ہندوستان پر 25 فیصد امریکی ٹیرف کا اطلاق ایک ہفتے کے لیے مؤخر، 7 اگست سے نافذ ہوگا

ٹرمپ حکومت نے ہندوستان پر 25 فیصد ٹیرف فوری نافذ کرنے کا فیصلہ مؤخر کر دیا ہے۔ نیا حکم نامہ اب 7 اگست 2025 سے نافذ ہوگا، اشیاء کی ترسیل پر وقتی استثنیٰ بھی دیا گیا ہے

ڈونلڈ ٹرمپ
ڈونلڈ ٹرمپ
user

قومی آواز بیورو

واشنگٹن: امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ کی حکومت نے ہندوستان پر 25 فیصد درآمدی ڈیوٹی عائد کرنے کے فیصلے کو ایک ہفتے کے لیے مؤخر کر دیا ہے۔ یہ فیصلہ صدر ٹرمپ کے گزشتہ ہفتے جاری کردہ ایگزیکٹیو آرڈر کے تناظر میں سامنے آیا ہے، جس کے تحت امریکہ نے بڑے تجارتی خسارے اور قومی سلامتی کو جواز بنا کر کئی ممالک پر بھاری ٹیرف عائد کرنے کا اعلان کیا تھا۔

پہلے اعلان کے مطابق یہ ڈیوٹی آج، یعنی یکم اگست 2025 سے نافذ ہونی تھی لیکن اب امریکی حکام کی جانب سے تازہ رہنما ہدایات جاری کرتے ہوئے اسے سات دن کے لیے مؤخر کر دیا گیا ہے۔ نئی ہدایات کے مطابق ہندوستانی مصنوعات پر 25 فیصد ٹیرف 7 اگست 2025 سے مؤثر ہوگا۔

یہ فیصلہ ایک ایسے وقت پر سامنے آیا ہے جب امریکہ اور ہندوستان کے درمیان تجارتی تعلقات میں غیر یقینی کیفیت بڑھتی جا رہی ہے۔ ہندوستان، جو امریکہ کا ایک اہم تجارتی شراکت دار ہے، اب یکم اگست سے مؤثر ہونے والے بھاری ٹیرف سے عارضی طور پر بچ گیا ہے، تاہم سات دن بعد اس پر یہ ڈیوٹی نافذ ہو جائے گی، جس سے ہندوستانی برآمد کنندگان اور خریداروں پر براہ راست اثر پڑنے کا امکان ہے۔


یاد رہے کہ صدر ٹرمپ نے ایک نئے ایگزیکٹیو آرڈر کے ذریعے ہندوستان، عراق، میانمار، شام، سوئٹزرلینڈ، اور دیگر ممالک پر نئے تجارتی نرخوں کا اعلان کیا تھا۔ اس حکم نامے کے تحت ہندوستان پر 25 فیصد، عراق پر 35 فیصد، اور شام و میانمار پر 40 فیصد سے زائد ڈیوٹی عائد کی گئی ہے۔

ایگزیکٹیو آرڈر 14257 کے تحت نافذ یہ نیا ٹیرف سسٹم دراصل اس قومی ہنگامی حالت کا تسلسل ہے جس کا اعلان صدر ٹرمپ نے اپریل 2025 میں امریکی تجارتی خسارے کو قومی سلامتی کے لیے خطرہ قرار دیتے ہوئے کیا تھا۔

امریکی حکومت نے واضح کیا ہے کہ وہ اشیاء جو سات دن کی تاخیر کے دوران امریکہ کے لیے روانہ ہوں گی اور 5 اکتوبر 2025 سے پہلے امریکی سرزمین پر پہنچ جائیں گی، انہیں اس نئے ٹیرف سے استثنیٰ حاصل ہوگا۔ ماہرین کے مطابق ٹیرف میں اس تاخیر کا مقصد امریکی درآمد کنندگان اور تجارتی اداروں کو عبوری تیاری کا موقع فراہم کرنا ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔