن کی ہے۔ اسٹیون کے نام فرسٹ کلاس کرکٹ میں 7 سنچری اور 11 نصف سنچری ہے۔


شان ایبٹ: آسٹریلیائی تیز گیندباز شان ایبٹ کی پیدائش 1992 میں ہوئی تھی۔ انھوں نے آسٹریلیا کی جانب سے ایک ونڈے اور تین ٹی-20 میچ کھیلے ہیں۔ شان ایبٹ نے 2014 میں پاکستان کے خلاف ونڈے اور ٹی-20 کرکٹ میں ڈیبو کیا تھا۔ ایبٹ کے نام محدود اوور کرکٹ میں ایک وکٹ اور چھوٹے فارمیٹ میں 3 وکٹ ہیں۔ انھوں نے ابھی تک 53 فرسٹ کلاس، 62 لسٹ اے میچ کھیلے ہیں۔ فرسٹ کلاس میں ان کے نام 1236 رنوں کے علاوہ 139 وکٹ ہیں، جب کہ لسٹ اے میں 610 رن کے علاوہ 97 وکٹ ہیں۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔


/* */