عالمی کپ کرکٹ: ہندوستانی ٹیم کا اعلان، محمد شامی کو ملا موقع، پَنت اور رائیڈو باہر

وراٹ کوہلی ورلڈ کپ ٹیم میں کپتانی سنبھالیں گے جبکہ روہت شرما کو ٹیم کا نائب کپتان بنایا گیا ہے۔ کے ایل راہل، وجے شنکر اور دنیش کارتک خوش قسمت ثابت ہوئے جنھیں ٹیم میں جگہ مل گئی۔

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

یو این آئی

ممبئی: ہندستانی سلیکٹرز نے 30 مئی سے انگلینڈ اینڈ ویلز میں شروع ہونے والے آئی سی سی ون ڈے ورلڈ کپ کے لیے 15 رکنی ہندستانی ٹیم کا پیر کو اعلان کر دیا جس میں اوپنر لوکیش راہل، آل راؤنڈر وجے شنکر اور وکٹ کیپر بلے باز دنیش کارتک کو جگہ ملی ہے جبکہ مضبوط دعویدار مانے جا رہے دیگر وکٹ کیپر بلے باز رشبھ پنت اور بلے باز امباٹی رائیڈو عالمی کپ ٹیم میں جگہ بنانے سے چوک گئے۔

وراٹ کوہلی ورلڈ کپ ٹیم میں کپتانی سنبھالیں گے جبکہ روہت شرما کو ٹیم کا نائب کپتان بنایا گیا ہے۔ ٹیم میں جگہ بنانے کیلئے دعویداروں میں راہل، وجے اور کارتک خوش قسمت رہے جبکہ کچھ وقت پہلے تک عالمی کپ ٹیم کے لئے یقینی مانے جا رہے نوجوان پنت پر سلیکٹرز نے داؤ نہیں لگایا۔ ٹیم میں رائیڈو کا باہر رہنا ایک چونکانے والا فیصلہ رہا۔

اس ورلڈ کپ ٹیم میں سات کھلاڑی ایسے ہیں جو 2015 میں آسٹریلیا اور نیوزی لینڈ میں ہوئے گزشتہ عالمی کپ میں کھیلے تھے جبکہ آٹھ کھلاڑی پہلی بار عالمی کپ میں اپنا ڈیبو کریں گے ۔ عالمی کپ ٹیم میں پنت اور رائیڈو کو باہر ہونا سب سے زیادہ افسوسناک رہا۔

چیف سلیکٹر ایم ایس کے پرساد نے اسے لے کر کہاکہ دنیش کارتک کو ان کی بہتر وکٹ کیپنگ صلاحیت کی وجہ سے پنت پر ترجیح دی گئی ہے جبکہ وجے کو ان کے آل راؤنڈ صلاحیت کے سبب رائیڈو پر ترجیح ملی ہے۔ ہمارے پاس نمبر چار کے لئے کارتک، کیدار جادھو اور شنکر ہیں ، یہی وجہ ہے کہ چیزیں رائیڈو کے موافق نہیں رہیں۔

ہندستان عالمی کپ میں اپنی مہم کا آغاز 5 جون کو جنوبی افریقہ کے خلاف ساؤتھمپٹن میں کرے گا۔ ہندستان 1983 اور 2011 میں عالمی کپ جیت چکا ہے اور وہ تیسری بار ٹائٹل جیتنے کا مضبوط دعویدار مانا جا رہا ہے۔ ہندستان عالمی کپ شروع ہونے سے پہلے نیوزی لینڈ کے خلاف اوول میں 25 مئی کو بنگلہ دیش کے خلاف کارڈف میں 28 مئی کو پریکٹس میچ کھیلے گا۔

ایم ایس کے پرساد کی قیادت والی سلیکشن کمیٹی نے بی سی سی آئی کے ہیڈ کوارٹر میں آج ٹیم کا سلیکشن کیا۔سلیکشن پینل اور کپتان وراٹ کوہلی نے ممبئی میں بی سی سی آئی کے صدر دفتر میں میٹنگ کی جس کے بعد دوپہر میں 15 رکنی ورلڈ کپ ٹیم کا اعلان کیا گیا۔

چیف سلیکٹر پرساد نے حال ہی میں کہا تھا کہ 20 کھلاڑیوں کا پول سلیکشن کر لیا گیا ہے جن میں سے 15 رکنی ٹیم چنی جائے گی۔ اس انتخاب میں آئی پی ایل کی کارکردگی کا کوئی ہاتھ نہیں رہے گا۔ لیکن شاید ایسا لگتا ہے کہ پنت نے آئی پی ایل کے کئی میچوں میں جس طرح اپنے وکٹ گنوائے وہ ان کی ٹیم سے باہر ہونے کا سب سے بڑا سبب رہا۔اگرچہ پرساد نے ٹیسٹ ٹیم کا حصہ بن چکے پنت کی وکٹ کیپنگ کو عالمی کپ ٹیم سے باہر رہنے کا بڑا سبب بتایا۔

مڈل آرڈر کے بلے باز امباٹی رائیڈو بدقسمت رہے کہ آئی پی ایل میں مسلسل اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کرنے کے باوجود وہ چوتھے مقام کے لیے ٹیم میں اپنی جگہ نہیں بنا پائے۔ یہ دلچسپ ہے کہ 'کافی ود کرن' شو میں خواتین پر متنازعہ تبصرہ کرنے والے آل راؤنڈر ہردک پانڈیا اور بلے باز لوکیش راہل کو ٹیم میں جگہ ملی ہے، اگرچہ دونوں کا معاملہ ابھی بی سی سی آئی کے لوک پال کے سامنے زیر التوا ہے اور اس معاملے میں لوک پال کا فیصلہ آنا باقی ہے۔

راہل کو حالیہ مسلسل اچھی کارکردگی کا فائدہ ملا اور وہ ٹیم میں متبادل اوپنر یا چوتھے نمبر کے بلے باز کے طور پر جگہ بنانے میں کامیاب رہے۔ عالمی کپ ٹیم میں سب سے بڑا چہرہ آل راؤنڈر وجے شنکر کا ہے جنہوں نے اب تک ہندستان کے لیے 9 ون ڈے اور 9 ٹوئنٹی 20 میچ کھیلے ہیں۔ 28 سال کے وجے نے اس سال 18 جنوری کو اپنا ون ڈے ڈیبو کیا تھا اور تقریبا تین ماہ بعد ہی وہ عالمی کپ ٹیم میں جگہ بنا لے گئے۔

بلےبازی: ہندستانی ٹیم کی بلے بازی کا دار و مدار کپتان وراٹ، اوپنر روہت شرما اور شکھر دھون، عالمی کپ فاتح کپتان اور وکٹ کیپر مہندر سنگھ دھونی اور بلے باز لوکیش راہل پر منحصر رہے گا جنہیں بلے بازی میں تعاون دینے کے لیے کیدار جادھو، ہردک پانڈیا، دنیش کارتک اور وجے شنکر رہیں گے۔

آل راؤنڈر: انگلینڈ کے حالات کو دیکھتے ہوئے آل راؤنڈر کو اہمیت دی گئی ہے۔ ٹیم میں دو تیز گیند باز آل راؤنڈر پانڈیا اور شنکر ہیں جبکہ اسپن آل راؤنڈر کے طور پر جڈیجہ اور جادھو بھی موجود ہیں۔ جڈیجہ لیفٹ آرم اسپنر ہیں جبکہ جادھوپارٹ ٹائم آف اسپن کرتے ہیں۔ پانڈیا ہندستانی توقعات کے لیے ترپ کا پتا رہیں گے۔ پانڈیا نے 45 میچوں میں 731 رنز بنانے کے علاوہ 44 وکٹ لئے ہیں۔

اسپنر: ہندوستانی سلیکٹرز نے عالمی کپ ٹیم میں کلائی کے دو اسپنروں لیگ اسپنر یجویندر چہل اور چائنامین بولر کلدیپ یادو پر بھروسہ کیا ہے۔ ان دونوں اسپنروں نے گزشتہ دو برسوں میں زبردست تال میل کے ساتھ گیند بازی کی ہے اور ہندستان کی ون ڈے کامیابی میں اہم کردار ادا کیا ہے۔ چہل 41 ون ڈے میں 72 وکٹ اور کلدیپ 44 ون ڈے میں 87 وکٹ لے چکے ہیں۔ ان دونوں اسپنروں کا ساتھ نبھانے کے لیے جڈیجہ بھی موجود رہیں گے جو اب تک 151 ون ڈے میں 174 وکٹ لے چکے ہیں اور دوسری بار عالمی کپ ٹیم میں کھیلیں گے۔

تیز گیندباز: سلیکٹرز نے جسپريت بمراه، محمد شامی اور بھونیشور کمار پر اعتماد کیا ہے۔ اپنے خطرناک ياركر کیلئے مشہور ہو چکے بمراه پہلی بار عالمی کپ کھیلنے اتریں گے اور وہ اب تک 49 میچوں میں 85 وکٹ لے چکے ہیں۔ سلیکٹرز نے شامی کی تیزی اور وکٹ لینے کی صلاحیت پر انحصار ظاہر کیا ہے۔ وہ 63 ون ڈے میں 113 وکٹ لے چکے ہیں۔ سوئنگ کے بادشاہ بھونیشور کمار کو انگلینڈ کی پچیں خاصی راس آئیں گی اور ان کے اکاؤنٹ میں 105 میچوں میں 118 وکٹ ہیں۔ ان کا ساتھ دینے کے لیے آل راؤنڈر پانڈیا بھی رہیں گے جو اچھی رفتار کے ساتھ بولنگ کرتے ہیں۔

عالمی کپ ٹیم میں 8 نئے كھلاڑی: سال 2015 میں آسٹریلیا اور نیوزی لینڈ کی مشترکہ میزبانی میں ہوئے گزشتہ عالمی کپ میں کھیلنے والی ٹیم کے سات کھلاڑی اس عالمی کپ کی ٹیم میں جگہ بنانے میں کامیاب رہے۔ گزشتہ عالمی کپ میں کپتانی کرنے والے دھونی اب اپنا چوتھا عالمی کپ کھیلنے اتریں گے۔

گزشتہ عالمی کپ کے رکن وراٹ، شکھر دھون، روہت شرما، بھونیشور کمار، محمد شامی اور رویندر جڈیجہ نے بھی ٹیم میں جگہ بنائی ہے۔ عالمی کپ ٹیم کے نئے کھلاڑیوں میں راہل، وجے ، کیدار جادھو، دنیش کارتک، یجویندر چہل، کلدیپ یادو، جسپريت بمراه اور ہاردک پانڈیا شامل ہیں ۔

خوش قسمت رہے جڈیجا ، لیفٹ آرم اسپنر جڈیجہ اور آف اسپنر روی چندرن اشون گزشتہ عالمی کپ میں ا سپن جوڑی کے طور پر کھیلے تھے لیکن 2017 کی چمپئنز ٹرافی کے بعد سے دونوں کو محدود اوور میں نظر انداز کر دیا گیا تھا۔ لیکن جڈیجہ کے لئے گزشتہ چند ماہ اچھے رہے اور وہ تیسرے اسپنر کے طور پر ہندستانی ٹیم میں شامل ہو گئے۔ جڈیجہ کو گزشتہ سال انگلینڈ کے دورے میں آخری ٹیسٹ میں موقع ملا اور اس موقع کو انہوں نے دونوں ہاتھوں سے کامیاب کیا اور مسلسل اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے انگلینڈ کا ٹکٹ پا لیا۔

عالمی کپ ٹیم اس طرح ہے: وراٹ کوہلی کپتان، روہت نائب (کپتان)، شکھر دھون، لوکیش راہل، وجے شنکر، مہندر سنگھ دھونی (وکٹ کیپر)، کیدار جادھو، دنیش کارتک، یجویندر چہل، کلدیپ یادو، بھونیشور کمار، جسپريت بمراه، ہردک پانڈیا، رویندر جڈیجہ، محمد شامی۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔


Published: 15 Apr 2019, 9:09 PM
/* */