قطر میں اب یو پی آئی سے ادائیگی ممکن، پیمنٹ کارپوریشن کی قطری بینک سے شراکت داری
این پی سی آئی نے قطر نیشنل بینک کے ساتھ شراکت قائم کی ہے، جس کے بعد ہندوستانی مسافر قطر میں پی او ایس پر یو پی آئی کے ذریعے آسان ادائیگی کر سکتے ہیں

ہندوستان کے ڈیجیٹل پیمنٹ نظام کو مضبوط کرنے کے لیے نیشنل پیمنٹ کارپوریشن آف انڈیا (این پی سی آئی) نے بدھ 24 ستمبر کو قطر نیشنل بینک (کیو این بی) کے ساتھ شراکت داری کا اعلان کیا۔ اس شراکت کے ذریعے کیو این بی سے منسلک تاجروں کے لیے قطر میں تمام پوائنٹ آف سیل (پی او ایس) ٹرمینلز پر کیو آر کوڈ کے ذریعے یو پی آئی قبول کرنا ممکن ہو گیا ہے۔ این پی سی آئی کے مطابق، ہندوستانی مسافر اب قطر کے بڑے سیاحتی مقامات اور ڈیوٹی فری آؤٹ لیٹس پر یو پی آئی کے ذریعے آسان ادائیگی کر سکیں گے۔
واضح ہو کہ قطر آنے والے بین الاقوامی سیاحوں میں ہندوستانی شہری دوسرے نمبر پر ہیں۔ یہ شراکت داری انہیں پورے ملک میں ریئل-ٹائم ٹرانزیکشن کرنے میں معاون ثابت ہوگی۔ اس کے علاوہ اس سے قطر کے ریٹیل اور سیاحتی شعبوں کو بھی فائدہ ہوگا۔ اس حوالے سے این پی سی آئی انٹرنیشنل کے ایم ڈی اور سی ای او رتیش شکلا نے کہا ہے کہ ’’ہمارا مقصد یو پی آئی کو پوری دنیا میں مقبول بنانا اور ایک ایسا گلوبل پیمنٹ نیٹ ورک تیار کرنا ہے جو تمام کے ساتھ کام کر سکے۔ کیو این بی کے ساتھ یہ شراکت اس سمت میں ایک اہم قدم ہے۔‘‘ رتیش شکلا نے مزید کہا کہ ’’اس سے لاکھوں ہندوستانی مسافروں کو محفوظ اور آسان ڈیجیٹل لین دین کرنے میں مدد ملے گی، ساتھ ہی نقد پر انحصار کم ہوگا۔ جیسے جیسے یو پی آئی مشہور ہو رہا ہے، ہم انٹرآپریبلٹی کو فروغ دینے اور صارفین کو سرحد پار پیمنٹ کے تجربے کو آسان بنانے پر توجہ مرکوز کر رہے ہیں۔‘‘
دوسری جانب کیو این بی کے گروپ چیف بزنس آفیسر یوسف محمد النعمہ نے کہا کہ ’’ہمیں قطر میں یو پی آئی کی شروعات کرنے پر بے حد خوشی ہے اور ساتھ ہی پیمنٹ سسٹم میں انوویشن کے شعبے میں سب سے آگے ہونے پر بھی ہمیں فخر ہے۔ یہ میل کا پتھر نہ صرف ہندوستانی مسافروں کو سہولت فراہم کرے گا بلکہ کیش لیس لین دین کو فروغ دے کر ریٹیل اور سیاحت کے شعبہ کو مضبوط کر پیمنٹ ایکو سسٹم میں انٹرآپریبلٹی میں اضافہ کر کے قطری مارکیٹ کو بھی کافی فائدہ ہوگا۔‘‘
قطر ایئرویز گروپ کے چیف ریٹیل اینڈ ہاسپیٹلیٹی آفیسر مصلح نے کہا کہ ’’قطر ڈیوٹی فری میں، ہم مسافروں کی سہولت اور رسائی کو بہتر بنانے کے لیے پرعزم ہیں۔ قطر میں یو پی آئی کو پیمنٹ کے آپشن کے طور پر شروع کرنے والی پہلی کمپنی کے طور پر ہمیں اپنے آؤٹ لیٹس پر ہندوستانی مسافروں کو آسان، محفوظ اور کیش لیس لین دین کا تجربہ پیش کرنے پر فخر ہے۔‘‘ ساتھ ہی انہوں نے کہا کہ ’’این پی سی آئی انٹرنیشنل اور قطر نیشنل بینک کے ساتھ یہ شراکت داری مختلف قسم کے صارفین کی بدلتی ہوئی ضروریات کو پورا کرنے والے ادائیگی کے نئے طریقہ کو اپنانے کے لیے ہماری محنت کو ظاہر کرتی ہے۔ یو پی آئی کو شامل کرکے ہمارا مقصد حماد بین الاقوامی ہوائی اڈے پر ریٹیل تجربے کو بہتر بنانا ہے، تاکہ لاکھوں مسافروں کے سفر میں مزید آسانیاں پیدا ہو سکیں۔‘‘
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔