نوجوان باسکٹ بال کھلاڑی ہاردک راٹھی کی المناک موت، ہریانہ کے کھیل نظام کی غفلت بے نقاب

ہاردک راٹھی کی موت نے ہریانہ کے کھیل ڈھانچے کی سنگین خرابیوں کو بے نقاب کر دیا۔ 600 کروڑ کے دعووں، ناکام مرمت، کمزور سکیورٹی اور بدعنوانی نے ایک نوجوان کھلاڑی کی جان لی، فوری اصلاحات ناگزیر ہیں

<div class="paragraphs"><p>تصویر سوشل میڈیا</p></div>
i
user

شیلندر چوہان

ہریانہ کے روہتک ضلع میں قومی سطح کے ابھرتے ہوئے باسکٹ بال کھلاڑی ہاردک راٹھی کی موت محض ایک مقامی حادثہ نہیں ہے بلکہ ہندوستان کے کھیل ڈھانچے کی ان دردناک خامیوں کا کھلا ثبوت ہے جو کسی نوجوان کھلاڑی کی صلاحیت کو پروان چڑھنے سے پہلے ہی مرجھا دینے پر مجبور کر دیتی ہیں۔ یہ سانحہ بتاتا ہے کہ ہمارے ملک میں کھلاڑیوں کی جدوجہد صرف میدان میں مقابلہ کرنے تک محدود نہیں ہوتی، بلکہ اس فرسودہ انفراسٹرکچر، بوسیدہ انتظام اور انتظامی بے حسی سے بھی جڑی ہوتی ہے جو اصل میدان میں ان کی حفاظت کو یقینی بنانے میں ناکام رہتا ہے۔

ہاردک ایک باصلاحیت نوجوان تھے، جنہوں نے سب جونیئر اور یوتھ نیشنل سطح تک اپنی شناخت بنا لی تھی لیکن ایک ایسی چیز نے ان کی جان لے لی جسے محفوظ بنانے کے لیے معمولی سے انتظامات کافی تھے۔ پریکٹس کے دوران ایک زنگ آلود، ٹوٹا ہوا اور برسوں سے مرمت کا منتظر باسکٹ بال پول ان پر آ گرا۔ اس واقعے سے یہ سوال شدت سے ابھرتا ہے کہ جس ریاست کو کھلاڑیوں کی کامیابیوں کے لیے ملک بھر میں سراہا جاتا ہے، وہاں ایک بنیادی کھیل سہولت کی مرمت تک کا کام کیوں نہیں کیا گیا؟

کھوکھلا انفراسٹرکچر: حقیقت کا تلخ چہرہ

ہریانہ کو ملک کی ’کھیلوں کی راجدھانی‘ کہا جاتا ہے۔ یہاں سے اولمپک میڈل یافتہ کھلاڑی نکلے ہیں اور مختلف قومی مقابلوں میں نوجوان کھلاڑیوں نے ریاست کا نام روشن کیا ہے مگر زمینی سطح کی حقیقت اس سے بالکل مختلف ہے۔

ہاردک راٹھی کی موت کے بعد یہ بات سامنے آئی کہ جس پول کے گرنے سے ان کی جان گئی، اس کی مرمت کے لیے 2023 میں فنڈ منظور کیا گیا تھا لیکن عملی طور پر کوئی کام نہیں ہوا۔ مقامی کھلاڑیوں اور کوچ نے کئی بار اس کی خستہ حالت کے بارے میں شکایت بھی کی لیکن محکمے نے سنجیدگی سے کوئی قدم نہیں اٹھایا۔

یہ صورتحال صرف ایک مقام کی نہیں، بلکہ ریاست کے کئی کھیل مراکز میں انفراسٹرکچر کے بوسیدہ ہونے کا عمومی مسئلہ ہے۔ کہیں سنیتھٹک ٹریک اکھڑا ہوا ہے، کہیں جِم کے آلات زنگ کھا رہے ہیں، تو کہیں باسکٹ بال، والی بال یا ایتھلیٹکس کے میدان خستہ حالت میں پڑے ہیں۔


چھ سو کروڑ کے دعوے، بجٹ کی بے نظمی اور حقیقت

ریاست کے کھیل کے وزیر نے کچھ ہی عرصہ پہلے دعویٰ کیا تھا کہ کھیل مراکز کی مرمت اور دیکھ بھال پر 600 کروڑ روپے خرچ کیے گئے ہیں۔ اگر واقعی اتنی بڑی رقم خرچ ہوئی ہے تو پھر:

  • ایک پول تک کی بروقت مرمت کیوں نہ کی گئی؟

  • 2023 میں جاری ہونے والا فنڈ عملی کام میں کیوں تبدیل نہ ہوا؟

  • متعدد کھیل کمپلیکس تباہ حالی کا شکار کیوں ہیں؟

  • اور سب سے اہم، اس خرچ کا آزادانہ آڈٹ ابھی تک عوام کے سامنے کیوں نہیں آیا؟

ان سوالوں سے اس خدشے کو تقویت ملتی ہے کہ یا تو کاغذوں میں دیکھ بھال اور مرمت کے کام زیادہ دکھائے گئے یا پھر عمل درآمد میں سنگین بے ضابطگیاں ہوئیں۔ دونوں صورتیں بدعنوانی یا مکمل انتظامی بے حسی کی غماز ہیں۔

انتظامی ڈھانچے کی پرانی ناکامی

ہاردک کی موت کے بعد ضلع کھیل افسر کو معطل کر دیا گیا، جو فوری اور متوقع قدم تھا مگر اس سے مسئلہ حل نہیں ہو جاتا۔ برسوں سے کئی اضلاع میں کھلاڑی اور کوچ یہ شکایات کرتے آئے ہیں کہ:

  • کھیل سہولیات کی باقاعدہ جانچ نہیں ہوتی،

  • آلات کی مرمت یا تبدیلی میں غیر ضروری تاخیر ہوتی ہے،

  • دی گئی گرانٹس کا استعمال شفاف طریقے سے نہیں ہوتا،

  • ٹینڈر اور ٹھیکوں میں بے ضابطگی معمول بن چکی ہے۔

یہ نظامی سستی آخرکار ایسے سانحات کی وجہ بنتی ہے۔ ہاردک کی موت ایک حادثہ کم اور ایک ادارہ جاتی ناکامی زیادہ ہے۔


سکیورٹی پروٹوکول تقریباً غائب

دنیا بھر میں کھیل انفراسٹرکچر کی حفاظت کو سب سے زیادہ اہمیت دی جاتی ہے۔ معمول کے مطابق تین بنیادی چیزیں لازمی مانی جاتی ہیں:

  1. آلات کی تکنیکی جانچ

  2. خراب حصوں کی وقت پر مرمت یا تبدیلی

  3. میدان اور پریکٹس ایریا کا باقاعدہ سکیورٹی آڈٹ

لیکن ہندوستان کے بیشتر ضلع یا سب ڈویژن کھیل مراکز میں یہ نظام تقریباً نہ ہونے کے برابر ہے۔ نہ کوئی ریکارڈ ملتا ہے، نہ کسی ماہر کمیٹی کی رپورٹ۔

ہاردک کی موت اسی غفلت کا سنگین نتیجہ ہے۔ جب تک سکیورٹی ہر کھیل مرکز کا لازمی حصہ نہیں بنے گی، ایسی اموات کو روکنا مشکل رہے گا۔

کھلاڑی کی صلاحیت اور نظام کی غفلت

ہاردک راٹھی جیسے نوجوان ہمارے کھیل مستقبل کے معمار ہوتے ہیں۔ ان کی محنت، خواب اور مسلسل جدوجہد ایک ملک کو عالمی میدان میں آگے بڑھاتے ہیں مگر جب ریاستی ادارے ہی ان کی حفاظت نہ کر سکیں تو یہ صرف ایک کھلاڑی کی زندگی کا زیاں نہیں، بلکہ ایک پورے معاشرے کی ہار ہے۔

دیہی یا چھوٹے شہروں سے آنے والے کھلاڑی محدود وسائل کے ساتھ بڑے خواب دیکھتے ہیں مگر جب بنیادی ڈھانچہ ہی غیر محفوظ ہو تو یہ خواب وہیں ٹوٹ جاتے ہیں۔

ضروری اصلاحات: تجاویز

ہاردک کی موت محض سوگ کا مقام نہیں، بلکہ ایک بڑا انتباہ ہے۔ اس کے بعد ضرورت ہے کہ ریاست اور ملک دونوں میں فوری اصلاحات لائی جائیں:

  1. خود مختار ریاستی آڈٹ: گزشتہ پانچ برسوں کے کھیل انفراسٹرکچر اور مرمت اخراجات کا آزادانہ آڈٹ کیا جائے۔ رپورٹ شائع کی جائے تاکہ شفافیت بڑھے۔

  2. سال میں دو مرتبہ حفاظتی معائنہ لازمی، ہر ضلع میں چھ ماہ کے وقفے سے سیکیورٹی کمیٹی کا معائنہ ہو۔ خراب آلات فوراً مرمت یا تبدیل کیے جائیں۔

  3. کھیل سکیورٹی ایس او پی تیار کیا جائے۔ میدان، آلات، اور کوچنگ طریقہ کار کے واضح حفاظتی معیارات بنائے جائیں۔

  4. عوامی اور کمیونٹی نگرانی، مقامی کھلاڑیوں اور کمیونٹی کو دیکھ بھال کے نظام میں شامل کیا جائے۔ ایک آن لائن فیڈبیک پورٹل بھی قائم کیا جائے۔

  5. ای۔ٹینڈر اور تیسری پارٹی جائزہ، ہر قسم کی مرمت اور تعمیر ای ٹینڈر کے ذریعے ہو۔ تھرڈ پارٹی سے معیار کی تصدیق ضروری بنائی جائے۔


یہ حادثہ نہیں—ایک انتباہ ہے

ہاردک راٹھی کی موت نے یہ واضح کر دیا ہے کہ ہندوستان میں کھیل انفراسٹرکچر اور نظام دونوں میں سنگین کمزوریاں موجود ہیں۔ اگر 600 کروڑ روپے خرچ ہونے کے باوجود ایک سادہ پول کی مرمت نہ ہو سکے، تو یہ صرف ناکامی نہیں بلکہ ایک بنیادی ڈھانچے کی گہری خرابی ہے جس کی شفاف جانچ ہونا ناگزیر ہے۔

ہاردک اب ہمارے درمیان نہیں رہے مگر ان کی موت ہمیں یہ بتاتی ہے کہ کھلاڑی کی صلاحیت سے پہلے اس کی حفاظت کو اولین ترجیح دینا لازم ہے۔ اگر اب بھی ہم نے اس سانحے سے سبق نہ لیا تو نہ جانے کتنی مزید صلاحیتیں ایسی ہی غفلت کی بھینٹ چڑھتی رہیں گی۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔