دوسرا ونڈے: بارش نے بگاڑا کھیل، ہندوستان نیوزی لینڈ کے درمیان مقابلہ منسوخ

بارش نے 13ویں اوور کے مکمل ہونے سے پہلے ہی دوبارہ دستک دے دی جس کے بعد میچ کو منسوخ کرنے کا فیصلہ کیا گیا

تصویر ٹوئٹر / @BCCI
تصویر ٹوئٹر / @BCCI
user

یو این آئی

ہیملٹن: ہندوستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان کھیلے جارہے تین ون ڈے سیریز کا دوسرا میچ اتوار کو بارش کی نذر ہوگیا۔ سیڈن پارک میں کھیلے جارہے بارش سے متاثرہ میچ میں ہندوستان نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 12.5 اوور میں ایک وکٹ کے نقصان پر 89 رن بنائے جس کے بعد بارش نے دستک دے دی۔

بارش آدھے گھنٹے سے زیادہ وقت تک نہ تھمنے پر امپائرز نے دونوں کپتانوں سے بات کی اور میچ منسوخ کرنے کا فیصلہ کیا۔ اس سے قبل نیوزی لینڈ نے ٹاس جیت کر ہندوستان کو بیٹنگ کی دعوت دی۔ ہندوستان کے 4.5 اوور میں 22 رن بنانے کے بعد سیڈن پارک میں بارش شروع ہو گئی اور کھلاڑیوں کو میدان چھوڑنا پڑا۔ جب میچ دوبارہ شروع ہوا تو اووروں کی تعداد 29 کر دی گئی۔


کھیل دوبارہ شروع ہوتے ہی کپتان شیکھر دھون تین رن بنا کر آؤٹ ہو گئے جبکہ شبھمن گل نے اننگز کی رفتار بڑھا دی۔ تیسرے نمبر پر بیٹنگ کے لیے آنے والے سوریہ کمار یادو نے ان کا ساتھ دیا اور دونوں نے 46 گیندوں پر 66 رن کی شراکت داری قائم کی۔

گل نے 42 گیندوں میں چار چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے 45 رن بنائے جبکہ سوریہ کمار نے 25 گیندوں میں دو چوکوں اور تین چھکوں کی مدد سے 34 رن بنائے۔ بارش نے 13ویں اوور کے مکمل ہونے سے پہلے ہی دوبارہ دستک دے دی جس کے بعد میچ کو منسوخ کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔

ہندوستان اور نیوزی لینڈ اب بدھ کو کرائسٹ چرچ کے ہیگلے اوول میں تین میچوں کی سیریز کے آخری میچ میں آمنے سامنے ہوں گے۔ نیوزی لینڈ نے سیریز میں 1-0 کی ناقابل تسخیر برتری حاصل کر لی ہے، جب کہ ہندوستان کو کلین سویپ سے بچنے کے لیے تیسرا میچ جیتنا ہوگا۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔