اندرا گاندھی کی سالگرہ: ہندوستان کی ’آہنی خاتون‘ کی زندگی کے اہم پہلو
ہندوستان کی پہلی خاتون وزیر اعظم اندرا گاندھی اپنے مضبوط فیصلوں اور قیادت کے لیے مشہور ہیں۔ جوہری طاقت، چاند مشن اور سیاسی وراثت میں ان کا کردار بے مثال ہے

اندرا گاندھی کا شمار ہندوستان کی تاریخ کی عظیم ترین سیاسی شخصیات میں ہوتا ہے۔ ان کا 107واں یوم پیدائش 19 نومبر 2024 کو منایا جا رہا ہے۔ ان کی ولادت 19 نومبر 1917 کو ہندوستان کے پہلے وزیر اعظم جواہر لال نہرو، کے گھر ہوئی۔ اندرا گاندھی کو ہندوستان کی ’آہنی خاتون‘ کہا جاتا ہے، کیونکہ انھوں نے اپنی قیادت میں کئی ایسے فیصلے کیے جو ملک کی تاریخ میں ناقابل فراموش ہیں۔ ان کے دورِ حکومت میں ہندوستان نے چاند پر قدم رکھنے کی تیاری کی، جوہری طاقت حاصل کی اور 1971 کی جنگ میں پاکستان کو شکست دے کر بنگلہ دیش کو آزاد کروایا۔
سیاسی سفر کا آغاز
اندرا گاندھی نے آکسفورڈ یونیورسٹی میں اپنی تعلیم جاری رکھتے ہوئے عالمی مسائل کو قریب سے سمجھا لیکن 21 سال کی عمر میں سیاست میں حصہ لینے کے لیے تعلیم کو خیر باد کہا۔ انھوں نے انڈین نیشنل کانگریس میں شمولیت اختیار کی اور جواہر لال نہرو کے وژن کو آگے بڑھایا۔ 1966 میں وہ ہندوستان کی پہلی خاتون وزیر اعظم منتخب ہوئیں اور دو دہائیوں تک ملک کی سیاست پر اثر انداز رہیں۔
قیادت اور فیصلہ سازی
اندرا گاندھی نے ہندوستان کو خودمختار اور مضبوط بنانے کے لیے کئی اہم فیصلے کیے۔ 1974 میں ہندوستان نے جوہری دھماکہ کر کے دنیا کو اپنی طاقت کا مظاہرہ کیا۔ انھوں نے غریبی ہٹاؤ پروگرام شروع کیا، جو سماجی اور معاشی ترقی کے لیے ایک بڑا اقدام تھا۔ 1971 کی جنگ میں ان کی قیادت نے پاکستان کو گھٹنے ٹیکنے پر مجبور کیا اور بنگلہ دیش ایک آزاد ملک کے طور پر ابھرا۔
ذاتی زندگی اور دلچسپیاں
اندرا گاندھی کی شخصیت میں سیاسی بصیرت کے ساتھ ذاتی دلچسپیاں بھی نمایاں تھیں۔ وہ چرند و پرند سے محبت کرتی تھیں اور پرندوں کی فلاح کے لیے ایک ادارے کی سربراہی کرتی تھیں۔ ان کے گھر میں ہمیشہ پالتو جانوروں کی موجودگی دیکھنے کو ملتی تھی۔ انھیں خط لکھنے، شاعری کرنے اور گھڑ سواری جیسے مشاغل پسند تھے۔ ان کے جواہر لال نہرو کو لکھے گئے خطوط ان کی شخصیت کو سمجھنے کا اہم ذریعہ ہیں۔
آر ایس ایس کے خلاف مؤقف
اندرا گاندھی آر ایس ایس کی سخت مخالف تھیں۔ 1946 میں اپنے والد کو لکھے ایک خط میں انھوں نے آر ایس ایس کو ’ڈھونگی فاشزم‘ قرار دیا تھا۔ ان کا کہنا تھا کہ آر ایس ایس لاکھوں لوگوں کو گمراہ کر کے اپنی جڑیں مضبوط کر رہا ہے۔
مذہبی ہم آہنگی
اندرا گاندھی کا عقیدہ مذہبی رواداری پر مبنی تھا۔ ان کے گھر میں ایک ایسا کمرہ تھا جہاں ہر مذہب کی نمائندگی ہوتی تھی۔ وہاں رام کرشن پرم ہنس، عیسیٰ مسیح اور بدھ کی تصاویر موجود تھیں اور شنکھ، دیا اور پوجا کی تھالی جیسی چیزیں رکھی رہتی تھیں۔
اندرا گاندھی کی وراثت
اندرا گاندھی کی شخصیت اور کارنامے آج بھی لوگوں کے لیے مشعلِ راہ ہیں۔ ان کی قیادت نے نہ صرف ہندوستان کو عالمی سطح پر ایک مضبوط ملک کے طور پر پیش کیا بلکہ خواتین کو سیاست میں اپنی جگہ بنانے کی ترغیب دی۔
اندرا گاندھی کا نام ہندوستان کی تاریخ میں ہمیشہ ایک رہنما کے طور پر یاد رکھا جائے گا، جنھوں نے ہر میدان میں اپنی قابلیت کا لوہا منوایا۔ ان کا یوم پیدائش ہمیں ان کی زندگی سے سبق لینے اور ان کے اصولوں پر عمل کرنے کی تحریک دیتا ہے۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔