کیا ہندوستان میں تیل کی قیمتوں میں پھر ہوگا اضافہ؟ سعودی عرب نے بڑھائیں قیمتیں

سعودی عرب نے جولائی کے مہینے میں خام تیل کی قیمتوں میں اضافہ کرنے کا اعلان کر دیا ہے، یہ اضافہ ایشیائی خریداروں کے لیے کیا گیا ہے

پٹرول پمپ کی فائل تصویر
پٹرول پمپ کی فائل تصویر
user

قومی آوازبیورو

نئی دہلی: تیل برآمد کرنے والے دنیا کے سب سے بڑے ملک سعودی عرب نے ایشیائی خریداروں کے لیے خام تیل کی قیمتوں میں توقع سے زیادہ اضافہ کر دیا ہے۔جولائی کے مہینے کے لیے خام تیل کی قیمتوں میں یہ اضافہ گرمیوں میں تیل کی زیادہ مانگ کو مدنظر رکھتے ہوئے کیا گیا ہے۔ سعودی عرب کے اس فیصلے کو ہندوستان کے لیے بھی ایک جھٹکا سمجھا جا رہا ہے۔ واضح رہے ہندوستان سعودی عرب سے بڑی مقدار میں تیل درآمد کرتا ہے۔ اس اضافہ کے بعد یہ توقع کی جا رہی ہے کہ ہندوستان میں ایک مرتبہ پھر تیل کی قیمتوں میں اضافہ دیکھا جا سکتا ہے۔

جولائی میں ایشیائی ممالک کے لیے عرب لائٹ کروڈ آئل کی آفیشل سیلنگ پرائس (او ایس پی) میں جون کے مقابلے میں 2.1 ڈالر فی بیرل اضافہ کیا گیا ہے۔ خام تیل میں اضافہ مارکیٹ کے تجزیہ کاروں کے اندازوں سے زیادہ ہے۔ زیادہ تر تجزیہ کاروں نے خام تیل کی قیمت میں تقریباً 1.5 ڈالر تک اضافے کی پین گوئی کی تھی۔


دنیا کی سب سے بڑی تیل کمپنی سعودی آرامکو نے یہ اضافہ کیا ہے۔ یہ فیصلہ اوپیک پلس ممالک کے درمیان جولائی میں تیل کی پیداوار میں 648,000 بیرل یومیہ اضافے کے معاہدے کے باوجود سامنے آیا ہے۔تاہم اوپیک پلس کے رکن ممالک جیسے روس، انگولا اور نائیجیریا کو تیل کی پیداوار کے ہدف کو پورا کرنا مشکل ہو رہا ہے۔واضح رہےاوپیک + ممالک کو جولائی اور اگست میں تیل کی پیداوار کے اہداف تک پہنچنے میں مشکلات کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔

اوپیک پلس ممالک کے گروپ کا اجلاس گزشتہ ہفتے ہوا تھا اور اس اجلاس کے بعد کہا گیا تھا کہ اوپیک ممالک روس کے تیل کی تلافی کے لیے تیل کی پیداوار میں اضافہ کریں گے۔درحقیقت یوکرین پر روس کے حملے کی وجہ سے مغربی ممالک نے روس پر پابندی لگا دی تھی۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔