یہ تو نکہت کے ’زریں‘ کارنامے کا آغاز ہے، اُس کو جانا ہے بہت اونچا حدِ پرواز سے

محمد جمیل اور پروین سلطانہ کی صاحبزادی نکہت نے تو اپنے ’پنچ‘ کی طاقت 15 سال کی عمر میں ہی دکھا دی تھی جب اس نے 2010 میں نیشنل سَب جونیئر میٹ میں اپنی کارکردگی سے سبھی کو حیران کر دیا تھا۔

<div class="paragraphs"><p>نکہت زریں، Getty Images</p></div>

نکہت زریں، Getty Images

user

تنویر احمد

اب نکہت زریں سے کوئی یہ سوال نہیں کرتا کہ وہ حجاب کیوں نہیں پہنتی۔ اس سے کوئی یہ بھی نہیں کہتا کہ باکسنگ رِنگ میں وہ شارٹس زیب تن کیے اچھی نہیں لگتی۔ اب تو ہر طرف نکہت کے ’زریں‘ کارنامے کی دھوم مچی ہوئی ہے۔ تلنگانہ کے نظام آباد میں 14 جون 1996 کو آنکھیں کھولنے والی نکہت نے جب 2022 میں عالمی باکسنگ چمپئن شپ کا طلائی تمغہ اپنے نام کیا تھا تو دنیا کے سامنے ایک نیا پیغام دیا تھا۔ پیغام تھا ایک نئے آفتاب کے طلوع ہونے کا، اور یہ آفتاب اب اپنی چمک دکھانے لگا ہے۔ 2023 میں بھی عالمی باکسنگ چمپئن شپ کا تاج اپنے سر پر سجا کر نکہت زریں نے ظاہر کر دیا ہے کہ ’مجھ کو جانا ہے بہت اونچا حدِ پرواز سے‘۔

یہ بات کم ہی لوگوں کو معلوم ہوگا کہ نکہت زریں نے اپنے بستر پر ایک ’اسٹکی نوٹ‘ چپکا رکھا ہے جس پر کچھ ایسا لکھا ہے جو انھیں ہر صبح نئی توانائی کے ساتھ آگے بڑھنے کا حوصلہ بخشتا ہے۔ اس اسٹکی نوٹ سے متعلق نکہت نے خود ایک بار بتایا کہ ’’ہر کسی کے پاس کامیابی کا راز ہوتا ہے۔ میں (پسندیدہ) چیزوں کے بارے میں تصور کرتی ہوں اور مجھے مثبت انداز میں سوچنا پسند ہے۔ میں نے ’چمپئن‘ لکھ کر اور ایک اسٹکی نوٹ پر گولڈ میڈل بنا کر اسے اپنے بستر پر چپکا رکھا ہے۔‘‘ گویا کہ نکہت باکسنگ رِنگ میں اترنے سے پہلے ہی اپنی جیت کو لے کر حوصلہ مند رہتی ہیں، اور اس کا نتیجہ آج سبھی کے سامنے ہے۔ گزشتہ چند سالوں میں ہی نکہت زریں نے ہندوستان ہی نہیں بلکہ پوری دنیا میں ایسی شہرت حاصل کر لی ہے جس کے لیے کسی کھلاڑی کو ایک طویل عرصہ لگ جاتا ہے۔


محمد جمیل اور پروین سلطانہ کی صاحبزادی نکہت نے تو اپنے ’پنچ‘ کی طاقت 15 سال کی عمر میں ہی دکھا دی تھی جب اس نے 2010 میں نیشنل سَب جونیئر میٹ میں اپنی کارکردگی سے سبھی کو حیران کر دیا تھا۔ پھر 2011 میں وومن جونیئر یوتھ ورلڈ باکسنگ چمپئن شپ جیتنے کے ساتھ ایک ایسا سفر شروع ہوا جس نے ایک وقت ایسے مقام پر کھڑا کر دیا جہاں وہ عالمی شہرت یافتہ ایم سی میری کوم کو چیلنج پیش کرتی ہوئی نظر آئی۔ دراصل 2019 میں انڈین باکسنگ فیڈریشن نے 51 کلو کیٹگری کا ٹرائل رَد کر دیا اور میری کوم کو براہ راست انٹری دے دی۔ نکہت بھی 51 کلو کیٹگری میں قسمت آزمائی کرنا چاہتی تھی، لیکن مایوسی ہاتھ لگی۔ پھر جب ٹوکیو اولمپک 2020 میں بھی میری کوم کو فیڈریشن نے ڈائریکٹ انٹری دے دی تو نکہت نے ٹرائل کا مطالبہ کیا۔ جب نکہت کی آواز نہیں سنی گئی تو اس نے کھیل کے وزیر کرن رجیجو کو خط لکھ کر اپنی بات رکھی۔ پھر ٹرائل کرایا گیا اور نکہت کا سامنا اپنی رول ماڈل میری کوم سے ہوا۔ یہاں نکہت کو کامیابی نہیں ملی اور ٹوکیو جانے کا خواب چکناچور ہو گیا۔ پھر نکہت نے اپنے اوپر خوب محنت کی اور 2022 میں استرانجا باکسنگ ٹورنامنٹ کے ساتھ ساتھ وومن ورلڈ باکسنگ چمپئن شپ میں طلائی تمغہ جیتا، 2022 میں ہی دولت مشترکہ کھیلوں میں طلائی تمغہ جیتا، اور اب 2023 میں ایک بار پھر وومن ورلڈ باکسنگ چمپئن شپ میں طلائی تمغہ اپنے نام کیا۔ اب نکہت کی نظر باکسنگ کے لیے اس ماہ کے آخر میں ہونے والے ایشیائی کھیلوں پر ہے جو اولمپک کوالیفائر بھی ہے۔ نکہت کو پورا یقین ہے کہ وہ پیرس اولمپک کے لیے بہ آسانی کولیفائی کر جائیں گی۔

بہرحال، نکہت زریں فی الحال ورلڈ چمپئن بننے کا جشن منا رہی ہیں۔ ساتھ ہی ماہِ رمضان میں وہ ایک نیک کام کرنے کا بھی ارادہ رکھتی ہیں۔ انھوں نے میڈیا کو دیے گئے اپنے ایک بیان میں کہا ہے وہ اپنے والدین کو عمرہ کے لیے بھیجنا چاہتی ہیں۔ نکہت کا کہنا ہے کہ وہ جلد ہی اس تعلق سے اپنے والدین سے بات کریں گی اور اپنی اس خواہش کو پورا کرنے کے لیے راستہ ہموار کریں گی۔ دراصل نکہت کی کامیابی کے پیچھے اس کے والد محمد جمیل اور والدہ پروین سلطانہ کا بہت بڑا ہاتھ ہے۔ سماج کے طعنوں اور رشتہ داروں کی تلخ کلامیوں سے جب نکہت کا سامنا ہوتا تھا تو اس کے والدین ڈھال بن کر سامنے کھڑے نظر آتے تھے۔ محمد جمیل کو تو نکہت میں بچپن سے ہی ’باکسر‘ کا عکس دکھائی دیتا تھا، اور آج وہ فخر کے ساتھ یہ کہتے دکھائی دیتے ہیں کہ ان کی بیٹی 2028 اولمپک تک اپنی بہترین کارکردگی پیش کرے گی۔ سچ تو یہ ہے کہ نکہت جس طرح اپنی مخالفین کو فائنل مقابلوں میں بھی بہ آسانی دھول چٹا رہی ہے، پورا ہندوستان اس سے آنے والے کئی سالوں تک طلائی تمغوں کی امید لگا چکا ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔