اعلیٰ افسروں کی ’پارٹی‘ کے لئے چندہ دیں ملازمین، کشمیر کے اہم بینک کا ’حکم نامہ‘!

پرموٹ ہوئے عہدیداروں سے کہا گیا ہے کہ وہ بینک کی ایک شاخ میں پیسہ جمع کریں تاکہ مجوزہ پارٹی کے لئے انتظامات کو حمتی شکل دی جاسکے۔

علامتی تصویر
علامتی تصویر
user

یو این آئی

جموں: جموں کشمیر کے ایک معروف بینک نے زبانی طور اپنے ملازموں خاص کر جن کا پرموشن ہوا ہے، سے اعلیٰ آفیسروں کے اعزاز میں پارٹی دینے کے لئے ایک اکاوئنٹ میں موٹی رقم جمع کرنے کی ہدایات دی ہیں۔

بینک ذرائع نے یو این آئی کو بتایا کہ بینک عہدیداروں خاص کر جن کا حال ہی میں پرموشن ہوا ہے، کو زبانی طور کہا گیا ہے کہ وہ بینک کی ایک شاخ میں کھولے گئے اکاؤنٹ میں رقم جمع کریں کیونکہ بینک کے اعلیٰ عہدیداروں کے اعزاز میں ایک پارٹی کا اہتمام کرنا ہے۔


انہوں نے بتایا کہ پرموٹ ہوئے عہدیداروں سے کہا گیا ہے کہ وہ بینک کی ایک شاخ میں پیسہ جمع کریں تاکہ مجوزہ پارٹی کے لئے انتظامات کو حمتی شکل دی جاسکے۔ ذرائع نے بتایا کہ پارٹی کے لئے مقام کا تعین طے پایا ہے جو سٹی کے مضافات میں واقع ہے اور پارٹی کا انعقاد ماہ مئی کے پہلے ہفتے میں متوقع ہے۔

انہوں نے بتایا کہ ملازمین کے گریڈ کے مطابق چندہ کی رقم مقرر کی گئی ہے، جن ملازمین کی ایک سے دو لیول کا پرموشن ہوا ہے انہیں پانچ ہزار روپیہ دینے ہیں جن کی سطح دو سے تین ہے انہیں سات ہزار اور جو سطح تین سے پرموٹ ہوئے ہیں انہیں دس ہزار روپیہ اکاؤنٹ میں جمع کرنے ہیں۔


ذرائع نے بتایا کہ تاہم اس سلسلے میں کوئی تحریری حکم نامہ جاری نہیں ہوا ہے بلکہ بینک ملازمین کو یہ ہدایات زبانی طور پر دی گئی ہیں۔ ایک اعلیٰ بینک عہدیدار نے اپنا نام مخفی رکھنے کی شرط پر یو این آئی کو بتایا ’’یہ زبانی حکم نامہ حیران کن ہے، پرموشن ہمارا حق ہے تو پھر ہمیں یہ موٹی رقم کیوں دینی ہے۔‘‘

انہوں نے الزام عائد کیا کہ اعلیٰ عہدیداروں کے لئے ایسی بڑی پارٹی کا اہتمام کرنا بھی ایک قسم کی رشوت ہی ہے۔ ملازمین نے ریاستی گورنر ستیہ پال ملک سے اپیل کی ہے کہ وہ ایسی حرکتوں پر روک لگائیں کیونکہ یہ نہ صرف رشوت کے فروغ کا ایک ذریعہ ہے بلکہ ریاستی خزانہ عامرہ پر بھی ایک غیر ضروری بوجھ ہے۔


انہوں نے کہا کہ بینک کو ایسی پارٹیوں کے اہتمام کے لئے ایک مخصوص فنڈ رکھنا چاہیے۔ تاہم بینک کے رابطہ عامہ کے افسران اس معاملے پر بات کرنے کے لئے دستیاب نہیں تھے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔


Published: 27 Apr 2019, 5:10 PM