آسٹریلیا کے خلاف ٹیسٹ سیریز سے قبل ہندوستانی ٹیم کا ناگپور کے ہوٹل میں استقبال، سراج-عمران نے ’تلک‘ لگانے سے کیا انکار

قابل ذکر بات یہ ہے کہ محمد سراج اور عمران ملک کے علاوہ ہندوستانی ٹیم کے بلے بازی کوچ وکرم راٹھور اور سپورٹ اسٹاف کے رکن ہری پرساد موہن نے بھی تلک نہیں لگوایا۔

<div class="paragraphs"><p>تصویر ویڈیو گریب</p></div>

تصویر ویڈیو گریب

user

قومی آوازبیورو

اب زیادہ دن نہیں بچے ہیں جب ہندوستان اور آسٹریلیا کے درمیان بارڈر-گواسکر ٹرافی کے تحت 4 ٹیسٹ میچوں کی سیریز کھیلی جائے گی۔ پہلا ٹیسٹ میچ 9 فروری سے ناگپور میں شروع ہونے والا ہے جس کے لیے ہندوستانی ٹیم ناگپور کے ہوٹل میں پہنچ چکی ہے۔ ہوٹل میں ہندوستانی ٹیم کا پرخلوص استقبال ہوا ہے اور سبھی کھلاڑیوں و ٹیم کے دیگر ارکان کو ’تلک‘ لگا کر انھیں نیک خواہشات پیش کی گئیں۔ حالانکہ ہندوستانی تیز گیندباز محمد سراج اور عمران ملک نے ’تلک‘ لگانے سے انکار کر دیا جس کی ویڈیو اب سوشل میڈیا پر وائرل ہو رہی ہے۔

ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ ہوٹل میں جب سبھی کھلاڑیوں کو ہوٹل انتظامیہ سے منسلک ایک خاتون تلک لگا کر استقبال کرتی ہے تو محمد سراج بغیر تلک لگائے آگے بڑھ جاتے ہیں۔ کچھ ایسا ہی عمران ملک بھی کرتے دکھائی پڑتے ہیں۔ اب ان دونوں کو سوشل میڈیا پر ٹرول کیا جا رہا ہے، حالانکہ کچھ لوگ ان کی حمایت بھی کر رہے ہیں اور کہہ رہے ہیں کہ تلک لگانے سے انکار کرنا کوئی غلط بات نہیں ہے۔


قابل ذکر بات یہ ہے کہ محمد سراج اور عمران ملک کے علاوہ ہندوستانی ٹیم کے بلے بازی کوچ وکرم راٹھور اور سپورٹ اسٹاف کے رکن ہری پرساد موہن نے بھی تلک نہیں لگوایا، لیکن ناقدین صرف محمد سراج اور عمران ملک کو ہی تنقید کا نشانہ بنا رہے ہیں۔ کچھ لوگوں نے سوشل میڈیا پر ویڈیو شیئر کرتے ہوئے تنازعہ کھڑا کرنے کی کوشش کی ہے اور ان کا کہنا ہے کہ محمد سراج اور عمران ملک اپنے مذہب کو لے کر بہت کٹر ہیں اس لیے انھوں نے تلک نہیں لگایا۔ حالانکہ کچھ لوگوں نے ناقدین کو سخت جواب بھی دیا ہے۔ ٹرول کرنے والوں کو جواب دیتے ہوئے کچھ لوگوں نے لکھا ہے کہ وکرم راٹھور اور ہری پرساد نے بھی تو تلک نہیں لگا رہے ہیں، لیکن ان پر کوئی بیان بازی کیوں نہیں ہو رہی۔ یہ صرف مذہبی منافرت پھیلانے کی کوشش ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔